سچن تنڈولکر بدھ کو بی کے سی گراؤنڈ پر ممبئی کے ڈریسنگ روم پہنچے اور کھلاڑیوں کو جیت کے گُر سکھائے۔
EPAPER
Updated: February 05, 2026, 12:00 PM IST | Mumbai
سچن تنڈولکر بدھ کو بی کے سی گراؤنڈ پر ممبئی کے ڈریسنگ روم پہنچے اور کھلاڑیوں کو جیت کے گُر سکھائے۔
رنجی ٹرافی کے کوارٹر فائنل سے قبل ممبئی کی ٹیم کو وہ ’ٹانک‘ مل گیا جس کی اسے سب سے زیادہ ضرورت تھی۔ کرکٹ لیجنڈ سچن تنڈولکر نے بدھ کو بی کے سی گراؤنڈ پر ممبئی کے ڈریسنگ روم کا رخ کیا اور کھلاڑیوں کو کرناٹک کے خلاف ہونے والے اہم مقابلے کے لیے جیت کے گر سکھائے۔ ممبئی کی ٹیم، جو ریکارڈ۴۲؍ مرتبہ رنجی ٹرافی جیت چکی ہے، اس وقت شاندار فارم میں ہے۔ گروپ ڈی میں ۷؍ میچوں کے دوران۴؍ فتوحات اور۳؍ڈرا کے ساتھ۳۳؍ پوائنٹس حاصل کر کے ٹیم کوارٹر فائنل میں پہنچی ہے۔ سچن نے کھلاڑیوں سے تفصیلی گفتگو کی اور انہیں سمجھایا کہ بڑے میچ کے دباؤ میں میدان پر خود کو کیسے سنبھالنا ہے اور ممبئی کی روایتی جارحیت کو کیسے برقرار رکھنا ہے۔ ۶؍ فروری سے کرناٹک کے خلاف شروع ہونے والے اس ناک آؤٹ مقابلے کیلئے ممبئی کے۱۶؍ رکنی اسکواڈ میں دو بڑے ناموں کی واپسی ہوئی ہے۔ انجری کے باعث باہر رہنے والے شاردول ٹھاکر نہ صرف ٹیم میں واپس آئے ہیں بلکہ کپتانی کی ذمہ داری بھی سنبھالیں گے۔ جبکہ نوجوان اسٹار بلے باز یشسوی جیسوال کی واپسی نے بیٹنگ لائن اپ کو مزید مستحکم کر دیا ہے جو گزشتہ کچھ میچوں میں دستیاب نہیں تھے۔