ریاستی الیکشن کمیشن نے ۷؍فروری کوہونےوالے ۱۲؍ضلع پریشداور ۱۲۵؍ پنچایت سمیتی کے انتخابات کی ڈیوٹی سے سینٹرل ٹیچر اہلیت ٹیسٹ (سی ٹی ای ٹی) میں شرکت کرنے والے اساتذہ کو انتخابی کاموں سے مستثنیٰ کردیا ہے۔
EPAPER
Updated: February 05, 2026, 1:14 PM IST | Saadat Khan | Mumbai
ریاستی الیکشن کمیشن نے ۷؍فروری کوہونےوالے ۱۲؍ضلع پریشداور ۱۲۵؍ پنچایت سمیتی کے انتخابات کی ڈیوٹی سے سینٹرل ٹیچر اہلیت ٹیسٹ (سی ٹی ای ٹی) میں شرکت کرنے والے اساتذہ کو انتخابی کاموں سے مستثنیٰ کردیا ہے۔
ریاستی الیکشن کمیشن نے ۷؍فروری کوہونےوالے ۱۲؍ضلع پریشداور ۱۲۵؍ پنچایت سمیتی کے انتخابات کی ڈیوٹی سے سینٹرل ٹیچر اہلیت ٹیسٹ (سی ٹی ای ٹی) میں شرکت کرنے والے اساتذہ کو انتخابی کاموں سے مستثنیٰ کردیا ہے۔اس سے سی ٹی ای ٹی امتحان میں شرکت کرنے والے ہزاروں اساتذہ کو راحت ملی ہے۔ضلع پریشد اور پنچایت سمیتی کے انتخابات اور سی ٹی ای ٹی امتحان ایک ہی دن ہونے کی وجہ سے الیکشن ڈیوٹی پر مامور اساتذہ میں بےچینی پائی جارہی تھی۔
اس سلسلے میں اساتذہ کی انجمنوں نے الیکشن کمیشن سے امتحان میں شرکت کرنے والے اساتذہ کوالیکشن کےکاموں سے مستثنیٰ رکھنے کی درخواست کی تھی۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے اعلان کردہ شیڈول کے مطابق ان الیکشن کیلئے ۵؍فروری کو ووٹنگ ہونی تھی لیکن ریاستی نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کی ناگہانی موت کی وجہ سے ۳؍ روزہ ریاستی سوگ کا اعلان ہونےسے الیکشن کمیشن نے ۵؍فروری کو ہونے والے انتخابات کو۷؍ فروری کو منعقدکرنےکاازسرنو اعلان کیاہے۔اسی دوران سی ٹی ای ٹی کاامتحان ۷؍اور ۸؍فروری کو ہونے سےانتخابی ڈیوٹی پر مامور اساتذہ پریشان تھے۔
یہ بھی پڑھئے: آئندہ تعلیمی سال سے قبل بی ایم سی کو ۶؍اسکولی عمارتیں ملنےکی اُمید
واضح رہےکہ تمام سرکاری محکموں کے افسران اور ملازمین کو ضلع پریشد انتخابات کی ڈیوٹی دی گئی ہے جن میں اساتذہ بھی شامل تھےلیکن تعلیمی تنظیموں کی اپیل پر الیکشن کمیشن نے اساتذہ کو الیکشن ڈیوٹی سےمستثنیٰ کردیاہے۔اس کیلئے انتخابات کیلئے مقرر کردہ اور سی ٹی ای ٹی امتحان کیلئے رجسٹرڈ اساتذہ کو لازمی طورپر گروپ ایجوکیشن آفیسر کو اپنی درخواستیں جمع کرانی ہوں گی۔ جو اساتذہ اپنی درخواستیں گروپ ایجوکیشن آفیسر کو جمع نہیں کرائیں گے،ان پر غور نہیں کیا جائے گا۔
الیکشن کمیشن نے سی ٹی ای ٹی امتحان دینے والے اساتذہ کی جگہ دیگر ملازمین کی تعیناتی کا عمل شروع کر دیا ہے۔اس کی وجہ سے ریاست کے ہزاروں اساتذہ جو سی ٹی ای ٹی دینےوالے ہیں بغیر کسی دباؤ کے امتحان دے سکیں گے۔
اکھل بھارتیہ اُردو شکشک سنگھ کے جنرل سیکریٹری ساجد نثارنے اس نمائندہ کوبتایاکہ ’’انتخابات اور امتحان کے متصادم ہونے سے اساتذہ مخمصے میں تھےکہ وہ الیکشن ڈیوٹی کرنےکےساتھ امتحان کیسے دیں سکیں گے؟ اسی وجہ سے ہم نے ریاستی الیکشن کمیشن سے درخواست کی تھی کہ یا تو الیکشن کی تاریخ بڑھائی جائے یا جن اساتذہ کو ڈیوٹی دی گئی ہے انہیں استثنیٰ کیاجائے۔الیکشن کمیشن نے انتخابی کاموں پر مقررکئے گئے اساتذہ کو ڈیوٹی سے مستثنیٰ کرکے، ان کیلئے آسانی کردی ہے جس کیلئے ہم الیکشن کمیشن کےمشکور ہیں۔‘‘