• Sun, 16 November, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

رویندرجڈیجہ نے ہندوستان کو فتح کے قریب پہنچا دیا

Updated: November 16, 2025, 1:17 PM IST | Vishal Sarishtha | Kolkata

جنوبی افریقہ کی دوسری اننگز میں ناقص بلے بازی،جڈیجہ نے ۴؍وکٹیں حاصل کیں، مہمان ٹیم اپنے گیندبازوں کی شاندار کارکردگی سے فائدہ نہیں اٹھا سکا۔

Team India players congratulate Ravindra Jadeja for his brilliant bowling performance against South Africa. Photo: PTI
ٹیم انڈیا کے کھلاڑی جنوبی افریقہ کے خلاف شاندار گیندبازیکا مظاہرہ کرنے والے رویندر جڈیجہ کو مبارکباد دیتے ہوئے۔ تصویر:پی ٹی آئی
ایک مصیبت سے باہر نکلے نہیں کہ اس سے بھی بڑی مصیبت  آن پڑی۔ سنیچر کو کولکاتا ٹیسٹ کے دوسرے دن جنوبی افریقہ کا یہی حال رہا۔ ۱۵۹؍رنوں پر آل آؤٹ ہونے کے بعد جنوبی افریقہ کے اسپن گیندباز سائمن ہارمر (۳۰؍رن پر ۴؍وکٹ) اور تیز گیند باز مارکو یانسین (۳۵؍رن پر ۳؍وکٹ) نے ہندوستان کو بھی ۱۸۹؍رنوں پر آؤٹ کر کے اپنی ٹیم کو میچ میں واپس لاکر کھڑا کردیا تھا، لیکن اس کے بعد رویندر جڈیجہ (۲۹؍رن پر۴؍وکٹ) اور کلدیپ یادو (۱۲؍رن پر۲؍ وکٹ) نے شاندار گیند بازی کرتے ہوئے افریقی ٹیم کو پہلے سے بھی بڑی مشکل میں ڈالتے ہوئے ہار کی دہلیز پر پہنچادیا ہے۔ اکشر پٹیل نے بھی ایک وکٹ حاصل کیا۔ اس سے یہ بھی اشارہ ملا ہے کہ ایڈن کی پچ اب اسپنروں کیلئے سازگار ہو گئی ہے۔ 
دوسرے دن کا کھیل ختم ہونے تک جنوبی افریقہ کی دوسری اننگز میں ۹۳؍رنوں پر ۷؍ وکٹیں گر چکی ہیں اور وہ صرف ۶۳؍ رنوں کی برتری حاصل کر پایا ہے۔ کپتان ٹیمبا باوما (ناٹ آؤٹ ۲۹) کسی طرح محاذ سنبھالے ہوئے ہیں۔ جنوبی افریقہ پر ۱۹۹۱ءمیں بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی کرنے کے بعد ٹیسٹ کی ایک اننگز میں کمتر اسکور پر سمٹنے کا خطرہ بھی منڈلا رہا ہے، جو کہ ۱۳۰؍ ہے۔ اتفاق سے  ٹیم انڈیا نے ہی جنوبی افریقہ کو ۲۰۱۸ء میں کیپ ٹاؤن میں اس اسکور پر آؤٹ کیا تھا۔ موجودہ ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں افریقی ٹیم کا بنایا گیا ۱۵۹؍ رن اس کا دوسرا کم ترین اسکور ہے۔
 جڈیجہ کا جواب نہیں
ہندوستان میں کپل دیو کے بعد سب سے  شاندار آل راؤنڈر بلاشبہ رویندر جڈیجہ ہیں۔ جڈیجہ ٹیسٹ، ون ڈے، ٹی ۔۲۰؍ سے لے کر آئی پی ایل تک میں مسلسل ہر فن مولا کارکردگی دکھاتے آئے ہیں۔ سنیچر کی صبح ہی ان کے چنئی سپر کنگز سے راجستھان رائلز میں تبادلہ کئے جانے کی تصدیق ہوئی اور اس کے کچھ دیر بعد ہی جڈیجہ نے ۴؍ وکٹیں لے کر اپنی افادیت پھر سے ثابت کر دی۔ 
۴؍ہزار رن اور۳۰۰؍وکٹ  
جڈیجہ کولکاتا ٹیسٹ کے دوسرے دن ٹیسٹ میں۴؍ہزار رن بنانے اور ۳۰۰؍ وکٹیں لینے والے دنیا کے چوتھے کھلاڑی بن گئے۔ کپل دیو کے بعد وہ ہندوستان کے ایسے دوسرے کھلاڑی ہیں۔ اپنا ۸۸؍ واں ٹیسٹ کھیل رہے جڈیجہ (۲۷) کے سنیچر کو ایڈن گارڈنس میں۱۰؍رن بناتے ہی ٹیسٹ میں۴؍ہزار رن مکمل ہو گئے۔ جڈیجہ کے اب ۳۴۲؍ وکٹیں ہیں۔ جڈیجہ سے پہلے کپل دیو، ایان بوتھم اور ڈینیل ویٹوری یہ کارنامہ اپنے نام درج کر چکے ہیں۔
 کپتان گل ریٹائرڈ ہرٹ 
ٹیم انڈیا  کےکپتان شبھ من گل (۴) بلے بازی کے دوران گردن میں اچانک ہوئی اکڑن کی وجہ سے ریٹائرڈ ہرٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے اور دوبارہ بیٹنگ کرنے نہیں اترے۔ گل نے ہارمر کی گیند پر بہترین سویپ لگا کر بیک ورڈ اسکوائر کے اوپر سے چوکا جڑا لیکن شاٹ کے فوراً بعد ان کی گردن میں اکڑن آ گئی۔ فزیو فوراً میدان پر پہنچے اور گل کا معائنہ کیا۔ ان کے مشورے پر خطرہ نہ مول لیتے ہوئے گل پویلین لوٹ گئے۔ اگر گل گردن کی اکڑن کی وجہ سے واپس نہ لوٹے ہوتے اور ۵۰؍ رن مزید بنا لیتے تو عالمی ٹیسٹ چمپئن شپ کے ۲۷۔۲۰۲۵ءسیزن میں ایک ہزار رن پورے کرنے والے پہلےہندوستانی بن جاتے۔ گل کی ۸؍ ٹیسٹ کی ۱۴؍ اننگز میں اس وقت ۹۵۰؍ رن ہیں،  جن میں ۵؍ سنچریاں اور۶؍ نصف سنچریاں شامل ہیں۔
ایڈن میں ایک دن میں وکٹیں گرنے کا ریکارڈ
ایڈن گارڈنس میں دوسرے دن بھی وکٹوں کی جھڑی لگی رہی۔ سنیچر کو کُل ۱۶؍ وکٹیں (گل کے ریٹائرڈ ہرٹ سمیت) گریں، جو اس گراؤنڈ میں ایک دن میں سب سے زیادہ ہے۔ ان میں ۹؍ ٹیم انڈیا کے اور۷؍ جنوبی افریقہ کی ہیں۔ اس سے پہلے ۲۰۱۹ء میں ایڈن میں بنگلہ دیش کے خلاف ملک کے پہلے ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ کے پہلے دن ۱۳؍وکٹیں گری تھیں۔ موجودہ ٹیسٹ کے پہلے ۲؍ دن کُل۲۷؍ وکٹیں گر چکی ہیں۔ ٹیسٹ کرکٹ میں ایک دن میں سب سے زیادہ وکٹیں گرنے کا ریکارڈ ۱۹۰۲ءمیں آسٹریلیا۔انگلینڈ کے درمیان میلبورن میں کھیلے گئے ٹیسٹ میں بنا تھا، جہاں پہلے دن ۲۵؍ وکٹیں گری تھیں۔ ۱۲۳؍سال پرانا یہ ریکارڈ آج بھی قائم ہے۔ وہیں ۲۰۲۱ء میں ہند۔بنگلہ دیش کے درمیان چنئی میں ہوئے ٹیسٹ کے دوسرے دن ۱۷؍ وکٹیں گری تھیں، جن میں سے ۱۴؍وکٹیں تیز گیند بازوں نے حاصل کی تھیں۔ 
۲۷؍وکٹیں گریں، مگر نصف سنچری ایک بھی نہیں
کولکاتا ٹیسٹ اس معاملے میں بھی بے حد انوکھا ہے کہ اب تک ۲۷؍ وکٹیں گر چکی ہیں لیکن کوئی بلے باز سنچری تو دور نصف سنچری تک نہیں بنا پایا ہے۔ اب تک سب سے بڑا انفرادی اسکور ۳۹؍ رن ہے جو کے ایل راہل نے بنایا ہے۔
 رشبھ پنت سکسر کنگ بن گئے
  نئی دہلی: ٹیم انڈیا  کے اسٹار وکٹ کیپر بلے باز رشبھ پنت نے ریکارڈ کے ساتھ ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی کی۔ پنت نے جنوبی افریقہ کے خلاف کیشو مہاراج کی گیند پر چھکا لگا کر ایک نیا سنگ میل عبور کیا۔ رشبھ پنت ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ چھکے لگانے والے ہندوستانی بلے باز بن گئے ہیں۔ رشبھ پنت نے کیشو مہاراج کے کرائے گئے اننگز کے ۳۸؍ ویں اوور کی چوتھی گیند پر مڈ آف کے اوپر سے چھکا لگا کر تاریخ رقم کی۔ اس بائیں ہاتھ کے بلے باز نے وریندر سہواگ کا ۱۲؍ سال پرانا ریکارڈ توڑدیا۔ٹیسٹ کرکٹ  میں ہندوستان کیلئے سب سے زیادہ چھکے لگانے والے ٹاپ۔ ۵؍ بلے باز  اس طرح ہیں(۱)رشبھ پنت،۹۲ (۲)ویریندر سہواگ۹۰(۳) روہت شرما، ۸۸   (۴)رویندر جڈیجہ،۸۰(۵) دھونی ۷۸؍۔
ان۵؍بلے بازوں میں سے رشبھ پنت اور رویندر جڈیجہ اب بھی کھیل رہے ہیں اور مزید سکسر مار سکتے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK