• Fri, 13 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

ریئل میڈرڈ کلب کی اٹلانٹا پر فتح، چمپئن لیگ کے کوارٹر فائنل میں داخل

Updated: March 18, 2021, 12:16 PM IST | Agency | Madrid

لیگ کے راؤنڈ۱۶؍ کے دوسرے مرحلے میں ریئل نے ایک۔۳؍ سے کامیابی حاصل کرلی۔ کریم بینزیما کا بھی اہم گول

Karim Benzema. Picture:INN
کریم بینزیما ۔تصویر :آئی این این

  ریئل میڈرڈ کو اٹلانٹا کےگول کیپر تبدیل کرنے کا فائدہ ہوا اور اس نے چمپئن لیگ کے راؤنڈ ۱۶؍ کے دوسرے مرحلے کے میچ میں اٹلی کے کلب کو ایک۔۳؍ سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں داخلہ حاصل کرلیا۔دونوں مرحلوں کا مجموعی اسکور ایک۔۴؍ رہاکیونکہ پہلے مرحلے میں ریئل نے اٹلانٹا کو اس کے ہی میدان پر صفر۔ ایک سے شکست دی تھی۔  اٹلانٹا کے کوچ گیان پیئرو گاسپیرینی نے پچھلے میچ کی طرح شکست سے بچنے کیلئے گول کیپر کو تبدیل کیا تھااور اس کا انہیں خمیازہ شکست کی صورت میں بھگتنا پڑا۔ گول کیپر مارکو اسپورٹیلو نے اس میچ میں غلطیاں کیں اور اس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ریئل میڈرڈ کے کھلاڑیوں نے گول کئے۔  منگل کی دیر رات ہونے والے میچ میں پہلا گول کریم بینزیما نے کیا۔ انہوںنے لوکا ماڈرچ کے کراس پاس کو جال میں پہنچا دیا ۔ یہ گول میچ کے ۳۴؍ویں منٹ میں ہوا۔ فرسٹ ہاف میں اسکور صفر۔ ایک رہا۔  میچ کے دوسرے ہا ف میں بھی ریئل میڈرڈ کے کھلاڑیوں نے بہت جوش کے ساتھ مقابلہ کیا۔ ۶۰؍ویں منٹ میں ریئل کو پنالٹی ملی اور اس پر کپتان سرجیو راموس نے گول کرکے اسکور صفر۔۲؍ کر دیا۔ ۸۳؍ویں منٹ میں اٹلی کے کلب کی جانب سے ایک گول کیا گیا ۔ یہ گول لوئیس میوریل نے کیا اور گول کے فرق کو کم کرنے کی کوشش کی۔ اس گول کے ۲؍منٹ بعد ہی ریئل میڈرڈ کے کھلاڑی مارکو اسینسیو نے ریئل کیلئے ایک اور گول کیا اور اسکور ایک۔۳؍ کردیا۔ اس کے بعد کوئی اور گول نہیں ہوسکا اور یہ میچ ریئل میڈرڈ نے ایک۔۳؍ سے اپنے نام کرلیا۔  شکست کے بعد اٹلانٹا کے کوچ گیان پیئرو نے کہا’’میں اپنے فیصلوں پر افسوس نہیں کرتا۔میں نے گول کیپر تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا تھا اورمیں اس کی ذمہ داری قبول کرتا ہوں۔ ‘‘ انہو ںنے ٹیم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ’’ہم غلطیاں برداشت نہیں کرسکتے تھے اور ہم نے انہیں گول تحفے میں دے دیئے۔ ہمیں مزید بہتر کھیلنے کی ضرورت تھی لیکن میری ٹیم کے کھلاڑی ایسا نہیں کرسکے۔ ‘‘ 
 میچ کے بعد ریئل کے کپتان سرجیو راموس نے کہا ’’اٹلانٹا کے خلاف کیا جانے والا گول ہمارے لئے ایڈوانس تھا اور ہم دوسرے مرحلے میں بہت جوش کے ساتھ کھیلنے آئے تھے۔ ہمارا ایک ہی مقصد کامیابی حاصل کرنا تھا۔ ‘‘ انہوں نے مزید کہا ’’ہم نے پورے میچ میں کنٹرول کیا تھا اورگول کرنے کے زیادہ سے زیادہ مواقع بنائے تھے۔ ‘‘
 اس میچ میں کریم بینزیما نے چمپئن لیگ  میں اپنا ۷۰؍واں گول کیا۔ وہ ایسا کرنے والے یورپ کے ۵؍ویں کھلاڑ ی بنے ۔ اس سے پہلے کرسٹیانو رونالڈو، لیونل میسی، رابرٹ لیوانڈوسکی  اور راؤل گونزالیزنے یوئیفا چمپئن لیگ کے ٹورنامنٹ میں ۷۰؍گول کئے ہیں۔ انہوں نے ۱۲۶؍ میچ کھیلے ہیں۔ ریئل میڈرڈ کے پاس اس سیزن میں صرف چمپئن لیگ کا خطاب جیتنے کا موقع ہے کیونکہ اس وقت وہ اسپینش لیگ لالیگا میں تیسرے نمبرپر ہے اور اس کی ٹاپ پوزیشن پر پہنچنے کیلئے زبردست کوشش ہورہی ہے۔ اس لئے اس کے کوچ زین الدین زیدان چاہیں گےکہ ان کی ٹیم چمپئن لیگ کے کوارٹر فائنل میں بھی اچھی کارکردگی کامظاہرہ کرے۔  میچ کے بعد کپتان راموس نے مزید کہاکہ  مجھے میدان پر لوٹ کر بہت خوشی ہورہی ہے اور میں چاہوں گا کہ ٹیم کے اگلے میچوں میں بھی اچھی کارکردگی کرتے ہوئے اسے لالیگا کی ٹاپ پوزیشن پر لے جاؤں ۔ 

madrid Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK