Inquilab Logo

ریئل میڈرڈ فٹبال کلب نے اسپینش سُپر کپ کا خطاب جیت لیا

Updated: January 18, 2022, 1:08 PM IST | Agency | Mumbai

ایتھلیٹک بلباؤ کو صفر۔۲؍ سے شکست دی۔ ماڈرچ اور کریم بینز یما نے فاتح ٹیم کی جانب سے ایک ایک گول کیا

The Real Madrid football club team captured a title after almost a season.Picture:INN
ریئل میڈرڈ فٹبال کلب کی ٹیم نے تقریباً ایک سیزن کے بعد کسی خطاب پر قبضہ کیا ۔ تصویر: آئی این این

اسپین کے مضبوط فٹبال کلب ریئل میڈرڈمسلسل ۲؍برس تک بغیر ٹرافی کے نہیں رہ سکے گا۔ اس نے سعودی عرب میں اتوار کی رات ہونے والے اسپینش سپرکپ کے میچ میں ایتھلیٹک بلباؤ فٹبال کلب کو صفر۔۲؍ سے شکست  دے دی۔ خیال رہے کہ آخری بار ریئل میڈرڈ نے زین الدین زیدان کی کوچنگ میں کوئی خطاب جیتا تھا اور اس کے بعد کارلو اینسیلوٹی کی کوچنگ میں اس نےیہ خطاب جیتا ہے۔  اتوار کی دیر رات ہونےوالے میچ میں ریئل میڈرڈ کی جانب سے پہلا گول کروشیا کے کھلاڑی لوکا ماڈرچ نے کیا۔ اس کے بعد دوسرے ہاف میں اسٹار کھلاڑی اور کپتان کریم بینزیما نے پنالٹی پر گول کیا اوراسپینش سُپر کپ پر قبضہ کرلیا۔ میچ کے آخری حصہ میں ریئل کے کھلاڑی ایڈر ملیتاؤ کوریفری نے ریڈ کارڈ دکھایا اس کے باوجود ریئل کی ٹیم بقیہ میچ آسانی سے  نکالنے میں کامیاب رہی۔  دفاعی چمپئن ایتھلیٹک بلباؤ کی جانب سے گول کرنے کی زیادہ کوششیں نہیں ہوسکیں اس لئے ریئل نے اسے آسانی سے شکست دے دی۔ اس سیزن میں ریئل میڈرڈ نے بارسلونا فٹبال کلب کوسیمی فائنلس میں  ۲؍مرتبہ شکست دی ہے  اور ایک مرتبہ ایٹلیٹیکو میڈرڈ کو بھی مات دی تھی۔ دوسری طرف اسپینش لیگ لالیگا کے نصف سفر میں وہ اپنے حریفوں سے ۱۵؍پوائنٹس کی سبقت لئے ہوئے ہیں۔  یہ سیزن ریئل کیلئے بہت اچھا رہا ہے۔ دوسری طرف کارلواینسیلوٹی کی کوچنگ میں ریئل نے چمپئن لیگ کے ناک آؤٹ راؤنڈ میں بھی داخلہ حاصل کرلیا ہے۔ زیدان کی کوچنگ میں  میڈرڈ کے کلب کو بغیرٹرافی کے سیزن ختم کرنا پڑا تھا۔  
 میچ کے بعد کارلو اینسیلوٹی نے کہا’’یہی چیز ہم سبھی کو میچ جیتنے کیلئے ترغیب دیتی ہے۔ ہم اسی طرح سے ہر میچ میں مقابلہ آرائی جاری رکھنا چاہتے ہیں۔‘‘ میڈرڈ کے کلب نے ۱۲؍ویں مرتبہ سپر کپ کا خطاب اپنے نام کیاہے۔ وہ بارسلونا سے صرف ایک خطاب پیچھے ہے۔ اس کے روایتی حریف بارسلونا نے ۱۳؍ خطاب جیتے ہیں اور وہ سب سے کامیاب ٹیم ہے۔ ایتھلیٹک بلباؤ نے چوتھی بار اس خطاب پر قبضہ کرنے کا منصوبہ بنایا تھا لیکن وہ ناکام رہا۔جب سے یہ ٹورنامنٹ سعودی عرب منتقل ہوا ہے اس کے بعد ریئل میڈرڈ کا یہ دوسرا خطاب ہے۔ میڈرڈ کے کلب نے ۲۰۲۰ء میں سعودی عرب میں یہ خطاب اپنے نام کیا تھا اور اس وقت اس نے ایٹلیٹیکو میڈرڈ فٹبال کلب کو شکست د ی تھی۔ کورونا کی وجہ سے سپرکپ دوبارہ اسپین میں لایا گیا تھا اور گزشتہ سال کے فائنل میں  ایتھلیٹک بلباؤ نے بارسلونا کو شکست دےکر خطاب اپنے نام کیا تھا۔  اس میچ میں ریئل کے برازیلی کھلاڑی مارسیلو نے کلب کی جانب سے ۲۳؍واں خطاب اپنے نام کیا۔ وہ ۲۰۰۶ء سے میڈرڈ کے فٹبال کلب کے ساتھ کھیل رہے ہیں۔ اب وہ پیکو گینٹو فٹبال کلب کی جانب سے کھیلیں گے اور ان کی ٹیم نے انہیں شاندار طریقے سے الوداع کہا ۔ مارسیلو کا یہ ۵؍واں اسپینش سپر کپ تھا۔ وہ ۸۶؍ویں منٹ میں بحیثیت متبادل کھلاڑی میدان پر آئے تھے۔ خیال رہے کہ اس میچ کو دیکھنے کیلئے ۶۲؍ہزار گنجائش والے کنگ فہد اسٹیڈیم میں محدود شائقین کو اجازت دی گئی تھی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK