Inquilab Logo

رشبھ پنت ورلڈ کپ ٹیم کا حصہ بن سکتے ہیں، کوہلی کا کھیلنا یقینی، مینک یادو پر غور

Updated: April 10, 2024, 1:10 PM IST | Agency | Mumbai

ٹی۲۰؍ورلڈ یکم جون سے ویسٹ انڈیز اور امریکہ میں ہونے والا ہے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو یکم مئی تک ممکنہ کھلاڑیوں کے نام بھیجنے ہوں گے۔

Rishabh Pant. Photo: INN
رشبھ پنت۔ تصویر : آئی این این

سلیکٹرس ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ کیلئے ہندوستانی ٹیم میں رشبھ پنت اور مینک یادو کے ناموں پر غور کر سکتے ہیں۔ خیال رہے کہ ٹی ۲۰؍ ورلڈ یکم جون سے ویسٹ انڈیز اور امریکہ میں ہونے والا ہے۔ اس کے لئے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو یکم مئی تک ممکنہ کھلاڑیوں کے نام بھیجنے ہوں گے۔ کرک بز کے مطابق آئی پی ایل میں اپنی دھماکہ خیز کارکردگی کی وجہ سے رائل چیلنجرز بنگلور کے اسٹار وراٹ کوہلی نے اپنی جگہ تقریباً یقینی کر لی ہے۔ انجری سے واپس آنے والے وکٹ کیپر رشبھ پنت اور نوجوان تیز گیند باز مینک یادو کے ناموں پر غور کیا جا رہا ہے۔ 
 رشبھ پنت نے وکٹ کیپنگ اور بلے بازی دونوں سے متاثر کیا۔ دہلی کیپٹلس کے کپتان وکٹ کیپر رشبھ پنت کی تقریباً ایک سال بعد کرکٹ میں واپس آئےہیں۔ واپسی کے بعد انہوں نے دہلی کی کپتانی کرتے ہوئے وکٹ کیپنگ اور بیٹنگ دونوں سے متاثر کیا۔ انہوں نے۵؍ میچوں میں ۲؍ نصف سنچریاں اسکور کیں۔ رشبھ پنت۳۰؍ دسمبر۲۰۲۳ء کو ایک کار حادثے میں زخمی ہو گئے تھے۔ جس کے بعد ان کے گھٹنے کی سرجری ہوئی جس سے صحت یاب ہونے میں انہیں ۱۵؍ ماہ کا عرصہ لگا۔ اب انہوں نے اس سال مارچ میں شروع ہونے والے آئی پی ایل سےمیدان پرکھیلنا شروع کیاہے۔ 
 آئی پی ایل کے آغاز سے قبل بی سی سی آئی کے سکریٹری جے شاہ نے کہا تھا کہ رشبھ پنت ورلڈ کپ منصوبے کا حصہ ہیں۔ اگر وہ دوبارہ فٹنیس حاصل کرتے ہیں اور آئی پی ایل میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہیں تو ان کے نام پر غور کیا جائے گا۔ پنت نے اب ٹورنامنٹ کے صرف۵؍ میچوں میں وکٹ کے پیچھے ۴؍کیچ لئے ہیں اور ایک اسٹمپنگ کی ہے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے۱۵۴ء۵۴؍ کے اسٹرائیک ریٹ سے۱۵۳؍ رن بھی بنائے۔ ان میں ۲؍نصف سنچری بھی شامل ہیں۔ 
 آئی پی ایل کے اس سیزن میں لکھنؤ سپر جائنٹس کیلئے آغاز کرنے والے مینک یادو نے اپنی رفتار سے سب کو متاثر کیا ہے۔ وہ۱۵۰؍ کلومیٹر فی گھنٹہ کی اوسط رفتار سے گیند بازی کررہے ہیں اور انہوں نے سیزن میں دو بار تیز ترین رفتار سے گیند پھینکی ہے۔ یہی نہیں، مینک نے ٹورنامنٹ کے۳؍ میچوں میں ۶؍ کے اکانومی ریٹ سے ۶؍ وکٹ بھی حاصل کئے جس میں ۲؍ پلیئر آف دی میچ ایوارڈس شامل تھے تاہم، تیسرا میچ کھیلتے ہوئے مینک یادو زخمی ہو گئے اور صرف ایک اوور ہی کر سکے تھے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK