Updated: December 29, 2025, 1:39 PM IST
|
Agency
| Madrid
پولینڈ کے کھلاڑی نے اعتراف کیا کہ انہیں نہیں معلوم کہ آگے کہاں اور کس کیلئے کھیلیں گے
رابرٹ لیوانڈووسکی نے بارسلونا کیلئے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا ہے۔ تصویر: آئی این این
ایف سی بارسلونا کے سٹار اسٹرائیکر رابرٹ لیوانڈووسکی کا مستقبل اب فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوتا نظر آ رہا ہے۔ جنوری کی ٹرانسفر ونڈو قریب آتے ہی ان کے کانٹریکٹ کے حوالے سے بحث تیز ہو گئی ہے۔ موجودہ سیزن کے اختتام پر ان کا معاہدہ ختم ہو رہا ہے، جس سے یہ سوال اٹھنے لگے ہیں کہ کیا پولینڈ کے اس عظیم اسٹرائیکر کا سفر کیمپ ناؤ میں اب ختم ہونے والا ہے۔
سعودی پرو لیگ اور ایم ایل ایس کی دلچسپی
خبروں کے مطابق یورپ سے باہر کے کلب لیوانڈووسکی کو سائن کرنے میں گہری دلچسپی دکھا رہے ہیں۔ سعودی پرو لیگ اور میجر لیگ ساکر (ایم ایل ایس) کی ٹیموں نے انہیں اپنا اہم ٹارگٹ بنایا ہوا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ ان کے نمائندے سعودی حکام سے بات چیت کی تیاری کر رہے ہیں جبکہ ایم ایل ا یس کلب ’شکاگو فائر‘ نے بھی ابتدائی سطح پر بات چیت کی ہے۔ ۳۷؍ سالہ لیوانڈووسکی اس وقت فٹ بال کی ٹرانسفرونڈوک میں کھینچ تان کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔
لیوانڈووسکی کا واضح بیان
پولینڈ کے ایک صحافی سے گفتگو کرتے ہوئے لیوانڈووسکی نے اپنے مستقبل کے بارے میں کسی بھی حتمی فیصلے سے انکار کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان پر کوئی دباؤ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا’’میرے پاس فیصلہ کرنے کے لئے وقت ہے۔ اس وقت مجھے خود نہیں معلوم کہ میں آگے کہاں کھیلنا چاہتا ہوں۔ مجھے نہیں معلوم کہ کس سمت میں جانا ہے، لیکن مجھ پر کوئی دباؤ نہیں ہے۔‘‘انہوں نے اس سیزن کے اپنے مقاصد بھی واضح کئے اور کہا کہ وہ ورلڈ کپ کے لئے کوالیفائی کرنا، لیگ جیتنا اور چمپئن لیگ کاخطاب اپنے نام کرنا چاہتے ہیں۔
بارسلونا کی حکمت عملی بن سکتی ہے رکاوٹ
بارسلونا کے اندرونی منصوبے لیوانڈووسکی کے لئے مشکلات پیدا کر سکتے ہیں۔ اس سیزن میں انہوں نے ۱۸؍ میچوں میں ۸؍ گول کئے ہیں جبکہ کلب کیلئے مجموعی طور پر ۱۶۵؍ میچوں میں ۱۰۹؍گول ان کے نام ہیں۔ اس کے باوجود کوچ ہینسی فلک کی نگرانی میں فیران ٹوریس کی کارکردگی ٹیم کے اٹیکنگ توازن کو بدل رہی ہے۔ ٹوریس اب تک تمام مقابلوں میں ۱۳؍گول کر چکے ہیں۔
کردار میں کمی اور تنخواہ میں کٹوتی کا خدشہ
خبروں کے مطابق بارسلونا فیران ٹوریس کے معاہدے میں توسیع کی جانب تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ اس سے یہ اشارہ ملتا ہے کہ مستقبل میں لیوانڈووسکی کو ’روٹیشن رول‘ (یعنی متبادل کھلاڑی کے طور پر) رکھا جا سکتا ہے۔ ساتھ ہی اگر ان کے معاہدے کی تجدید ہوتی ہے تو تنخواہ میں کٹوتی بھی ممکن ہے جو انہیں سعودی عرب یا امریکہ کی پیشکش پر سنجیدگی سے غور کرنے پر مجبور کر سکتی ہے۔ ا سی دوران انسو فاتی کی ممکنہ واپسی بارسلونا کے اٹیک میں کھلاڑیوں کا ہجوم بڑھا سکتی ہے جس سے لیوانڈووسکی کا کردار مزید محدود ہو سکتا ہے۔ اگرچہ لیوانڈووسکی فی الحال موجودہ سیزن پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیںلیکن ان کے بیانات سے صاف ظاہر ہے کہ بارسلونا سے ان کی علیحدگی اب ناممکن نہیں رہی۔