Inquilab Logo

وراٹ اوپننگ کا اچھا متبادل ہیں: روہت

Updated: September 19, 2022, 2:07 PM IST | Agency | Mumbai

کپتان نے کہا :وراٹ کوہلی ہمارے تیسرے اوپنر ہیں اس کے باوجود راہل ہمارے لئے ٹی۲۰؍ ورلڈ کپ میں اوپننگ کریں گے

Rohit Sharma at the press conference.Picture:INN
روہت شرما پریس کانفرنس میں ۔ تصویر:آئی این این

ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان ٹی ۲۰؍ سیریز کا پہلا میچ۲۰؍ ستمبر سے کھیلا جائے گا۔ ۳؍ ٹی ۲۰؍ میچوں کی سیریز کا افتتاحی میچ موہالی میں ہونا ہے۔ سیریزکے آغازسے قبل کپتان روہت شرما نے پریس کانفرنس کی اور وراٹ کوہلی کی بلے بازی پوزیشن پر بات چیت کی۔ روہت نے کہا کہ وراٹ کو اوپننگ کرنے سے ہمیںٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ میں ایک متبادل ملتا ہے۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے روہت نے اس بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا’’ `آپ کے پاس متبادل دستیاب ہونا ہمیشہ اچھا ہوتا ہے۔ ورلڈ کپ میں جانے کیلئے ضروری ہے کہ ٹیم میں لچک ہو۔ آپ چاہتے ہیں کہ کھلاڑی کسی بھی صورتحال میں اپنی بہترین بیٹنگ کریں۔ جب ہم کوئی نئی چیز آزماتے ہیں تو اس کا مطلب یہ نہیں ہوتا کہ یہ کوئی مسئلہ ہے۔ کپتان روہت شرما نے مزید کہا’’ `ہم اپنے تمام کھلاڑیوں کے معیار کو سمجھتے ہیں اور وہ میچ میں ہمارے لئے کیا دے سکتے ہیں یہ بھی ہمیں معلوم ہے۔ لیکن ہاں، یہ ہمارے لئے ایک متبادل  ہے (وراٹ کوہلی کی جانب سے اوپننگ)، ہم اسے ہمیشہ ذہن میں رکھیں گے چونکہ ہم نے ٹیم میں تیسرا اوپنر نہیں لیا ہے، اس لئے وہ (کوہلی) اپنی فرنچائزی  کے لئے کھیلتے  ہیں اور انہوںنے وہاں بہت اچھا کام کیا ہے، اس لئے  یہ ہمارے لئے ایک متبادل  ہے۔
 بتا دیں کہ کوہلی آئی پی ایل فرنچائزی آر سی بی کے لئے اوپنر کا کردار ادا کر رہے ہیں، دوسری جانب افغانستان کے خلاف ایشیا کپ کے میچ میں کوہلی نے ٹی ۲۰؍ انٹرنیشنل میں اپنی پہلی سنچری بھی بنائی تھی۔ اوپننگ کرتے ہوئے کوہلی نے سنچری کے ساتھ  اچھی بلے بازی کی جس کے بعد اب یہ بات سامنے آرہی تھی کہ کیا کوہلی  اوپنر کے طور پرآنے والے میچ میں کھیلیں گے۔ ویسے روہت نے پریس کانفرنس میں کوہلی کی اوپننگ کو متبادل بتا کر اس بات کو آگے بڑھایا ہے۔
  روہت نے کے ایل راہل کے تعلق سے  بھی بات چیت کی اور کہا ’’وراٹ کوہلی ہمارے تیسرے اوپنر ہیں اور انہیں کچھ میچوں میں اوپننگ کرنی ہوگی لیکن کے ایل راہل ہمارے لئے ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ میں اوپننگ کریں گے۔کے ایل  راہل کی کارکردگی پراکثر کسی کا دھیان نہیں جاتا۔ وہ ہمارے لئے بہت اہم کھلاڑی ہیں۔
 ایشیا کپ۲۰۲۲ءمیں پاکستان کے خلاف اہم میچ میں سرخیوں میں آنے والے ارشدیپ سنگھ سے ہندوستانی کپتان روہت شرما بہت متاثر ہیں۔ ارشدیپ نے پاکستان کے خلاف کیچ چھوڑنے کے بعد آخری اوور میں شاندار گیند بازی کی  حالانکہ ایشیا کپ کے سپر۴؍ میچ میں ہندوستان جیت نہیں سکا تھا۔ اس کے بعد سوشل میڈیا پر انہیں تنقید کا نشانہ بنایا گیا لیکن کرکٹ کی دنیا نے حمایت کی اور ایسی غلطیوں کو فطری قرار دیا۔ ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان ۳؍ میچوں کی ٹی ۲۰؍ سیریز ۲۰؍ستمبر سے کھیلی جائے گی۔
 سیریز سے قبل پریس کانفرنس میں میڈیا کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے روہت نے کہا کہ ٹیم انڈیا کافی عرصے سے لیفٹ آرم سیمر کی تلاش میں تھی، ارشدیپ نے آئی پی ایل میں خود کو ثابت کیا اور اس خلا کو پر کیا۔ ایشیا کپ میں پاکستان اور سری لنکا کے خلاف دونوں میچ بہت قریب رہے۔ بعض اوقات اچھے کھیل کے ساتھ قسمت بھی بہت اہم ہوتی ہے۔ قسمت میں آپ کا ٹاس جیتنا، میچ کے دوران رن آؤٹ ہونا، کچھ زبردست کیچ پکڑنا شامل ہے۔ ایسا نہیں ہوتا کہ ٹیم ہر ٹورنامنٹ جیتے، کئی بار مخالف ٹیم بھی اچھے کھیل کر میچ اپنے نام کرسکتی ہے۔ 
 ہندوستانی کپتان نے کہا کہ ورلڈ کپ سے قبل ٹیم انڈیا دنیا کی دو مضبوط ٹیموں کے خلاف ۶؍ میچ کھیلے گی۔ اس سے کھلاڑی کی کارکردگی کے بارے میں اندازہ ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم انڈیا کے پاس گیندبازی  کے بہتر متبادل ہیں جس میں بمراہ، ارشدیپ، ہاردک، ہرشل پٹیل اور بھونیشور کمار جیسے تیز گیند باز ہیںجب کہ اسپنرس میں چہل اور اکشر پٹیل بہترین ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK