Inquilab Logo

روہت شرما اور کے ایل راہل سری لنکا کے خلاف نہیں کھیل سکیں گے

Updated: December 27, 2022, 2:14 PM IST | Mumbai

ٹیم انڈیا کے کپتان روہت کے انگوٹھے کی تکلیف ابھی تک دور نہیں ہوئی ہے جبکہ راہل شادی کے بندھن میں بندھنے والے ہیں

photo;INN
تصویر :آئی این این

ہندوستانی کرکٹ ٹیم کےکپتان روہت شرما اور  کارگزار کپتان کے ایل راہل سری لنکا کے خلاف ۳؍جنوری سے شروع ہونے والی ہوم سیریز میں شرکت نہیں کریں گے۔ ذرائع کے مطابق روہت ابھی تک اپنے انگوٹھے کی  تکلیف سے مکمل طور پر ٹھیک نہیں ہو سکےہیں۔یاد رہے کہ  بنگلہ دیش کے خلاف دوسرے یکروزہ  میچ میں روہت کے انگوٹھے میں چوٹ لگی تھی۔ 
 اس کے ساتھ ہی کے ایل راہل سیریز کے دوران شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے۔ سری لنکا کو ۳؍سے ۱۵؍جنوری تک ہندوستان میں ۳؍ٹی۔ ۲۰؍ اور  اتنے ہی یکروزہ میچوں کی سیریز کھیلنا ہے۔بلے بازی کے معاملے میں روہت اور راہل دونوں کیلئے ۲۰۲۲ء کچھ خاص نہیں رہا۔ اس سال ۲؍ٹیسٹ میچوں میں روہت  شرما نے  صرف ۹۰؍رن بنائے ہیں۔ ان کا بہترین اسکور ۴۶؍تھا۔ اس کے ساتھ ہی ۸؍ون ڈے میچوں میں روہت نے ۴۱ء۵۰؍کی اوسط سے ۲۴۹؍رن بنائے ہیں۔ ان میں ان کا بہترین اسکور ۷۶؍ناٹ آؤٹ ہے۔ ٹی-۲۰؍ میچوں کی بات  جائے تو روہت نے ۲۰؍میچ کھیلے اور ۲۴ء۲۹؍کے اوسط سے ۶۵۶؍ رن بنائے۔ ان کا اسٹرائیک ریٹ ۱۳۴ء۴۲؍تھا اور انہوں نے ۳؍ نصف سنچریاں بھی بنائیں۔ مجموعی طور پر روہت نے ۴۰؍اننگز میں ۹۹۵؍رن بنائے اور وہ ایک ہزار رن کا ہندسہ بھی عبور نہیں کرسکے۔ اس دوران انہوں نے ۶؍نصف سنچریاں اسکور کیں۔ ۲۰۱۲ء کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب ان کے بلے سے ایک بھی سنچری نہیں نکلی۔
  دوسری طرف کے ایل راہل کی بات کریں تو انہوں نے ۱۰؍  ٹیسٹ میچوں میں  صرف ۱۳۷؍ رن بنائے ہیں۔ اس دوران انہوں نے ایک نصف سنچری اسکور کی۔ ۱۰؍ون ڈے میچوں میں انہوں نے  ۲۵۱؍رن بنائے جن میں  ۲؍ نصف سنچریاں شامل ہیں ۔ ۷۳؍رن ان کی بہترین کارکردگی تھی۔ راہل نے ۲۰۲۲ء میں  ۱۶؍ ٹی- ۲۰؍ مقابلوں  میں شرکت کرتے ہوئے ۴۳۴؍ رن بنائے۔ اس دوران ان کے بلے سے ۶؍ نصف سنچریاں آئیں اور  ۶۲؍رن ان کا بہترین اسکور تھا۔ اس سال راہل نے ۳۰؍میچوں میں ۲۵ء۶۸؍ کے اوسط سے ۸۲۲؍رن بنائے۔ اس میں   ۹؍ ہاف سنچریاں شامل ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK