Updated: December 29, 2025, 1:26 PM IST
|
Agency
| Thiruvananthapuram
ہندوستان کی خواتین ٹیم نے سری لنکا کے خلاف ۲۲۱رنوں کا پہاڑ کھڑا کردیا،اسمرتی مندھانا اور شیفالی ورما کی شاندار ہاف سنچریاں۔
شیفالی ورما(دائیں)اور اسمرتی مندھانا نے پہلے وکٹ کےلئے ۱۶۲؍رنوں کی ریکارڈ پارٹنرشپ نبھائی۔ تصویر: پی ٹی آئی
سری لنکا کے خلاف پہلے ہی ۵؍ میچوں کی سیریز میں تین صفرکی ناقابلِ شکست برتری حاصل کرنے والی ہندوستان کی خواتین کرکٹ ٹیم نے اتوار کو چوتھے ٹی۔۲۰؍مقابلے میں نئی تاریخ رقم کر دی۔ شیفالی ورما (۷۹) اور اسمرتی مندھانا (۸۰) کی اوپننگ جوڑی نے پہلے ہی اوور سے سری لنکا کے گیند بازوں پر دھاوا بول دیا۔ شیفالی اور اسمرتی کی جوڑی نے پہلی وکٹ کےلئے۱۶۲؍ رنوں کی شراکت قائم کی، جو ٹی۔۲۰؍انٹرنیشنل میں ہندوستان کی جانب سے کسی بھی وکٹ کے لئے سب سے بڑی پارٹنرشپ ہے۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ ۱۴۳؍ رنوں کا تھا جو اسی جوڑی نے ۲۰۱۹ء میں ویسٹ انڈیز کے خلاف بنایا تھا۔ اس ریکارڈ ساز کارکردگی کی بدولت ہندوستان نے۲؍وکٹ پر ۲۲۱؍ کا اسکور کھڑا کر دیا جو ٹی۔۲۰؍میں ہندوستان کا اب تک کا سب سے بڑا اسکور ہے۔
یادر ہے کہ سیریز کے ابتدائی ۳؍میچوں میں ہندوستان کی کپتان ہرمن پریت کور نے ٹاس جیت کر پہلے گیندبازی کا فیصلہ کیا تھا لیکن چوتھے میچ میں سری لنکا کے کپتان چامری اٹاپٹو نے ٹاس جیت کر ہندوستان کو بلے بازی کی دعوت دی تھی۔
اسمرتی مندھانا کے ۱۰؍ہزار رن مکمل
اس میچ کے دوران اسمرتی مندھانا نے بین الاقوامی کرکٹ میں۱۰؍ہزار رن کا سنگ میل عبور کر لیا۔ وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والی دنیا کی چوتھی اور ہندوستان کی دوسری خاتون بلے باز بن گئی ہیں۔ انہوں نے اپنی ۴۸؍گیندوں کی اننگز میں ۱۱؍چوکے اور ۳؍چھکے لگائے۔ دوسری جانب شیفالی ورما نے اپنی مسلسل تیسری نصف سنچری اسکور کی۔ انہوں نے ۴۶؍گیندوں پر ۱۲؍چوکے اور ایک چھکا لگایا۔
جارحانہ فنش اور ٹیم میں تبدیلیاں
وکٹ کیپر ریچا گھوش نے صرف ۱۶؍ گیندوں پر ۴۰؍ رنوں کی طوفانی اننگز کھیلی اور کپتان ہرمن پریت کور کے ساتھ مل کر تیسری وکٹ کیلئے۵۳؍رن جوڑے۔ جمائمہ روڈریگز بخار کی وجہ سے اس میچ میں دستیاب نہیں تھیں، ان کی جگہ ہرلین دیول کو شامل کیا گیا جبکہ کرانتی گوڑ کی جگہ اروندھتی ریڈی کو الیون کا حصہ بنایا گیا۔
یادرہے کہ ہندوستان نے ۵؍میچوں کی ٹی۔ ۲۰ سیریز کا پہلا میچ ۸؍وکٹوں سے جیتا تھا جبکہ دوسرا میچ ۷؍وکٹوں سے اپنے نام کیا تھا۔تیسرے میچ میں بھی ہندوستانی گیندبازوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مہمان ٹیم کو کم اسکور پر روک کر میچ ۸؍وکٹوں سے اپنے نام کیا تھا۔