Inquilab Logo Happiest Places to Work

رونالڈو، میسی، صلاح اور نیمار اپنے آخری ورلڈ کپ کو یادگار بنانے کی کوشش کریں گے

Updated: June 07, 2026, 1:04 PM IST | New Delhi

شائقین ممکنہ طور پر ان کھلاڑیوں کو میدان پر جادو بکھیرتے ہوئے آخری بار دیکھیں گے۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

فیفا ورلڈ کپ ۲۰۲۶ء جہاں دنیا کی بہترین ٹیموں کے درمیان خطاب کی جنگ کا میدان بنے گا وہیں یہ کئی عظیم فٹبالرز کیلئے عالمی اسٹیج پر آخری حاضری بھی ثابت ہو سکتا ہے۔ کرسٹیانو رونالڈو، لیونل میسی، نیمار، لوکا موڈرچ، محمد صلاح اور دیگر تجربہ کار ستارے ممکنہ طور پر اپنے کریئر کا آخری ورلڈ کپ کھیلنے جا رہے ہیں ۔ یہی وجہ ہے کہ شائقین کی نظریں نہ صرف ٹورنامنٹ بلکہ ان لیجنڈری کھلاڑیوں کی آخری عالمی مہم پر بھی مرکوز ہیں جو اسے یادگار بنانے کی کوشش کریں گے۔ 
کرسٹیانو رونالڈو( پرتگال) :۴۱؍سالہ پرتگالی اسٹار کرسٹیانو رونالڈو اپنے ریکارڈ چھٹے ورلڈ کپ میں شرکت کرنے جا رہے ہیں ۔ رونالڈو نے رواں سیزن میں النصر کیلئے ۳۷؍ میچوں میں ۳۰؍گول کئے جبکہ پرتگال کیلئے ان کے مجموعی گولز کی تعداد ۱۴۳؍ تک پہنچ چکی ہے۔ وہ اس ایونٹ میں ۱۵۰؍ انٹرنیشنل گول کرنے والے پہلے کھلاڑی بننے کا اعزاز حاصل کرسکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: ’کرک انفو آنرز ایوارڈز‘ کیلئےآر اشون کا نام بھی شامل

 لیونل میسی (ارجنٹائنا) :۳۸؍ سالہ لیونل میسی بھی اپنے ریکارڈ چھٹے ورلڈ کپ میں شرکت کریں گے اور دفاعی چمپئن ارجنٹائنا کی قیادت کریں گے۔ارجنٹائنا کے سب سے زیادہ گول کرنے والے اور سب سے زیادہ میچ کھیلنے والے کھلاڑی میسی کو ٹورنامنٹ سے قبل انجری مسائل کا سامنا رہا ہے، جس کے باعث ان کی مکمل فٹنس پر سوالات موجود ہیں ۔ تاہم۸؍ مرتبہ بیلون ڈی اور جیتنے والے میسی اب بھی ملک کی سب سے بڑی امید سمجھے جاتے ہیں ۔ 
نیمار جونیئر( برازیل) :برازیل کی جانب سے سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی نیمار ۳۴؍ برس کی عمر میں ورلڈ کپ کھیلنے جا رہے ہیں ۔ ڈھائی سال بعد قومی ٹیم میں واپسی کرنے والے نیمار کو ماضی میں متعدد انجریز کا سامنا رہا ہے۔ اگرچہ وہ رونالڈو اور میسی سے کم عمر ہیں تاہم ۲۰۳۰ء کے ورلڈ کپ تک ان کی عمر ۳۸؍ برس ہو جائے گی اور ان کے کریئر میں انجریز کو دیکھتے ہوئے ۲۰۲۶ءکا ٹورنامنٹ ان کا آخری ورلڈ کپ سمجھا جا رہا ہے۔ 
مینوئل نوئر( جرمنی) :جرمنی کے تجربہ کار گول کیپر مینوئل نوئر ۴۰؍ سال کی عمر میں ریٹائرمنٹ سے واپسی کے بعد ورلڈ کپ اسکواڈ کا حصہ بنے ہیں ۔ نوئر اپنے کریئر میں ۴؍ ورلڈ کپ کھیل چکے ہیں اور ۲۰۱۴ءمیں جرمنی کی عالمی ٹائٹل جیت میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ ۲۰۲۶ء کا ایونٹ ان کیلئے بھی عالمی کپ کا یقینی طور پر آخری ایونٹ قرار دیا جا رہا ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: افغانستان کا ٹیسٹ نوجوان ہندوستانی کھلاڑیوں کو آزمانے کا بہترین موقع ہے: صبا کریم

محمد صلاح، (مصر):افریقہ کے عظیم ترین فٹبالرز میں شمار کئے جانے والے محمد صلاح نے لیورپول کے ساتھ شاندار کامیابیوں کے بعد عالمی شہرت حاصل کی اور کلب کے ساتھ ۹؍ بڑے اعزازات اپنے نام کئے۔ ۳۳؍سالہ صلاح اگرچہ اب اپنے کریئر کے عروج پر نہیں رہے تاہم مصر کے شائقین اب بھی ان سے بڑی توقعات وابستہ کئے ہوئے ہیں ۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ ان کا دوسرا اور شاید آخری ورلڈ کپ ہو۔ 
کیون ڈی بروئنے(بلجیم) :۲۰۱۴ءسے ۲۰۲۲ء تک بلجیم کی `گولڈن جنریشن کے اہم رکن رہنے والے کیون ڈی بروئنے اب بھی کلب اور قومی ٹیم کیلئے کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں ۔ رواں ماہ ۳۵؍برس کے ہونے والے ڈی بروئنے کیلئے۲۰۲۶ء کا ورلڈ کپ چوتھا اور غالباً آخری عالمی کپ ہوگا۔ بلجیم کی کامیابی کی امیدیں بڑی حد تک ان کی کارکردگی سے وابستہ ہیں ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK