Updated: September 05, 2025, 8:21 PM IST
| Wellington
نیوزی لینڈ کے سابق کپتان راس ٹیلر نے ریٹائرمنٹ سے واپس آگئے ہیں تاہم اب وہ نیوزی لینڈ کی نہیں بلکہ سموا کی نمائندگی کرتے ہوئے نظر آئیں گے ۔ ۴۱؍سالہ مڈل آرڈر بلے باز ٹیلر اگلے ایسٹ ایشیا- پیسیفک ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ۲۰۲۶ء کے کوالیفائر ٹورنامنٹ میں سموا کی جانب سے کھیلیں گے۔
راس ٹیلر۔ تصویر:آٓئی این این
نیوزی لینڈ کے سابق کپتان راس ٹیلر نے ریٹائرمنٹ سے واپس آگئے ہیں تاہم اب وہ نیوزی لینڈ کی نہیں بلکہ سموا کی نمائندگی کرتے ہوئے نظر آئیں گے ۔ ۴۱؍سالہ مڈل آرڈر بلے باز ٹیلر اگلے ایسٹ ایشیا- پیسیفک ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ۲۰۲۶ء کے کوالیفائر ٹورنامنٹ میں سموا کی جانب سے کھیلیں گے۔
ٹیلر نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر باضابطہ اعلان کرتے ہوئے لکھا کہ ’’اب یہ باقاعدہ ہے۔ مجھے فخر ہے کہ میں کرکٹ میں نیلی جرسی پہن کر سموا کی نمائندگی کرنے جا رہا ہوں۔ یہ نہ صرف میرے پسندیدہ کھیل میں واپسی ہے بلکہ اپنی وراثت، ثقافت، گاؤں اور خاندان کی نمائندگی کرنے کا بڑا اعزاز بھی ہے۔ میں اس موقع کیلئے پرجوش ہوں۔‘‘
یہ بھی پڑھیئے:فیفا ورلڈ کپ کوالیفائر: سلوواکیہ نے جرمنی کومات دی
ٹیلر کو اپنی والدہ کی وراثت کے باعث سموا کا پاسپورٹ حاصل ہے۔ انہوں نے اپریل۲۰۲۲ء میں نیوزی لینڈ کے لیے آخری بار کھیلا تھا۔ اس کے ساتھ ہی ان کا تین سالہ کولنگ آف پیریڈ بھی مکمل ہو گیا ہے اور اب وہ سموا کے لئے کھیلنے کے اہل ہیں۔ ٹیلر نے۲۰۰۶ء سے۲۰۲۲ء تک نیوزی لینڈ کے لئے۱۱۲؍ ٹیسٹ،۲۳۶؍ ون ڈے اور۱۰۲؍ ٹی۲۰؍ کھیلے ہیں، جن میں انہوں نے بالترتیب۷۶۸۳، ۸۶۰۷؍ اور۱۹۰۹؍ رن بنائے ہیں۔ وہ نیوزی لینڈ کے چند عظیم ترین کھلاڑیوں میں شمار ہوتے ہیں۔
وہ نیوزی لینڈ کے لیے ٹی۲۰؍میں پانچویں سب سے زیادہ رن بنانے والے بلے باز ہیں، حالانکہ انہوں نے اس فارمیٹ کا آخری میچ نومبر۲۰۲۰ء میں کھیلا تھا۔ ٹیلر کے ساتھ نیوزی لینڈ سے ایک اور بڑا نام بھی سموا میں شامل ہوا ہے۔۳۲؍ سالہ سین سولیا نے نیوزی لینڈ میں آکلینڈ کی طرف سے ڈومیسٹک کرکٹ کھیلا ہے۔ وہ بھی اب سموا کے لیے کھیلتے ہوئے دکھائی دیں گے۔
امید کی جا رہی ہے کہ ٹیلر اور سولیا سموا کی بیٹنگ لائن اپ کو مضبوط کریں گے، جس میں ڈیریس وسر جیسے بلے باز بھی شامل ہیں۔ وسر نے اگست۲۰۲۴ء میں وانواتو کے خلاف ایک میچ میں ایک اوور میں ۶؍ چھکے اور ۳؍ وائیڈ سمیت کُل۳۹؍ رن بنا کر ریکارڈ قائم کیا تھا۔