مختصر وقفہ کے بعد انڈین پریمیر لیگ کا آج سے دوبارہ آغاز۔ بنگلور کی ٹیم پلے آف میں داخلے کیلئے پوری طاقت لگائے گی۔ کولکاتا بھی مقابلے کیلئے تیار۔
EPAPER
Updated: May 17, 2025, 1:28 PM IST | Agency | Bengaluru
مختصر وقفہ کے بعد انڈین پریمیر لیگ کا آج سے دوبارہ آغاز۔ بنگلور کی ٹیم پلے آف میں داخلے کیلئے پوری طاقت لگائے گی۔ کولکاتا بھی مقابلے کیلئے تیار۔
انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) میں سنیچر کو ایم چناسوامی اسٹیڈیم میں ہونے والے میچ میں رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی) پلے آف میں جگہ یقینی بنانے اترے گی جبکہ کولکاتا نائٹ رائیڈرس (کے کے آر) کے لئے یہ میچ جیتنا لازمی ہوگا تاکہ وہ ٹورنامنٹ میں برقرار رہ سکے۔
پاکستان کے ساتھ کشیدگی کی وجہ سے ایک ہفتے کے لئے ملتوی ہو نے والے آئی پی ایل میں وقفے کے بعد آر سی بی کے لئے اچھی خبر یہ ہے کہ ٹیم میں لونگی ایگینڈی ، مینک اگروال، بھونیشور کمار اور سوپنل سنگھ جیسے تجربہ کار کھلاڑیوں کی واپسی ہوئی ہے۔آر سی بی نے اپنے پچھلے ۵؍ میں سے ۴؍ میچ جیتے ہیں اور۱۱؍میچوں میں ۱۶؍ پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر ہے، اسے پلے آف میں پہنچنے کے لئے صرف ایک اور جیت درکار ہے۔ دوسری طرف، کے کے آر کے۱۲؍ میچوں میں۱۱؍ پوائنٹس ہیں اور اسے پلے آف میں جانے کے لئے اپنے باقی دونوں میچ بڑے فرق سے جیتنے ہوں گے اور دوسرے نتائج پر بھی انحصار کرنا ہوگا۔
وراٹ کوہلی آر سی بی کے لئے اہم کردار ادا کر رہے ہیں، انہوں نے اس سیزن میں۵۰۵؍ رن بنائے ہیں اور کے کے آر کے خلاف ان کا ریکارڈ ۳۲؍ اننگز میں۱۰۲۱؍ رن بھی بہترین رہا ہے ۔ فل سالٹ کی واپسی، روماریو شیفرڈ کی زبردست بیٹنگ (۱۴؍ گیندوں پر۵۳؍ ناٹ آؤٹ) اور رجت پاٹیدار، ٹِم ڈیوڈ کی کارکردگی آر سی بی کو متوازن ٹیم بناتی ہے۔ گیندبازی میں یش دیال اور آر ڈار جیسے نوجوان گیندبازوں پر دباؤ ہوگا۔
کے کے آر کی حالت کمزور ہے،اسے پچھلے ۵؍ میچوں میں صرف ۲؍ فتوحات حاصل ہوئی ہیں۔ آندرے رسل نے گزشتہ ۲؍ میچوں میں۹۵؍ رن بنا کر امید دلائی ہے جبکہ اجنکیا رہانے۳۷۵؍ رن کے ساتھ سرفہرست ہیں۔نوجوان انگرکش رگھوونشی بھی ۱۴۵ء۱۷؍ کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ متاثر کر رہے ہیں۔ کے کے آر کا اسپن اٹیک، جس میں سنیل نارائن اور ورون چکرورتی شامل ہیں، اس پچ پر اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ نارائن کی آل راؤنڈ کارکردگی قابل تعریف ہے۔ وینکٹیش ایّر کے زخمی ہونے کے بعد منیش پانڈے، جنہوں نے پچھلے میچ میں۳۶؍ ناٹ آؤٹ بنائے تھے ، پلیئنگ الیون میں برقرار رہ سکتے ہیں۔
منیش پانڈے نے میچ سے پہلے کی پریس کانفرنس میں کہا کہ اس وقفے سے زیادہ فرق نہیں پڑتا کیونکہ بطور پروفیشنل کرکٹرس ہم جانتے ہیں کہ ہمیں کیا کرنا ہے۔ ہمیں یقین تھا کہ ٹورنامنٹ دوبارہ شروع ہو جائے گا حالانکہ وقت معلوم نہیں تھا۔ اچھا ہوا کہ طویل وقفہ نہیں ہوا۔ ہم جم میں تھے، اپنے کھیل پر کام کر رہے تھے۔ پوری ٹیم تیار ہے اور ہم شاندار میچ کی توقع کر رہے ہیں۔بنگلور کے خلاف شکست کولکاتا کے ناک آؤٹ کے راستے پر مہر لگا سکتی ہے۔