سری لنکا ’اے‘ کیخلاف ہندوستان نے ۴؍وکٹ پر ۳۳۳؍رن بنالئے، جوریل اور شیخ رشید کی ہاف سنچریاں۔
EPAPER
Updated: June 26, 2026, 2:38 PM IST | Galle
سری لنکا ’اے‘ کیخلاف ہندوستان نے ۴؍وکٹ پر ۳۳۳؍رن بنالئے، جوریل اور شیخ رشید کی ہاف سنچریاں۔
سائی سدرشن کی شاندار سنچری اور کپتان دھروو جوریل اور شیخ رشید کی ناٹ آؤٹ نصف سنچریوں کی بدولت انڈیا’اے‘ نے سری لنکا ’اے‘ کے خلاف غیر سرکاری ٹیسٹ سیریز کے پہلے دن جمعرات کو ۴؍ وکٹ پر ۳۳۳؍رن بنا کر میچ پر اپنی گرفت مضبوط کر لی۔ ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے اتری انڈیا’اے‘ کی ٹیم کیلئے سائی سدرشن نے ۱۳۲؍ رنوں کی شاندار اننگز کھیلی۔ اس کے بعد کپتان دھروو جوریل (۶۸؍ ناٹ آؤٹ) اور شیخ رشید (۵۳؍ ناٹ آؤٹ) نے تیسرے اور آخری سیشن میں ناقابلِ شکست شراکت داری کر کے ٹیم کو مضبوط پوزیشن میں پہنچا دیا۔
اننگز کا آغاز کرنے اترے بائیں ہاتھ کے بلے باز سدرشن شروع سے ہی شاندار فارم میں نظر آئے۔ انہوں نے بہترین شاٹ سلیکشن اور صبر کا مظاہرہ کرتے ہوئے سری لنکن گیند بازوں کا سامنا کیا۔ ۸۲؍ رنوں کی ابتدائی شراکت داری کے بعد آیوش پانڈے کے آؤٹ ہونے پر سدرشن نے اننگز کو سنبھالا اور اپنی سنچری سے انڈیا’اے‘ کی مضبوط بنیاد رکھی۔ سدرشن نے ۱۷۵؍ گیندوں میں ۱۹؍ چوکوں کی مدد سے ۱۳۲؍ رن بنائے۔ ان کی اننگز میں صبر اور جارحیت کا شاندار توازن دیکھنے کو ملا۔
یہ بھی پڑھئے: خواتین ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ: بٹس کی ناٹ آؤٹ سنچری، جنوبی افریقہ کی نیدرلینڈز پر فتح
ان کے آؤٹ ہونے کے بعد بھی سری لنکا’اے‘ کو راحت نہیں ملی۔ کپتان جوریل اور رشید نے نپی تلی بلے بازی کرتے ہوئے رن ریٹ کو برقرار رکھا۔ انڈیا’اے‘ نے پورے دن ۳ء۸۷؍رن فی اوور کے اوسط سے رن بنائے۔ جوریل نے کپتانی اننگز کھیلتے ہوئے اسٹرائیک کو اچھی طرح روٹیٹ کیا اور خراب گیندوں پر رن بٹورے۔ دوسری طرف رشید نے تیز اور اسپن دونوں طرح کے گیند بازوں کے خلاف پُراعتماد بلے بازی کرتے ہوئے ان کا اچھا ساتھ نبھایا۔سری لنکا’اے‘ کی جانب سے بائیں ہاتھ کے اسپنر دلم سدیرا سب سے کامیاب گیند باز رہے۔ انہوں نے ۲۹؍اوور میں ۹۸؍ رن دے کر ۲؍ وکٹ لئے۔