Inquilab Logo

ورلڈ کپ۲۰۱۱ء کے فائنل میں میچ فکسنگ الزامات پر سنگاکارا سے ۱۰؍ گھنٹے تک تفتیش

Updated: July 04, 2020, 3:08 AM IST | Colombo

ورلڈ کپ۲۰۱۱ء کے فائنل میں میچ فکسنگ کے الزامات کی تحقیقات کے سلسلے میں سابق سری لنکن کپتان کمار سنگاکارا سے۱۰ ؍ گھنٹے تک تفتیش کی گئی۔۲۰۱۱

Kumar Sangakkara. Photo: Midday
کمار سنگاکارا۔ تصویر: مڈڈے

ورلڈ کپ۲۰۱۱ء کے فائنل میں میچ فکسنگ کے الزامات کی تحقیقات کے سلسلے میں سابق سری لنکن کپتان کمار سنگاکارا سے۱۰ ؍ گھنٹے تک تفتیش کی گئی۔۲۰۱۱ء کے فائنل میں سری لنکا کی قیادت کرنے والے ۴۲؍ سالہ سنگاکارا سے پولیس کے اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ کو تفتیش کیلئے طلب کیا گیا، جہاں ممبئی کے وانکھیڈے اسٹیڈیم میں سری لنکا کو ہندوستان کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی۔ ۱۰؍گھنٹے کی تفتیش کے بعد سنگاکارا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں کرکٹ کے احترام اور کھیل کیلئے میری ذمہ داری کی وجہ سے میں یہاں بیان دینے آیا تھا، مجھے امید ہے کہ اس تفتیش کے اختتام کے بعد سابق وزیر کھیل مہندا نندا التھ گماگے کی الزامات کے حوالے سے حقیقت سامنے آجائے گی۔انہوں نے اس بارے میں تفصیل نہیں بتائی کہ ان سے کیا سوالات کئے گئے البتہ انہوں نے بتایا کہ ایک اور سابق کپتان اور فائنل میچ میں سنچری بنانے والے مہیلا جے وردھنے کو بھی تفتیش کیلئے طلب کیا گیا ہے۔
 واضح رہے کہ ان الزامات کے سلسلے میں اوپننگ بلے باز اپل تھرنگا پہلے کھلاڑی تھے جنہیں تفتیش کیلئے طلب کیا گیا تھا اور ان سے بدھ کو ۲؍گھنٹے سے زائد دیر تک تفتیش کی گئی تھی اور اس سے ایک دن قبل فائنل کے حوالے سے چیف سلیکٹر اروندا ڈی سلوا سے ۶؍گھنٹے سے زائد دیر تک تفتیش کی گئی تھی۔ ۲۰۱۱ء میں سری لنکا کے وزیر کھیل کے منصب پر فائز رہنے والے مہندا نندا التھ گماگے نے گزشتہ ماہ بیان میں ورلڈ کپ کے فائنل میچ میں فکسنگ کے الزامات عائد کئے تھے۔سنگاکارا اس وقت لندن میں میریلبون کرکٹ کلب (ایم سی سی )کے موجودہ صدر ہیں لیکن جمعرات کو اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ کے سامنے پیشی سے قبل سنگاکارا نے کہا تھا کہ سابق وزیر کھیل کو ان الزامات کے سلسلے میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) سے رابطہ کرنا چاہئے ۔
فکسنگ تحقیقات بند 
سری لنکا کی پولیس نے جمعہ کو ورلڈ کپ ۲۰۱۱ءکے فائنل میں اپنی ٹیم کو ہندوستان سے ہارنے کے الزامات کی تحقیقات کو بند کردیا اور کہا کہ تجربہ کار کرکٹرس کمار سنگاکارا اور مہیلا جے وردھنے کے بیان ریکارڈ کرنے کے بعد اسے کوئی ثبوت نہیں ملا ہے۔ سابق وزیر کھیل مہندانند نے الزام لگایاتھا کہ ۲۰۱۱ء میں ہونے والے ورلڈ کپ کا فائنل میچ فکس ہوا تھا ، جس کے نتیجے میں پولیس کے خصوصی تفتیشی شعبے نے تحقیقات کا آغاز کیا تھا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK