ٹیم انتظامیہ سے انہوںنے خود کو ریلیز کرنے کی درخواست کی۔
EPAPER
Updated: August 09, 2025, 3:06 PM IST | Agency | New Delhi
ٹیم انتظامیہ سے انہوںنے خود کو ریلیز کرنے کی درخواست کی۔
راجستھان رائلز (آر آر) کے کپتان سنجو سیمسن نے فرنچائز سے انہیں ریلیزکرنے کو کہا ہے۔ ای ایس پی این کرک انفو کی طرف سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق سیمسن نے آر آر انتظامیہ سے درخواست کی تھی کہ وہ آئی پی ایل۲۰۲۵ءختم ہوتے ہی انہیں ریلیز کرے۔ سنجو سیمسن نے سب سے پہلے ۲۰۱۳ءمیں اس فرنچائز کو جوائن کیا اور پھر ۲۰۲۱ءمیں انہیں ٹیم کا کپتان بھی بنایا گیا۔
اس فرنچائز کے ۲۰۲۵ءسیزن کی جائزہ میٹنگ جون میں ہوئی تھی، حالانکہ اب تک آر آر نے سیمسن کو کوئی قطعی جواب نہیں دیا ہے۔ ایسا مانا جاتا ہے کہ آر آر بھی انہیں ٹیم میں رہنے کے لئے راضی کرنے کے لئے ایک آپشن کی تلاش میں ہیں۔
راجستھان رائلز کے مرکزی مالک منوج بڈالے نے پوچھے جانے پر اس پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔ حتمی فیصلہ بڈالے رائلز کے ہیڈ کوچ راہل دراوڑ کی مشاورت سے کریں گے۔ ۲۹؍سالہ سیمسن نے چوٹ کی وجہ سے ۲۰۲۵ءکے سیزن میں ۱۴؍ میں سے صرف ۹؍ میچ کھیلے تھے، ان کی غیر موجودگی میں ریان پراگ ٹیم کی قیادت کر رہے تھے۔ آر آرنے ۱۴؍میچوں میں صرف ۴؍ جیت کے ساتھ سیزن کو نویں نمبر پر ختم کیاتھا۔اگرآر آر سیمسن کو ریلیز کرنے کا فیصلہ کرتا ہے، تو ان کیلئے دستیاب اختیارات میں انہیں کسی اور فرنچائز کے ساتھ تجارت کرنا یا انہیں نیلامی میں بھیجنا شامل ہے۔ آئی پی ایل معاہدے کے مطابق ایسی صورت میں حتمی اختیار فرنچائز کے پاس ہے۔
۲۰۲۲ءمیں سیمسن نے آر آر کو ۲۰۰۸ء کے بعد پہلے فائنل میں پہنچایا۔انہوں نے ۲۰۲۲ءکے کامیاب سیزن میں بڑا کردار ادا کیا تھا ۔ جوس بٹلر اور یزویندر چہل، جنہوں نے اس سیزن میں اورینج اور پرپل کیپ جیتے تھے کو ۲۰۲۵ء کی میگا نیلامی سے قبل آر آر نے ریلیز کیا تھا۔سنجو اس وقت بنگلور میں تربیتی پروگرام سے گزر رہے ہیں۔ سیمسن کو ۹؍ستمبر سے متحدہ عرب امارات میں شروع ہونے والے ایشیا کپ کے لئےمنتخب کئے جانے کا امکان ہے۔ اس سے قبل سنجو سیمسن کیرالا کرکٹ لیگ میں چند میچ کھیلیں گے اور فارم حاصل کرنے کی کوشش کریںگے۔