• Fri, 23 January, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

سرفراز خان کےفرسٹ کلاس میں ۵؍ ہزار رَن مکمل

Updated: January 23, 2026, 3:31 PM IST | Agency | New Delhi

رنجی ٹرافی میں حیدرآباد کیخلاف جاری میچ میں شاند ار بلے بازی ،۱۴۲؍ رن بناکر کریز پر موجود ،سدھیش لاڈکی بھی سنچری۔

Sarfaraz Khan. Picture: INN
سرفراز خان۔ تصویر: آئی این این
نئی دہلی( ایجنسی ) : سرفراز خان نے بلے بازی میں سال کا آغاز شاندار سنچری سے کیا ہے۔ ممبئی کی جانب سے کھیلتے ہوئے سرفراز نے رنجی ٹرافی میچ میں حیدرآباد کے خلاف شاندار سنچری اسکور کی۔ اس کے ساتھ ہی  دائیں ہاتھ کے بلے باز نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں۵؍ ہزار رن بھی مکمل کر لیے ۔ سرفراز نے اپنی۹۱؍ویں اننگز میں۱۷؍و یں سنچری بنائی۔ سرفراز کی شاندار اننگز نے ممبئی کو حیدرآباد کے خلاف اپنی پوزیشن مضبوط کرنے میں مدد دی۔ 
سرفراز خان کا فرسٹ کلاس میں اوسط بڑھ  کر۶۴ء۳؍ہوگیا ہے۲۱؍ویںصدی میں ڈیبیو کرنے والے اور۵؍ ہزار رن بنانے والے کسی اور بلے باز کا اوسط سرفراز سے زیادہ نہیں ہے۔ وہ صرف رن ہی نہیں بنا رہے ہیں۔ فرسٹ کلاس کرکٹ میں ان کا اسٹرائیک ریٹ۷۰؍ ہے۔ وہ۳۳؍ ویں اوور میں بیٹنگ کے لیے آئے جب اسکورر۸۲؍رن  پر۳؍ وکٹ تھا۔
سرفراز اور سدھیش لاڈ  میں بہترین شراکت 
سرفراز خان (ناٹ آؤٹ۱۴۲ ) اور کپتان سدھیش لاڈ(۱۰۴) کی شاندار اننگز کی بدولت ممبئی نے پہلے دن ۴؍ وکٹ پر۳۳۲؍رن  بنائے۔ ممبئی نے۶۰؍ رن کی اوپننگ پارٹنرشپ کے ساتھ اچھی شروعات کی۔ لیکن وہ اگلے۲۲؍ رن کے اندر تین وکٹیں گنوا بیٹھے جن میں سے ایک نئے کپتان محمد سراج نے حاصل کی ۔ سرفراز اور لاڈ نے تقریباً۵۰؍ اوورز تک بیٹنگ کی اور چوتھے وکٹ کیلئے ۲۴۹؍ رنز کی شراکت داری کی ۔ اس کے بعد لاڈ کو روہت رائیڈو نے ایل بی ڈبلیو کیا۔ سرفراز نے تیز رفتاری سے بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی اننگز میں۹؍ چوکے اور۴؍ چھکے لگائے اور دن کے کھیل  کے اختتام پر ان کا اسٹرائیک  ریٹ ۸۳ء۷۴؍ تھا۔ لاڈ نے۱۷۹؍گیند وں میں۱۰؍ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے۱۰۴؍ رن بنائے۔
سرفراز کیلئے سیزن شاندار رہا 
سرفراز خان کیلئے یہ سیزن شاندار رہا ہے۔  سرفراز کی اس شاندار اننگز نے۴۲؍ بار کی رنجی چمپئن ممبئی کو ایک بڑے اسکور کی طرف گامزن کردیا ہے۔ سرفراز نے ۲۶-۲۰۲۵ء کے سیزن میں سید مشتاق علی ٹرافی  میں ۳۲۹؍ رن بنائے تھے جبکہ وجے ہزارے ٹرافی میں انہوں نے ۳۰۳؍ رن بنائے تھے۔ اس ہونہار کرکٹر نے رنجی ٹرافی میں۳۲۰؍ رن بنائے اور سید مشتاق علی ٹرافی میں سنچری بھی بنائی۔ انہوں نے رنجی ٹرافی کے اس میچ میں بھی سنچری بنائی۔ سرفراز کو حال ہی میں چنئی سپر کنگز نے آئی پی ایل کی نیلامی میں ۷۵؍ لاکھ روپے میں خریدا  ہے۔
شبھ من گل صفر پر آؤٹ، سوراشٹر کو برتری
راج کوٹ میں کھیلے جا رہے رنجی ٹرافی کے میچ میں پنجاب کی نمائندگی کر رہے ہندوستانی  کپتان شبھ من گل سوراشٹر کے خلاف دوسری ہی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو کر صفر پر آؤٹ ہو گئے۔  جے گوہل(۸۲)کی جاندار اننگز اور پارتھ بھٹ  کےپانچ وکٹوں کی شاندار کارکردگی کی بدولت سوراشٹر نے میچ میں مضبوط برتری حاصل کر لی۔سوراشٹر نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرتے ہوئے۴۷ء۱؍اوور میں ۱۷۲؍ رن بنائے۔ جے گوہل کے علاوہ پریرک مانکڈ نے۳۲؍ رن کا تعاون کیا۔ پنجاب کی جانب سے ہرپریت برار نے۶؍ وکٹ حاصل کیے۔جواب میں پنجاب ۴۰ء۱؍ اوور میں ۱۳۹؍ رن پر سمٹ گئی۔ پربھسمرن سنگھ نے سب سے زیادہ۴۴؍ رن بنائے۔  پارتھ  بھٹ نے۳۳؍ رن دے کر پانچ وکٹ حاصل کیے۔دن کے اختتام پر سوراشٹر نے دوسری اننگز میں ۳؍ وکٹ ۲۴؍ رن بنا لیے تھے اور اسے ۵۷؍ رن کی برتری حاصل  ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK