Inquilab Logo Happiest Places to Work

سرفراز خان سری لنکا کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے تیار

Updated: August 11, 2026, 1:05 PM IST | Agency | New Delhi

ہندوستانی بلے باز نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ٹیم کی ٹریننگ جرسی میں تصویر شیئر کی۔

Sarfaraz Khan (left) with his father Naushad Khan. Picture: INN
سرفراز خان(بائیں) نےاپنے والد نوشاد خان کے ساتھ۔ تصویر: آئی این این

’’میں شاید ہندوستانی ٹیم میں فٹ نہ بیٹھوں لیکن میں اپنی طرف سے کوئی کسر نہیں چھوڑوں گا۔‘‘ سری لنکا دورے سے چند دن پہلے سرفراز خان کا انٹرنیٹ میڈیا پر لکھا گیا یہ پیغام اب ان کی واپسی کی کہانی کا سب سے درست خلاصہ بن گیا ہے۔ تقریباً ۲؍ سال تک ہندوستانی ٹیسٹ ٹیم سے دور رہنے کے بعد اتوار کو سرفراز کو بالآخر ۲؍ ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لئے ٹیم میں جگہ مل گئی ہے۔ سری لنکا کے خلاف آئندہ ۲؍ ٹیسٹ میچوں کی سیریز کےلئے ہندوستانی ٹیم میں واپسی کرنے والے بلے باز سرفراز خان نے سوشل میڈیا پر تصویر شیئر کرکے اپنی خوشی کا اظہار کیا ہے۔ سرفراز نے انسٹاگرام پر اپنے والد، سابق کلب کرکٹر اور کوچ نوشاد خان کے ساتھ ہندوستانی ٹیم کی ٹریننگ کِٹ میں اپنی تصویر پوسٹ کی۔ سرفراز کو زخمی سائی سدرشن کی جگہ ہندوستانی ٹیسٹ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔  واضح رہے کہ سائی سدرشن دائیں پیر کے انگوٹھے میں اسٹریس ری ایکشن کی وجہ سے سری لنکا کے خلاف ۲؍ ٹیسٹ میچوں کی سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: بیڈمنٹن :بندروں کو بھگانے کے لیے لنگور کی آواز نکالنے والا شخص تعینات کیا گیا

طویل انتظار کے بعد ٹیسٹ ٹیم میں واپسی 

سرفراز خان کو آخری بار ۲۵۔۲۰۲۴ء ہندوستانی ٹیسٹ ٹیم میں بارڈر گاوسکر ٹرافی کے دوران  شامل کیا گیا تھا۔ آسٹریلیا کے خلاف ۵؍ میچوں کی وہ سیریز ہندوستان نے ۴۔ایک سے گنوا دی تھی۔ اس کے بعد سے سرفراز ٹیسٹ ٹیم سے باہر چل رہے تھے، حالانکہ گھریلو کرکٹ میں ان کا ریکارڈ شاندار رہا ہے۔ دائیں ہاتھ کے اس بلے باز نے ۶۲؍فرسٹ کلاس میچوں میں ۶۴ء۷۳؍کے اوسط سے رن بنائے ہیں۔  ہندوستان کے لئے وہ اب تک صرف ۶؍ ٹیسٹ میچ ہی کھیل سکے ہیں۔ ان کا پچھلا ٹیسٹ میچ نومبر ۲۰۲۴ء میں تھا۔سرفراز کو ٹیم سے باہر کئے جانے کے فیصلے پر اس وقت بھی سوال اٹھے تھے جب انہیں جنوبی افریقہ’ اے‘ کے خلاف سیریز کے لئے انڈیا’ اے‘ ٹیم میں جگہ نہیں ملی تھی۔ اس کے بعد ہندوستانی ٹیم کو جنوبی افریقہ کے خلاف ۲؍ میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں دوصفرسے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

یہ بھی پڑھئے:ممبئی کے۱۶؍ سالہ شوٹر شلوک ہجارے کو ۲؍لاکھ کی مدد، بین الاقوامی آغاز

واپسی کیلئے سخت محنت کی

سائی سدرشن کے زخمی ہونے سے خالی ہونے والی جگہ نے سرفراز کیلئے وہ دروازہ کھول دیا جس کا وہ طویل عرصے سے انتظار کر رہے تھے۔ لیکن یہ واپسی صرف قسمت کا کرشمہ نہیں ہے۔ پچھلے ڈیڑھ سال میں سرفراز نے خود کو جسمانی اور تکنیکی دونوں سطحوں پر بدلنے کےلئے سخت محنت کی ہے۔ کبھی اپنے بھاری جسم کی وجہ سے تنقید کا نشانہ بننے والے اس ممبئی کے بلے باز نے تقریباً ۱۷؍کلو وزن کم کیا ہے۔ اب ان کا جسم پہلے سے زیادہ چاق و چوبند نظر آتا ہے اور اس کا اثر ان کے ٹی ۔۲۰؍ کھیل میں بھی دکھائی دیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK