Inquilab Logo

’’سرفراز خان کا اصل امتحان بیرون ملک کی وکٹوں پر ہوگا‘‘

Updated: February 21, 2024, 11:01 AM IST | Debashis Datta | Mumbai

ہندوستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سورو گنگولی نے نوجوان بلے بازکی کارکردگی پر خوشی کا اظہار کیا۔

Eyes on the future: Team India`s attacking batsman Sarfaraz Khan. Photo: PTI
نگاہیں مستقبل پر مرکوز:ٹیم انڈیا کے جارح بلے باز سرفراز خان۔ تصویر : پی ٹی آئی

انگلینڈ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میچ میں سرفراز خان نے شاندار طریقے سے اپنے ٹیسٹ کریئر کا آغاز کرتے ہوئے تہلکہ مچا دیا ہے۔ انہوں نے میچ کی دونوں اننگز میں جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہاف سنچریاں بنائی تھیں۔ پہلی اننگز میں سرفراز نے جہاں ۶۲؍رنوں کی اننگز کھیلی تو دوسری اننگز میں بھی انہوں نے اپنا شاندار فارم برقرار رکھتے ہوئے ۶۸؍رنوں کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی تھی۔ سرفراز خان نےجس انداز میں بلے بازی کی تھی اسے دیکھ کر یہ کہا جا سکتا ہے کہ وہ طویل وقت تک ٹیم انڈیا کی نمائندگی کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ ان کی بلے بازی کو دیکھ کر کئی سابق کھلاڑی بھی متاثر ہوئے ہیں اور انہوں نے یشسوی جےسوال اور سرفراز خان کو ہندوستانی کرکٹ کا مستقبل قرار دیا ہے۔ 
 ٹیم انڈیا کے سابق کپتان سورو گنگولی بھی سرفراز خان کی بلے بازی سے کافی متاثر ہوئے ہیں۔ گنگولی نے حالانکہ یہ بھی کہا کہ سرفراز خان نے اپنے ٹیسٹ کریئر کا شاندار آغاز کیا ہے لیکن ان کا اصل امتحان غیر ملکی دوروں پر ہوگا۔ 
 انقلاب کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے بائیں ہاتھ کے سابق بلے باز سورو گنگولی نے کہا کہ ’’سرفراز نے اچھی شروعات کی ہے۔ اب انہیں بیرون ملک بھی رن بناکر اپنی صلاحیت کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ سرفراز خان ابھرتے ہوئے کرکٹ کھلاڑیوں کےلئے مثال ہیں۔ کھلاڑیوں کو یہ بات ذہن نشین کرنی چاہئے کہ اگر وہ گھریلو کرکٹ میں لگاتار اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے رہیں گےتو وہ دیر سویر قومی ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوسکتے ہیں۔ ‘‘
 اپنے ۱۱۳؍ٹیسٹ میچوں میں ۷؍ہزار ۲۱۲؍رن بنانے والے سابق کپتان سورو گنگول نے نوجوان بلے باز یشسوی جےسوال کی بھی تعریف کی۔ انگلینڈ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میچ میں ڈبل سنچری بنانے والے ۲۲؍سالہ نوجوان بلے باز کی تعریف کرتے ہوئے گنگو لی نے کہا کہ جے سوال نہ صرف اچھے بلے باز ہیں بلکہ وہ کرکٹ کے تمام فارمیٹ میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔  
 اس کے ساتھ ہی سورو گنگولی نے یہ بھی کہا کہ انگلینڈ جس طرح ’بیز بال‘ طرز پر جارحانہ کرکٹ کھیلنے کی کوشش کر رہا وہ ٹیسٹ کرکٹ کےلئے اچھی بات کہی جا سکتی ہے لیکن یہ چیز ہندوستانی حالات میں کارگر ثابت شاید نہ ہو سکے۔ اگر ہندوستان یہ ٹیسٹ سیریز ہارتا ہے تو مجھے حیرانی ہو گی۔ آپ کو معلوم ہونا چاہیے کہ ہندوستانی ٹیم وراٹ کوہلی، کے ایل راہل کے بغیر کھیل رہی ہے، یہ ایک نوجوان ٹیم ہے۔ ٹیم میں بہت سے نئے چہرے شامل ہیں اس کے باوجود انگلینڈ کی ٹیم جدوجہد کرتی نظر آرہی ہے۔ ‘‘
 ٹیم انڈیا کے لیگ اسپن گیندباز آر اشون کے تیسرے ٹیسٹ میچ کو درمیان میں چھوڑ کر چلے جانے کے بارے میں گنگولی نےکہا کہ ’’یہ بات ثابت کرتی ہے کہ ٹیم کتنی پُر اعتماد ہے۔ ٹیم کے اہم کھلاڑی کا غیر معمولی حالات میں میچ بیچ میں چھوڑنے سے ٹیم پر کسی قسم کا کوئی اثر نہیں ہوا۔ یہ اس بات کو ثابت کرتی ہے کہ ٹیم کتنے اعتمادکیساتھ مخالف ٹیم کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے‘‘
 ۵۱؍سالہ سابق کپتان سورو گنگولی نے روہت شرما کوٹی۔ ۲۰؍کرکٹ ورلڈ کپ کیلئے کپتان بنانے کے فیصلہ کو صحیح قرار دیتے ہوئے بی سی سی آئی کی سلیکشن کمیٹی کی تعریف بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ ’’ٹی۔ ۲۰؍عالمی کپ کیلئے روہت شرما کو کپتان منتخب کرنا صحیح فیصلہ ہے۔ جس طرح سے انہوں نے یکروزہ عالمی کپ میں ۱۰؍ میچوں میں کامیابی حاصل کی ہے وہ ہم سب کے ذہن میں تازہ ہے۔ وہ باصلاحیت کھلاڑی اور پُر اعتماد کپتان ہیں۔ میرے خیال سے روہت شرما کپتانی کیلئے بہترین انتخاب ہیں۔ ‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK