Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’گول میسی کریں، ٹرافی مجھے چاہیے!‘‘ ، کیلین ایمباپے کا دوٹوک جواب

Updated: July 01, 2026, 5:06 PM IST | New York

فٹبال ورلڈ کپ کے ریکارڈز بک میں لیونل میسی اور فرانس کے اسٹار اسٹرائیکر کیلین ایمباپے کے درمیان سنسنی خیز مقابلہ جاری ہے تاہم۲۷؍ سالہ فرانسیسی کپتان کا کہنا ہے کہ وہ گولڈن بوٹ یا سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی بننے کے بجائے ۱۹؍ جولائی کو نیویارک میں شیڈول فائنل میں ورلڈ کپ ٹرافی اٹھانے کے جنون میں مبتلا ہیں۔

Kylian Mbappe.Photo:X
کیلین ایمباپے۔ تصویر:ایکس

  فٹبال ورلڈ کپ کے ریکارڈز بک میں لیونل میسی اور فرانس کے اسٹار اسٹرائیکر کیلین ایمباپے کے درمیان سنسنی خیز مقابلہ جاری ہے  تاہم۲۷؍ سالہ فرانسیسی کپتان کا کہنا ہے کہ وہ گولڈن بوٹ  یا سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی بننے کے بجائے ۱۹؍ جولائی کو نیویارک میں شیڈول فائنل میں ورلڈ کپ ٹرافی اٹھانے کے جنون میں مبتلا ہیں۔
گزشتہ روز راؤنڈ آف ۳۲؍ کے مقابلے میں فرانس نے سویڈن کو ۰۔۳؍گول  سے عبرت ناک شکست دی۔ اس میچ میں ایمباپے نے شاندار دو گول داغے، جس کے بعد ورلڈ کپ کی تاریخ میں ان کے مجموعی گولز کی تعداد ۱۸؍ (صرف ۱۸؍ میچوں میں) ہو گئی ہے اور وہ میسی کے ورلڈ کپ ریکارڈ (۱۹؍ گولز) سے محض ایک گول دور ہیں۔ اس کے علاوہ وہ رواں ٹورنامنٹ میں بھی ۶؍ گولز کے ساتھ میسی کے ہمراہ سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی بن چکے ہیں۔


میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیلین ایمباپے نے اپنے عزم کا اظہار ان الفاظ میں کیا’’جیسا کہ میں نے پہلے بھی کہا تھا، ہمارا ہدف جہاں تک ممکن ہو سکے آگے بڑھنا ہے۔ ہمارا اصل مقصد ۱۹؍ جولائی کو ہونے والے فائنل تک پہنچنا اور ٹرافی کے ساتھ لوٹنا ہے۔ ہم ایک وقت میں ایک ہی قدم آگے بڑھا رہے ہیں۔ ظاہر ہے، آپ جتنے زیادہ گول کریں گے، رینکنگ میں اتنے ہی اوپر جائیں گے-یہ کوئی نئی بات نہیں ہے۔‘‘
ایمباپے نے لیونل میسی کی تعریف کرتے ہوئے مزید کہا’’میں یہ بات اچھی طرح جانتا ہوں کہ لیو (میسی) ابھی اور گول کریں گے، اس لیے میری توجہ اس دوڑ پر نہیں ہے۔ میں صرف اپنے آنے والے حریفوں اور اپنے اصل ہدف یعنی فائنل تک پہنچنے پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہوں۔‘‘

یہ بھی پڑھئے:’’روایتی شوز کو ختم کرنے کیلئے میں نے اپنا پروڈکشن ہاؤس شروع کیا ہے‘‘


ٹورنامنٹ کی موجودہ صورتحال کے مطابق لیونل میسی کی ارجنٹائنا جمعہ کے روز راؤنڈ آف ۳۲؍ میں کمزور حریف کیپ ورڈی کے خلاف میدان میں اترے گی۔ فرانس کا اگلا ٹکراؤ ہفتے کے روز فلاڈیلفیا میں پیراگوئے سے ہوگا، جہاں کوارٹر فائنل کا ٹکٹ داؤ پر لگا ہوگا۔ پیراگوئے نے پیر کو چار بار کی عالمی چیمپئن جرمنی کو سخت دفاعی حکمتِ عملی  کے ذریعے پنالٹی شوٹ آؤٹ پر ٹورنامنٹ سے باہر کر کے سب کو حیران کر دیا تھا۔ اس لیے قوی امکان ہے کہ وہ فرانس کے خلاف بھی اسی مضبوط دفاعی دیوار کا استعمال کریں گے۔

یہ بھی پڑھئے:’’ میں واپس آؤں گا‘‘ اور’’الفا‘‘ کی کامیابی خواب کی تعبیر ہوگی: شروَری

ایمباپے نے اپنے ساتھیوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ وہ کسی بھی حریف کو ہلکا لینے کی غلطی نہیں کریں گے۔ان کا کہنا تھا’’ہم پیراگوئے کے خلاف میچ سے پہلے اپنی خامیوں کو سدھارنے کے لیے سخت محنت جاری رکھیں گے، کیونکہ کھیل کے کچھ شعبوں میں اب بھی بہتری کی گنجائش ہے۔ تاہم، مجموعی طور پر ہماری کارکردگی مثبت ہے اور گول کرنے کی ہماری صلاحیت ہمیں ہمیشہ میچ میں برتری دلانے کا موقع فراہم کرتی ہے۔‘‘واضح رہے کہ اگر فرانسیسی ٹیم پیراگوئے کو شکست دینے میں کامیاب ہو جاتی ہے، تو کوارٹر فائنل میں اس کا سامنا شریک میزبان کنیڈا یا افریقی جادوگر مراکش سے ہو سکتا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK