• Tue, 15 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

یووینٹس فٹبال کلب کی فتح میں رامسے اور کرسٹیانو رونالڈو نے اہم کردار ادا کیا

Updated: January 12, 2021, 12:38 PM IST | Agency | Turin

اطالوی گھریلو لیگ میں یووینٹس نے سوسولو فٹبال کلب کو ایک۔۳؍ سے شکست دی۔ رامسے اور رونالڈو کے ساتھ ایک گول ڈینیلو نے بھی کیا

Cristiano Ronaldo .Picture :INN
کرسٹیانو رونالڈو۔ تصویر:آئی این این

اٹلی کی گھریلو فٹبال لیگ سیری اے میں یووینٹس فٹبال کلب نے  اچھی کارکردگی کامظاہرہ کرتے ہوئے سوسولو فٹبال کلب کو ایک کے مقابلے ۳؍گول سے شکست دے دی۔ اس میچ میں یووینٹس کی جانب سے رامسے اور کرسٹیانو رونالڈو نے  اہم کردار اداکیا اور ٹیم کیلئے ایک ایک گول  کئے۔  اتوار کی دیر رات ہونے والے میچ میں یووینٹس فٹبال کلب نے جدوجہد کی اور فرسٹ ہاف میں اس کی جانب سے کوئی گول نہیں ہوسکا۔ میچ کے فرسٹ ہاف کے انجری ٹائم میں سوسولو کے کھلاڑی  پیڈرو اوبیانگ کو ریفری نے پہلے یلو کارڈ دکھایا لیکن ان کا فاؤل زیادہ سنگین تھااور ویڈیو اسسٹنٹ ریفری کی مدد سے انہیں ریڈ کارڈ ملا۔ سوسولو کیلئے یہ بہت بڑا جھٹکاتھا کیونکہ دوسرے ہاف میں اسے ۱۰؍کھلاڑیوں کے ساتھ میچ مکمل کرنا پڑا تھا۔ فرسٹ ہاف میں یووینٹس کے ۲؍کھلاڑیوں کو بھی یلو کارڈ ملا تھا جن میں لیونارڈو بونوچی کا نام بھی شامل تھا۔  میچ کے دوسرے ہاف میں یووینٹس کے کھلاڑیوں نے حملہ شروع کیا اوراسے پہلی کامیابی ۵۰؍ویں منٹ میں ملی۔ ڈینیلو نے ایک طویل شاٹ کے ذریعہ ٹیم کا پہلا گول کیا۔ اس گول کے ۸؍منٹ بعد ہی ۱۰؍کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنے والے سوسولو فٹبال کلب نے برابری کا گول کیا۔ گیرگور ڈیفرل نے حمید ترار کی مدد سے ٹیم کیلئے برابری کا گول کیا۔ میچ کے آخری لمحات تک یووینٹس کو اپنے ہی گھریلو میدان پر برتری کا گول کرنے کیلئے جدوجہد کرنی پڑی۔ میچ کے ۸۲؍ویں منٹ  میں گلام لوکا کی مدد سے ایرون رامسے نے ٹیم کیلئے دوسرا گول کیا۔ میچ کے انجری ٹائم میں کرسٹیا رونالڈو نے یووینٹس کی فتح یقینی کرتے ہوئے ایک گول کردیا۔ ڈینیلو کی مدد سے رونالڈو نے میدان کے ہاف سے گیند کو حریف ٹیم کے گول تک پہنچایا اور شاندار کک کے ذریعہ اسے جال میں ڈال دیا۔ رونالڈو کے گول کے بعد اسکور ایک۔۳؍ ہوگیا اور یووینٹس نے ۳؍پوائنٹس حاصل کرلئے۔ وہ ٹیبل میں چوتھی پوزیشن پر ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK