Inquilab Logo

شہباز ندیم نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا

Updated: March 05, 2024, 10:01 PM IST | New Delhi

فرسٹ کلاس کرکٹ میں ۵۰۰؍سے زیادہ وکٹ لینے والے جھارکھنڈ کے بائیں ہاتھ کے گیند باز شہباز ندیم نے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لیا ہے

Shahbaz Nadeem. Photo:INN
شہباز ندیم۔ (تصویر:آئی این این)

 فرسٹ کلاس کرکٹ میں ۵۰۰؍سے زیادہ وکٹ لینے والے جھارکھنڈ کے بائیں ہاتھ کے گیند باز شہباز ندیم نے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لیا ہے۔ندیم نے کہا کہ میں کافی عرصے سے ریٹائرمنٹ کے فیصلے پر غور کر رہا تھا اور اب میں نے فیصلہ کیا ہے کہ میں تینوں فارمیٹس سے ریٹائرڈ ہو رہا ہوں۔ میں ہمیشہ محسوس کرتا ہوں کہ جب آپ کے پاس کچھ حوصلہ افزائی ہوتی ہے تو آپ ہمیشہ اپنے آپ کو اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر زور دیتے رہتے ہیں۔ تاہم اب جب کہ میں جانتا ہوں کہ مجھے ہندوستانی ٹیم میں موقع نہیں مل سکتا، بہتر یہی ہے کہ میں نوجوان کرکٹرس کو موقع دوں۔ اس کے علاوہ اب میں دنیا بھر کی ٹی۲۰؍  لیگز میں کھیلنے کا بھی منصوبہ بنا رہا ہوں۔
ندیم نے ہندوستان کیلئے  دو ٹیسٹ میچ کھیلے۔ انہوں نے۲۰۱۹ء میں رانچی میں جنوبی افریقہ کے خلاف میچ میں آغاز کیا تھا۔ انہوں نے اس میچ میں ۴؍ وکٹ حاصل کئے تھے۔ اس کے بعد انہیں ۲۰۲۱ء میں انگلینڈ کے خلاف میچ کھیلنے کا موقع ملا۔ اس کے علاوہ آئی پی ایل میں  دہلی ڈیئر ڈیولس اور سن رائزرس حیدرآباد کی ٹیموں کے ساتھ کل۷۲؍ میچ کھیلے۔ انہوں نے فرسٹ کلاس کرکٹ کے۱۴۰؍ میچوں میں ۲۸ء۸۶؍کے  اوسط سے مجموعی طور پر ۵۴۲؍ وکٹ حاصل کئے۔ اس کے علاوہ اس فہرست میں ان کے نام۱۷۵؍ اور ٹی ۲۰؍ میں۱۲۵؍ وکٹ  ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں ہمیشہ چاہتا ہوں کہ کوئی بھی فیصلہ زیادہ جذباتی ہو کر نہ کیا جائے۔ میں۲۰؍ سال سے جھارکھنڈ ٹیم کے لئے  کھیل رہا ہوں۔ اگرچہ ہم نے رنجی ٹرافی نہیں جیتی، لیکن ہم نے ایک مضبوط ٹیم کی بنیاد رکھی ہے، جو ہر دوسرے تیسرے سال رنجی یا مختلف ڈومیسٹک ٹورنامنٹس کے ناک آؤٹ تک پہنچتی ہے۔ ڈومیسٹک کرکٹ میں آج کوئی بھی جھارکھنڈ کی ٹیم کو کمتر نہیں سمجھتا ہے۔ میں نے محسوس کیا کہ اب مجھے یہ کام نوجوانوں کے حوالے کر دینا چاہیے اور مجھے یقین ہے کہ وہ مستقبل میں ہماری ٹیم کیلئے  بڑی ٹرافیز جیتیں گے۔
 ندیم ۱۶۔۲۰۱۵ءاور ۱۷۔۲۰۱۶ء  میں رنجی ٹرافی میں سب سے زیادہ وکٹ لینے والے بولر تھے۔ اس کے علاوہ وہ۲۰۱۸ء وجے ہزارے ٹرافی میں سب سے زیادہ وکٹ لینے والے بولر بھی تھے۔  ۲۰۱۸ء وجے ہزارے ٹرافی میں انہوں نے راجستھان کے خلاف صرف۱۰؍ رن پر۸؍ وکٹ لے کر ایک عالمی ریکارڈ بنایا تھا۔۲۰۱۳ء سے ۲۰۲۰ء تک انڈیا اے کے لئے  کھیلتے ہوئے انہوں نے ۲۸ء۴۶؍کے  اوسط سے زیادہ سے زیادہ۸۳؍ وکٹ بھی لئے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK