ٹینس ٹورنامنٹ میں ہندوستان اور آسٹریلیائی کھلاڑی کوخطابی فائنل مقابلے میںاسپین اور ارجنٹائنا کے کھلاڑیوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
EPAPER
Updated: October 16, 2023, 12:52 PM IST | Agency | Shanghai
ٹینس ٹورنامنٹ میں ہندوستان اور آسٹریلیائی کھلاڑی کوخطابی فائنل مقابلے میںاسپین اور ارجنٹائنا کے کھلاڑیوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
ہندوستان کے اسٹار ٹینس کھلاڑی روہن بوپنا اور ان کے آسٹریلیائی جوڑیدار میتھیو ایبڈن اتوار کو کیزونگ فاریسٹ اسپورٹس سٹی ایرینا میں شنگھائی ماسٹرز میں مردوں کا ڈبلز فائنل میں ہار گئے۔
اس سال کے شروع میں یو ایس اوپن گرینڈ سلیم کے فائنل میں پہنچنے والی یہ جوڑی شنگھائی فائنل میں اسپین کے مارسل گرینولرز اور ارجنٹائنا کے ہوراسیو جبالوس سے۶۔۷،۲ ۔۶، ۷۔۱۰؍ سے ہار گئی۔ واضح رہے کہ روہن بوپنا کا یہ سال کا تیسرا اے ٹی پی ماسٹرز ۱۰۰۰؍ فائنل تھا۔ ہندوستانی ٹینس کھلاڑی، جو اب ۴۳؍سال کے ہیں ، نے مارچ میں انڈین ویلز ماسٹرزمیں ایبڈن کے ساتھ جوڑی بنائی تھی اور خطاب جیتا تھا۔اولمپکس ڈاٹ کام کے مطابق اس جیت نے روہن بوپنا کو ٹینس کی تاریخ کے سب سے عمر دراز اے ٹی پی ماسٹرز چمپئن کا اعزاز بھی دلایا تھا۔
ہند۔آسٹریلیائی جوڑی نے مئی میں میڈرڈ ماسٹرز کے فائنل میں بھی جگہ بنائی تھی لیکن فیصلہ کن میچ میں کیرن کھچانوف اور آندرے روبلیو سے ہار گئی تھی۔ چوتھی سیڈ بوپنا اور ایبڈن کو مارسل گرینولرز اور ہوراسیو جبالوس سے سخت مقابلہ کا سامنا کرنا پڑا۔دونوں ٹیمیں پہلے سیٹ میں اپنی سروس برقرار رکھنے میں کامیاب رہیں لیکن ۱۲؍ ویں گیم میں ہندوستان اورآسٹریلیائی جوڑی نے فیصلہ کن بریک پوائنٹ حاصل کر کے برتری حاصل کر لی۔
ٹورنامنٹ کا اپنا پہلا سیٹ ہارنے کے بعد ساتویں سیڈ مارسل گرینولرز اور ہوراسیو جبالوس کی جوڑی نے اپنے کھیل کے معیر کو بلند کیا اور شاندار جواب دیتے ہوئے دوسرے سیٹ میں بوپنا۔ ایبڈن کو شکست دے کر اسکور برابر کر دیا۔ مارسیل گرانولرز اور جبالوس نے ٹائی بریکر میں تیسرا اور فیصلہ کن سیٹ جیت کر خطاب اپنے نام کرلیا۔