Updated: January 17, 2026, 2:43 PM IST
|
Agency
| Melbourne
آسٹریلین اوپن :خواتین کے مقابلوں میں آرینا سبالینکا اور کوکو گاف کو ایک ہی ہاف میں رکھا گیا ہے اور یہ دونوں سیمی فائنل کھیل سکتی ہیں۔
سال کے پہلے گرینڈ سلیم، آسٹریلین اوپن کے ڈراز کا اعلان جمعہ کو کیا گیا۔ دفاعی چیمپئن یانک سنر اور نوواک جوکووچ کو ایک ہی ہاف میں رکھا گیا ہے یعنی اگر سب کچھ ٹھیک رہا تو دونوں تجربہ کار سیمی فائنل میں مقابلہ کر سکتے ہیں۔
جوکووچ ۱۰؍ بار میلبورن پارک میں ٹائٹل جیت چکے ہیں، لیکن ۲۰۲۳ء کے بعد سے سیمی فائنل سے آگے نہیں بڑھ سکے ہیں۔دوسرے ہاف میں ٹاپ رینک والے کھلاڑی کارلوس الکاراز ہیں، جن کے ڈرا میں الیگزینڈر زیوریو، اسٹیفانو ٹیافو اور مقامی فیورٹ الیکس ڈی مینور شامل ہیں، جو چھٹے نمبر پر ہیں۔ کارلوس الکاراز کا مقابلہ پہلے راؤنڈ میں مقامی کھلاڑی ایڈم والٹن سے ہوگا۔ مین ڈرا میچ اتوار کو شروع ہوں گے۔ٹاپ سیڈ آرینا سبالینکا اور کوکو گاف کو ایک ہی ہاف میں رکھا گیا ہے، یعنی وہ سیمی فائنل میں بھی مقابلہ کر سکتی ہیں۔ دوسرے راؤنڈ میں امریکہ کی نوجوان کھلاڑی کوکو گاف کا مقابلہ وینس ولیمز سے ہو سکتا ہے۔
دوسرے نمبر پر آنے والی ایگا سواتیک کا مقصد میلبورن پارک میں اپنا پہلا ٹائٹل جیتنا اور کریئر کا گرینڈ سلیم حاصل کرنا ہے۔ چوتھے راؤنڈ میں ان کا مقابلہ چار بار کی بڑی فاتح ناؤمی اوساکا سے ہو سکتا ہے۔سلوین اسٹیفنز نے مین ڈرا کے لیے کوالیفائی کر لیا۔ سلوین اسٹیفنز نے آسٹریلین اوپن کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے، جو ایک سال قبل میلبورن پارک میں پہلے راؤنڈ میں ٹاپ رینک کی آرینا سبالینکا سے ہارنے کے بعد ان کا پہلا گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ ہے۔ آسٹریلین اوپن سے پہلے ایک نمائشی ٹورنامنٹ میں، ایک مقامی شوقیہ کھلاڑی نےیانک سنر کو شکست دے کر ون پوائنٹ سلیم جیت لیا اور تقریباً ۶؍کروڑ روپے کی انعامی رقم جیتی۔
راجر فیڈرر کی راڈ لیور ایرینا میں واپسی
ٹینس کی دنیا کے عظیم ترین کھلاڑیوں میں شمار ہونے والے راجر فیڈرر ایک بار پھر ملبورن کے اسی کورٹ پر نظر آئے جہاں انہوں نے اپنے کریئر کی کئی یادگار فتوحات حاصل کی تھیں۔ ۲۰۲۰ء کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ سوئس اسٹار نے آسٹریلین اوپن کے مرکز، راڈ لیور ایرینا میں قدم رکھا۔۴۴؍سالہ فیڈرر جمعہ کو ناروے کے اسٹار کھلاڑی کیسپر رُوڈ کے ساتھ پریکٹس کرتے ہوئے نظر آئے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ فیڈرر اور رُوڈ کا اپنے پورے کریئر میں صرف ایک بار آمنا سامنا ہوا تھا۔ (فرانس اوپن ۲۰۱۹ء)، جہاں فیڈرر فاتح رہے تھے۔ راجر فیڈرر نے اپنے۲۰؍ گرینڈ سلیم خطابات میں سے ۶؍ آسٹریلین اوپن کے خطابات اسی گراؤنڈ پر جیتے ہیں۔