Inquilab Logo Happiest Places to Work

اسمرتی مندھانا نے انگلینڈ میں ریکارڈ بنایا

Updated: June 30, 2025, 12:31 PM IST | Agency | Nottingham

انگلینڈ کے خلاف ٹی ۲۰؍ میچ میں سنچری بنانےکے ساتھ کرکٹ کے سبھی فارمیٹ میں سیکڑہ بنانے والی کھلاڑی بن گئیں۔

Smriti Mandhana. Picture: INN
اسمرتی مندھانا۔ تصویر: آئی این این

انگلینڈ کی خواتین کرکٹ ٹیم کے خلاف ۵؍ میچوں کی ٹی ۲۰؍ سیریز کے پہلے میچ میں اسمرتی مندھانا نے ہندوستان کے لیے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس فارمیٹ میں اپنی پہلی سنچری اسکور کرنے کے ساتھ ساتھ اپنا سب سے بڑا اسکور بھی بنایا۔ یہی نہیں، ان کی دھماکہ خیز اننگز کی بدولت ہندوستان نے انگلینڈ کے خلاف ویمنز ٹی  ۲۰؍ انٹرنیشنل کرکٹ میں۵؍ وکٹ پر۲۱۰؍ رن کا سب سے بڑا اسکور بھی بنایا۔ 
 ہندوستانی ٹیم کی کپتان اسمرتی مندھانا نے انگلینڈ کی خواتین کرکٹ ٹیم کے خلاف۶۲؍ گیندوں پر ۱۵؍ چوکوں اور۳؍ فلک بوس چھکوں کی مدد سے ۱۱۲؍ رن  کی اننگز کھیلی۔ اس سنچری کے ساتھ وہ خواتین کرکٹ کے تینوں فارمیٹس میں سنچری بنانے والی پہلی ہندوستانی کرکٹر بن گئیں۔ عالمی کرکٹ کی بات کریں تو وہ تمام فارمیٹس میں سنچری بنانے والی دنیا کی پانچویں خاتون کرکٹر بن گئی ہیں۔ یہی نہیں، ہرمن پریت کور کے بعد اسمرتی مندھانا ٹی۲۰؍میں سنچری بنانے والی دوسری خاتون کرکٹر بن گئی ہیں۔ خواتین کی کرکٹ میں ہیتھر نائٹ (انگلینڈ)، ٹیمی بیومونٹ (انگلینڈ)، لورا وولوارڈٹ (جنوبی افریقہ)، بیتھ مونی (آسٹریلیا) اور اب اسمرتی مندھانا (انڈیا) نے تمام فارمیٹس میں سنچریاں بنانے کا کارنامہ انجام دیا ہے۔ 
 پلیئر آف دی میچ بننے والی اسمرتی مندھانا نے کہا کہ  یہ سنچر ی بنانے میں کافی وقت لگا۔ مجھے ۷۰؍ اور۸۰؍ رن کےاسکور پر آؤٹ ہونے کی عادت ہو گئی تھی۔ میں اور میری ٹیم کے ساتھی سیریز سے پہلے بات کر رہے تھے کہ مجھے سنچری اسکور کرنی چاہیے۔ میں گیند کو اچھی طرح سےکھیل  رہی تھی ۔ ہرلین نے جس طرح بلے بازی کی وہ شاندار تھی۔انہوں نے کہا کہ شری چرنی نے بھی اچھی کارکردگی پیش کرتےہوئے ان کے بلے بازوں کو روکے رکھا۔ 

ہندوستانی خواتین ٹیم نے انگلینڈ کو۹۷؍ رن سے شکست دے دی
کپتان اسمرتی مندھانا (۱۱۲؍رن) اور ہرلین دیول (۴۳؍رن) کی شاندار بلے بازی کے بعد ہندوستانی خاتون ٹیم نے شری چرنی (۴؍ وکٹ)، دپتی شرما اور رادھا یادو (۲۔۲؍ وکٹ)  کی شاندار گیند بازی کی بدولت سنیچر کی رات    پہلے ٹی۲۰؍ میچ میں انگلینڈ کو۹۷؍ رن سے شکست دے دی۔ اس جیت کے ساتھ ہی ہندوستان نے ۵؍ میچوں کی سیریز میں۰۔۱؍کی سبقت حاصل کر لی ہے۔
 ۲۱۱؍رن کے ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کی شروعات بہت خراب رہی اور اس نے صرف ۹؍ رن پر ۲؍ وکٹ گنوا  دیئے۔ اس کے بعد بیٹنگ کے لیے آئی نیٹ سائبر برنٹ نے اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی۔ انہوں نے ٹیمی بیومونٹ کے ساتھ۴۹؍ رن کی شراکت   کی۔ انگلینڈ ٹیم کی کپتان نیٹ سائبر برنٹ نے۴۲؍ گیندوں پر۱۰؍ چوکوں کی مدد سے  ۶۶؍رن کی اننگز کھیلی۔ انہیں شری چرنی نے آؤٹ کیا۔ ہندوستانی گیند بازوں نے انگلینڈ کی پوری ٹیم کو۱۴ء۵؍ اوورس میں۱۱۳؍ رن پر سمیٹ  دی اور میچ۹۷؍ رن سے جیت لیا۔ہندوستان کے لئے شری چرنی نے ۳ء۵؍ اوور میں۱۲؍ رن دے کر۴؍وکٹ حاصل کئے۔ اس سے قبل  انگلینڈ کی خواتین ٹیم نے ٹاس جیت کر ہندوستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ بلے بازی کیلئے اتری شیفالی ورما اور کپتان اسمرتی مندھانا کی اوپننگ جوڑی نے اچھی شروعات کی  اور ۲۱۰؍ رن بنائے تھے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK