• Sun, 29 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

این سی پی (شرد) کے کچھ اراکین شندے کے رابطے میں!

Updated: November 29, 2026, 12:17 PM IST | Mumbai

این سی پی کے کچھ اراکین پارلیمان اور اسمبلی نے پارٹی کے اندرونی انتشار پر ناراضگی ظاہر کی، اس دوران راج ٹھاکرےنے این سی پی میں اختلافات کو ڈرامےبازی قراردیا۔

Eknath Shinde has advised the ‘disgruntled’ members of the Sharad group to exercise patience! Photo: INN
ایکناتھ شندے نے شرد گروپ کے ’ناراض‘ اراکین کو تحمل سے کام لینے کا مشورہ دیا ہے! تصویر: آئی این این

مہاراشٹر کی سیاست کے ایک بار پھر ہنگامہ خیز ہونے کا امکان ہے۔ این سی پی (شرد) میں جاری عدم اطمینان اب نئی سیاسی حرکیات کی طرف اشارہ کر رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق کچھ ناراض ایم پی اور ایم ایل اے مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے سے رابطے میں ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ ان لیڈروں نے پارٹی کے اندر جاری اندرونی کشمکش کے تعلق سے شندے سے اپنی تشویش کا اظہار کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق این سی پی کے کچھ ممبران پارلیمنٹ اور ایم ایل اے نے ایکناتھ شندے سے رابطہ کیا اور پارٹی  کے اندرونی انتشار اور فیصلوں  پر ناراضگی ظاہر کی۔ شندے نے لیڈروں کے خدشات کو سنا۔ تاہم، انہوں نے ہر ایک کو فی الحال تحمل سے کام لینے کا مشورہ دیا ہے۔ اس ملاقات کو مہاراشٹر کی سیاست میں اہم سمجھا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: میرا روڈ: ۱۹؍ سالہ قانونی جنگ اور کوششیں رنگ لائیں

انضمام اور بل کی حمایت پر پارٹی کے اندر تنازع

اے بی پی نیوز  کے مطابق این سی پی (شرد) کے اندر عدم اطمینان کی ایک بڑی وجہ مرکزی حکومت کے مجوزہ حد بندی بل کی حمایت اور خود این سی پی کے دونوں گروہوں کے  انضمام کا مسئلہ بتایا جاتا ہے۔ ان دونوں معاملات پر پارٹی لیڈروں میں اختلافات پیدا ہو رہے ہیں۔ مبینہ طور پر کچھ  لیڈرپارٹی کے فیصلوں سے متفق نہیں ہیں۔ اس سے اندرونی عدم اطمینان بڑھنے کی قیاس آرائیاں ہو رہی ہیں۔

بتا دیں کہ سونیترا پوار گروپ کے قائدین پہلے  ہی شندے سے ملاقات کر چکے ہیں۔اس سے پہلے، سونیترا پوار کی قیادت میں این سی پی کے کچھ لیڈر بھی ایکناتھ شندے سے ملاقات کر چکے ہیں۔ اب، ناراض شرد پوارگروپ کے لیڈروں کی ان سے رابطہ کرنے کی خبروں نے سیاسی بحث کو مزید تیز کر دیا ہے۔ اگرچہ ان لیڈروں کے کسی دوسری پارٹی میں شامل ہونے کے بارے میں ابھی تک کوئی باضابطہ اطلاع سامنے نہیں آئی ہے، لیکن اگر پارٹی کے اندر عدم اطمینان کی یہ سطح بڑھتی رہی تو آنے والے دنوں میں مہاراشٹر کی سیاست میں پھر نئی مساوات ابھر سکتی ہیں۔

این سی پی کے دونوں گروہ ڈراما کررہے ہیں: راج ٹھاکرے 

مہاراشٹر کی سیاست ان دنوں  این سی پی کے دونوں گروہوں کے انضمام کی قیاس آرائیوں کے ارد گرد ہی گھوم رہی ہے۔ اسی موضوع پرمہاراشٹر نونرمان سینا (ایم این ایس)کے سربراہ راج ٹھاکرے نے  پارٹی میں جاری اختلافات کو ڈراما قرار دیا ہے۔ راج ٹھاکرے نے کہا’’میں نے یہ بات۲؍ جولائی ۲۰۲۳ء کو کہی تھی، جب نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کا ایک گروپ الگ ہو کر بی جے پی میں شامل ہو گیا تھا۔ یقیناً اگلے ۳؍ سال  تک، این سی پی کے ۲؍ گروہوں نے آپس میں لڑنے کا ایسا ڈراما کیا جسے سب سچ مان بیٹھے ۔

یہ بھی پڑھئے: ٹھیکیدار کیخلاف ایف آئی آردرج،لاپروائی برتنے کا الزام

یہ پوار کا جنتر منتر ہے 

راج ٹھاکرے نے مزید کہا’’میں نے ایک بار کہا تھا کہ یہ پوار کا ’جنتر منتر ‘ہے جسے بہت کم لوگ سمجھتے ہیں۔ میں نے اس کے بارے میں۲؍جولائی۲۰۲۳ء کو بات کی تھی۔راج ٹھاکرے نے مزید کہا’’اب، بالکل جیسا کہ میں نے پیش گوئی کی تھی، شردگروپ بھی سرگرم ہو گیا ہے جو اقتدار کی سیڑھی پر چڑھنے کی کوشش کر رہا ہے۔ میں نے ایک بار کہا تھا کہ یہ سب پوار کے جنتر منتر کا حصہ ہے، جسے بہت کم لوگ سمجھتے ہیں۔‘‘واضح رہے کہ مہاراشٹراین سی پی کے اندر شرد پوار اور اجیت پوار کےگروپ کے درمیان ممکنہ انضمام سے متعلق کئی دنوں سے قیاس آرائیاں جاری ہیں۔ دریں اثنا، شرد پوار کےگروپ کی لیڈر سپریہ سلے ان قیاس آرائیوں کو مسلسل مسترد کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب تک ان کے بھائی زندہ تھے انضمام ممکن تھا۔ اب جب کہ دادا چلے گئے  یہ  مسئلہ ختم ہو گیا ہے۔دوسری جانب سپریہ سلے حدبندی بل کی بھی حمایت کررہی ہیںاوران کاکہنا ہےکہ اس میں کچھ ا چھا ہوسکتا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK