• Wed, 24 September, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

سوروگنگولی کرکٹ اسوسی ایشن آف بنگال کے دوبارہ صدر منتخب

Updated: September 24, 2025, 2:50 PM IST | Agency | Kolkata

گنگولی اس سے قبل ۲۰۱۵ء سے۲۰۱۹ء تک مذکورہ ایسوسی ایشن کے صدر رہ چکے ہیں،وہ ۲۰۱۹ء سے ۲۰۲۲ء تک بی سی سی آئی کے صدر رہے۔

Sourav Ganguly. Picture: INN
سورو گنگولی۔ تصویر: آئی این این

سورو گنگولی ۶؍ سال بعد کرکٹ ایسوسی ایشن آف بنگال (سی اے بی) کے صدر بن گئے ہیں۔ وہ کولکاتا میں منعقدہ۹۴؍ ویں سالانہ جنرل میٹنگ میں بلا مقابلہ منتخب ہوئے۔ اپنے دور میں، گنگولی نے ایڈن گارڈنز اسٹیڈیم  میں شائقین کی گنجائش کو ایک لاکھ تک بڑھانے کاہدف مقرر کیا ہے۔ فی الحال اسٹیڈیم کی گنجائش ۶۸؍ ہزارشائقین کی ہے۔ اس پر کام آئندہ ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ کے بعد شروع ہوگا۔
 گنگولی کے مطابق وہ اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کریں گے کہ کولکاتا اس میگا ایونٹ کے دوران بڑے میچوں کی میزبانی بھی کرے۔ گنگولی اس سے قبل ۲۰۱۵ء سے۲۰۱۹ء تک ایسوسی ایشن کے صدر رہ چکے ہیں۔۲۰۱۹ء سے ۲۰۲۲ء تک بی سی سی آئی کے صدر رہے۔
  اس کے بعد سے وہ ٹی ٹوینٹی فرنچائز سرکٹ میں کئی ٹیموں کے ساتھ شامل رہے۔ وہ۲۰۲۱ء میں آئی سی سی مینس کرکٹ کمیٹی کے چیئرمین بنے۔ انہیں انیل کمبلے کی جگہ اس عہدے پر تعینات کیا گیا۔
 گنگولی کوچ سلیکشن کمیٹی کا بھی حصہ تھے ۔ ۲۰۱۷ء میں، گنگولی کرکٹ ایڈوائزری کمیٹی (سی اے سی) کے رکن تھے جس نے روی شاستری کو ہیڈ کوچ منتخب کیا تھا۔ اس کمیٹی میں سچن تنڈولکر اوروی وی ایس لکشمن بھی شامل تھے  ۔گنگولی حال ہی میں ایس اے۲۰؍کے چوتھے سیزن کیلئے پریٹوریا کیپٹل کے ہیڈ کوچ بنے ۔ وہ گزشتہ ہفتے ایس اے۲۰؍نیلامی میں بھی موجود تھے۔ یہ کسی ٹی ۲۰؍فرنچائز کے ہیڈ کوچ کے طور پر ان کا پہلا دور ہے۔ انہوں نے آئی پی ایل میں دہلی کیپٹلز (ڈی سی) کے مینٹور کے طور پر بھی کام کیا ہے۔
گنگولی کا کرکٹ کریئر تقریباً۱۶؍ سال پر محیط رہا
 گنگولی نے اپنا ون ڈے ڈیبیو۱۹۹۲ء میں ویسٹ انڈیز کے خلاف کیا اور۱۹۹۶ء  میں انگلینڈ کے لارڈز میں ٹیسٹ ڈیبیو کرتے ہوئے۱۳۱؍ رن کی شاندار اننگز کھیلی۔ گنگولی نے اپنے بین الاقوامی کریئر  میں ۱۱۳؍ ٹیسٹ  میں ۷۲۱۲؍اور۳۱۱؍ون ڈے میں ۱۱۳۶۳؍ رن بنائے۔ انہوں نے ٹیسٹ میں ۱۶؍ اور یکروزہ میچوں میں ۲۲؍ سنچریاں بنائیں۔ ان کا بہترین ون ڈے اسکور۱۸۳؍ تھا جو انہوں نے ۱۹۹۹ء کے ورلڈ کپ میں سری لنکا کے خلاف بنایا تھا۔
  وہ ۲۰۰۰ءمیں ہندوستان کے کپتان بنے۔ گنگولی کی کپتانی میں، ہندوستان نے بیرون ملک کئی تاریخی ٹیسٹ میچ جیتے اور۲۰۰۳ء کے ورلڈ کپ کے فائنل تک رسائی حاصل کی۔ ان کاشمار ہندوسانی ٹیم کے بہترین ٹیسٹ کپتانوں میں ہوتا ہے۔ ان کی کپتانی میں ٹیم نے ۴۹؍ میں سے کل۲۱؍ مقابلے جیتے ہیں۔ ملک کے باہر انہوں نے ۱۱؍ ٹیسٹ مقابلے جیتے ہیں ۔ انہوں  نے ۲۰۰۲ء میں لارڈز میں نیٹ ویسٹ ٹرافی جیتی اور۲۰۰۸ء  میں بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK