• Tue, 14 October, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’جنوبی افریقہ نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا‘‘

Updated: October 11, 2025, 1:21 PM IST | Agency | Mumbai

ویمنز ورلڈ کپ میں شکست کےباوجود ٹیم انڈیا کیلئے سب سے زیادہ رن بنانے والی رچا گھوش واپسی کیلئے پُرعزم۔

Richa Ghosh. Picture: INN
ریچا گھوش۔ تصویر: آئی این این
ہندوستانی وکٹ کیپر بلے باز رچا گھوش نے آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ  میں جنوبی افریقہ کے خلاف ۳؍ وکٹ سے شکست کے بعد جنوبی افریقہ کے شاندار کھیل کو سراہا اور کہا کہ ٹیم اپنے آئندہ مشکل میچوں سے پہلے سیکھے گی اور بہتر کارکردگی دکھائے گی۔ ہندوستان کو ویمنز ورلڈ کپ میں جنوبی افریقہ کے ہاتھوں پہلی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ تاہم، ٹیم کا حوصلہ بلند ہے اور وہ دیگر مضبوط حریفوں کے خلاف اگلے میچوں کی تیاری کر رہی ہے۔
واضح رہے کہ رچا گھوش نے ہندوستان کیلئے ۷۷؍گیندوں پر ۹۴؍ رنوں کی شاندار اننگز کھیل کر ٹیم کو ۲۵۲؍رنوں کے ہدف تک پہنچایا تھا جسے مخالف ٹیم نے ۷؍ گیندیں باقی رہتے حاصل کر لیا۔میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رچا گھوش نے کسی پر الزام لگانے کے بجائے کہا کہ ہندوستان جلد ہی واپسی کرے گا۔
آئی سی سی نے ان کے حوالے سے لکھا’’ہم نے اچھا کھیلا اور انہوں نے بھی۔ ظاہر ہے، اگر ہم جیت جاتے تو بہت اچھا لگتا، لیکن ہم نے اپنی پوری کوشش کی۔ کوئی بات نہیں، ہم اگلے میچ میں اور مضبوطی سے واپس آئیں گے۔‘‘انہوں نے مزید کہا’’ایک میچ سے کسی ٹیم یا بلے باز کو نہیں پرکھا جا سکتا۔ کرکٹ میں کچھ بھی ہو سکتا ہے۔ ہمارا کام ہے کہ ہر بار اپنا بہترین کھیل پیش کریں۔ ہم آخری گیند تک لڑے اور زیادہ سے زیادہ رن بنانے کی کوشش کی۔‘‘
ر چا گھوش نے بتایا کہ ٹیم اب بیٹھ کر میچ کا تجزیہ کرے گی، دیکھے گی کہ کیا اچھا ہوا، کہاں بہتری کی ضرورت ہے اور کیسے سیکھا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا’’ایک میچ ہماری ذہنیت نہیں بدل سکتا۔ ہم پریکٹس سیشن میں مرحلہ وار منصوبہ بندی کریں گے اور مثبت رہیں گے۔ آج کے میچ سے جو سبق ملا ہے، ہم انہیں آگے لے کر چلیں گے۔
ہندوستان کو اب ورلڈ کپ کے ایک مشکل مرحلے کا سامنا ہے، جس کا آغاز اتوار کو ناقابلِ شکست چمپئن آسٹریلیا کے خلاف میچ سے ہوگا، اس کے بعد انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے خلاف بھی اہم مقابلے ہوں گے۔
ٹاپ آرڈر بلے بازوں نے مایوس کیا
ٹیم انڈیا کی کپتان ہرمن پریت کور نے ٹیم کی شکست کیلئے ٹاپ آرڈر بلے بازوں کو ذمہ دارقرار دیا۔میچ کے بعد انہوںنے کہا ٹاپ آرڈر اب تک ناکام ثابت ہورہا ہے جس میں میں بھی شامل ہوں۔ہمیں اب سخت میچ کھیلنے ہیں اور اس کیلئے ضروری ہے کہ ٹاپ آرڈر اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے۔انہوںنے ۸؍ویں نمبر پر رچا گھوش کی شانداربلے بازی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوںنے ٹیم کو قابل دفاع اسکور تک پہنچانے میں اہم رول ادا کیا تھا۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK