Updated: December 15, 2025, 3:19 PM IST
|
Agency
| Dharamshala
۱۱۷؍رنوں پر ڈھیر کرنے کے بعد ٹیم انڈیا نے ۷؍وکٹوں سے میچ جیت لیا،سیریز میں دو ایک سے آگے ،ابھیشیک شرما نے ۳۵؍رن بنائے۔
ہندوستانی گیندبازعرشدیپ سنگھ نے ۴؍اوور میں محض ۱۳؍رن دےکر ۲؍اہم وکٹیں حاصل کیں۔ تصویر: آئی این این
ہندوستانی گیندبازوں نے شاندار گیندبازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹی۔۲۰؍سیریز کے تیسرے میچ میں ۷؍وکٹوں سے اپنی ٹیم کو فتح دلانے میں اہم رول ادا کیا۔جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم ۱۱۷؍رنوں پر آؤٹ ہوگئی تھی جس کے جواب میں ہندووستان نے ابھیشک شرما(۳۵) اور شبھ من گل(۲۸) کی اننگز کی مدد سے ۱۵ء۵؍اوورمیں ۳؍وکٹ پر ۱۲۰؍رن بناکر میچ ۷؍وکٹوں سے جیت لیا اور سیریز میں دو ایک کی برتری بھی حاصل کرلی۔
اس سے قبل ہندوستانی ٹیم نےاپنی تباہ کن گیندبازی سے جنوبی افریقہ کے بلے بازوں کو بے بس کر دیا۔ ہندوستان نے پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا اور پوری ٹیم کو محض ۱۱۷؍ رنوں پر ڈھیرکر دیا۔ ہندوستانی گیند بازوں نے نپی تلی اور جارحانہ بولنگ کا شاندار مظاہرہ کیا۔ عرشدیپ سنگھ، ورون چکرورتی، کلدیپ یادو اور ہرشت رانا سب نے ۲۔۲؍ دو وکٹیں حاصل کیں اور پروٹیز کیلئے کوئی بھی بڑی شراکت داری نہیں بننے دی۔
جنوبی افریقہ کی شروعات بدترین رہی اور صرف ۷؍رن کےا سکور پر اس کے ۳؍ اہم بلے باز ریزا ہینڈرکس (صفر)، کوئنٹن ڈی کاک (ایک) اور ڈیوالڈ بریوس (۲) پویلین لوٹ گئے۔ جنوبی افریقہ کی طرف سے کپتان ایڈن مارکرم نے اکیلے لڑتے ہوئے ۴۶؍ گیندوں پر ۶؍ چوکوں اور ۲؍ چھکوں کی مدد سے ۶۱؍ رنوں کی شاندار اننگز کھیلی۔ ان کے علاوہ، ڈونووین فریرا (۲۰) اور اینرخ نورتجے (۱۲) ہی دہرے ہندسے کو چھو سکے۔ ہندوستانی بولنگ اٹیک کے سامنے جنوبی افریقہ کے ۸؍ بلے باز دوہرے ہندسے تک بھی نہیں پہنچ پائے۔ کلدیپ یادو نے آخری اوور میں ۲؍ وکٹیں جھٹک کر جنوبی افریقہ کی اننگز کا ۱۱۷؍کے اسکور پر اختتام کیا۔