• Tue, 28 October, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

روہت شرما اور وراٹ کوہلی کے بگ بیش میںکھیلنے کی قیاس آرائیاں تیز 

Updated: October 28, 2025, 3:50 PM IST | Agency | Sydney

آراشون کا سڈنی تھنڈر کے ساتھ تاریخی معاہدہ ہوا ہے جس کے بعد بی بی ایل میں روہت اور وراٹ کے کھیلنے کی امیدیں بھی بڑھ گئی ہیں۔

Rohit Sharma and Virat Kohli. Photo: INN
روہت شرما اوروراٹ کوہلی۔ تصویر: آئی این این
روہت شرما اور وراٹ کوہلی نے آسٹریلیا کے خلاف سڈنی میں تیسرے ون ڈے میں شاندار مظاہرہ کیا۔ تجربہ کار کھلاڑیوں نے ۱۶۸؍رن کی ناقابل تسخیر شراکت داری کرکے ہندوستان کو سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں ۹؍ وکٹ سے جیت دلائی ۔ لگاتار ۲؍ بار صفر پر آؤٹ ہونے کے بعد کوہلی نے ۷۴؍ رن کی عمدہ اننگ کھیلی جب کہ روہت نے اپنی۳۳؍ ویں ون ڈے سنچری اسکور کی اور پلیئر آف دی میچ اور سیریز  کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔
وراٹ کوہلی اور روہت شرما کی اس کارکردگی کے بعد، یہ سوالات گردش کررہے ہیں کہ آیا یہ لیجنڈ کھلاڑی اپنے بین الاقوامی اور آئی پی ایل کریئر کے بعد بگ بیش لیگ(بی بی ایل) میں واپس آئیں گے ۔ آسٹریلیا میں اپنے فائنل میچ میں شائقین نے ان دونوں لیجنڈز سے جو پیار دکھایا وہ قابل دید تھا۔
وراٹ کوہلی اور روہت شرما کے ایس سی جی میں اپنی بلے بازی کی صلاحیت کا بھرپور مظاہرہ کرنے سے پہلے، کرکٹ آسٹریلیا کے سی ای او ٹوڈ گرین برگ سے پوچھا گیا کہ کیا بی بی ایل ایسے بڑے کھلاڑیوں کو اپنی طرف متوجہ کر سکتا ہے، خاص طور پر سڈنی تھنڈر کے روی چندرن اشون کے  ساتھ معاہدہ کے بعد ۔اس پر انھوں نے جواب دیا ’’ میرے خیال میں یہ مختصر سے درمیانی مدت میں ممکن ہے۔ ہم ہمیشہ اس کے بارے میں بات کرنے کے لیے تیار ہیں۔‘‘
انہوں نے مزیدکہاکہ ’’بی بی ایل میں کھیلنے کے لیے روی اشون کی آمد ایک اہم موڑ ہے۔ اس سے دوسرے ہندوستانی کھلاڑیوں کو لیگ کی طرف راغب کرنے میں نمایاں مدد ملے گی۔ کچھ حد تک، یہ اس بات پر منحصر ہوگا کہ آیا ہم بی بی ایل  میں نجی سرمایہ قبول کرتےہیں یا نہیں جو اس وقت ہمارے لئے کھلی بات چیت کاموضوع ہے۔‘‘
اس سے پتہ چلتا ہے کہ بی بی ایل نے نجی سرمایہ کاروں کیلئے اپنے دروازے کھولنے پر غور کیا ہے۔ اس سے لیگ میں زیادہ پیسہ آسکتا ہے اور اسٹار ہندوستانی کھلاڑیوں کو راغب کیا جاسکتا ہے۔ اگرچہ یہ ابھی کیلئے صرف ایک خاکہ ہے لیکن یہ قیاس آرائیوں سے ٹھوس حکمت عملی کی طرف جانے کا اشارہ دیتا ہے۔
جہاں تک روہت اور کوہلی کے بی بی ایل میں کھیلنے کا سوال ہے، آراشون کا سڈنی تھنڈر کے ساتھ تاریخی معاہدہ اہم کردار ادا کر سکتا ہے ۔ آسٹریلین میڈیا نے اسے لیگ کی سب سے بڑی کامیابیوں میں سے ایک قرار دیا ہے۔
یہ اقدام اشون کے بین الاقوامی کرکٹ اور آئی پی ایل سے ریٹائر ہونے کے بعد سامنے آیا ہے۔ کرکٹ آسٹریلیا کے لیے، یہ معاہدہ ایک نئی شروعات کا دروازہ کھولتا ہے، جس سے ایک موقع پیدا ہوتا ہے جو ایک دن ہندوستانی آئیکون کھلاڑیوں کو راغب کرنے میں مدد کر سکتا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK