انڈین پریمیر لیگ کی تاریخ میں سپرکنگز کے خلاف ہیٹ ٹرک لینے والے پہلے گیندباز بن گئے،آئی پی ایل میں دوسری ہیٹ ٹرک لی۔
EPAPER
Updated: May 02, 2025, 12:28 PM IST | Agency | Chennai
انڈین پریمیر لیگ کی تاریخ میں سپرکنگز کے خلاف ہیٹ ٹرک لینے والے پہلے گیندباز بن گئے،آئی پی ایل میں دوسری ہیٹ ٹرک لی۔
یزویندر چہل نے آئی پی ایل ۲۰۲۵ءمیں چنئی سپر کنگز کے خلاف ہیٹ ٹرک لے کر تاریخ رقم کردی۔ آئی پی ایل کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے جب کسی گیندباز نے چنئی سپر کنگز کے خلاف ہیٹ ٹرک لی ہو۔ اس سے قبل پروندر اوانہ نے ۲۰۱۴ء میں چمپئن لیگ ٹی۔ ۲۰ میں چنئی سپر کنگزکے خلاف کنگز الیون پنجاب کی طرف سے کھیلتے ہوئے ہیٹ ٹرک لی تھی لیکن آئی پی ایل میں آج تک کوئی بھی گیندباز یہ کارنامہ انجام نہیں دے سکا تھا۔ یزویندر چہل کی یہ کارکردگی نہ صرف تاریخی ہے بلکہ ان کی واپسی کی کہانی بھی بیان کرتی ہے۔
چہل آئی پی ایل ۲۰۲۵ءکے آغاز میں فارم میں نہیں تھے۔ پہلے ۵؍ میچوں میں انہوں نے ۱۵؍اوور میں صرف ۲؍وکٹیں حاصل کیں لیکن انہوں نے اگلے ۴؍ میچوں میں مکمل طور پر رفتار پکڑ لی اور ۱۱؍ وکٹیں حاصل کیں۔ یزویندرچہل کا ماضی میں بھی چیپاک اسٹیڈیم میں اچھا ریکارڈ رہا ہے۔ انہوں نے یہاں ۸؍ اننگز میں ۷؍ وکٹیں حاصل کی ہیں لیکن آج انہوں نے چیپاک میں اپنی بہترین کارکردگی کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔
میچ کے بعد چہل نے اپنی ہیٹ ٹرک اور کارکردگی کے بارے میں کہا کہ اس طرح کی کارکردگی کے بعد بہت اچھا لگا۔ یہ میچ کا ۱۹؍ واں اوور تھا اور ماہی بھائی سامنے تھے، اس لئے کچھ بھی ہو سکتا تھا لیکن میری توجہ صرف وکٹیں لینے پر تھی، سرکل کے اندر ۵؍ فیلڈر تھے اس لئے میں بلے بازوں کو آزادانہ طور پر کھیلنے نہیں دینا چاہتا تھا۔
یہ بات بھی قابل غور ہے کہ چہل نے میچ کے ۱۸؍ ویں اوور تک صرف ۲؍ اوور کئے تھے۔ چہل اپنے پہلے ۲؍ اوور میں ۲۳؍ رن دے چکے تھے لیکن اپنے تیسرے اوور میں انہوں نے صرف ۹؍رن دے کر ۴؍ وکٹیں حاصل کیں۔ کپتان ایر کا چہل سے ۱۹؍ ویں اوور میں گیندبازی کرانے کا فیصلہ اس اننگز کا ٹرننگ پوائنٹ بن گیا۔ اس کی وجہ سے چنئی کی ٹیم ۲۰۰؍کا ہندسہ عبور نہیں کر سکی۔ چہل نے دباؤ میں بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ چہل نے اوور کی پہلی گیند وائڈ ڈالی جس کے بعد مہندر سنگھ دھونی نے دوسری گیند پر شاندار چھکا لگایا لیکن اگلی ہی گیند پر دھونی لانگ آف پر کیچ ہو گئے اور یہیں سے چہل نے تباہی کا آغاز کیا۔ انہوں نے چوتھی، پانچویں اور چھٹی گیند پر دیپک ہڈا، انشول کمبوج اور نور احمد کی وکٹیں حاصل کیں اور اوور میں مجموعی طور پر ۴؍ وکٹیں لے کر ہیٹ ٹرک کی۔ اس ہیٹ ٹرک کے ساتھ چہل اب آئی پی ایل میں سب سے زیادہ ہیٹ ٹرک لینے والے گیند بازوں کی فہرست میں شامل ہو گئے ہیں۔ امیت مشرا کے نام۳ ؍ ہیٹ ٹرک ہیں جبکہ یوراج سنگھ اور چہل نے اب تک ۲۔ ۲؍ ہیٹ ٹرک درج کی ہیں۔ اس سے قبل راجستھان رائلز کے لئے کھیلتے ہوئے، چہل نے ۲۰۲۲ءمیں کولکاتا نائٹ رائیڈرس کے خلاف ہیٹ ٹرک لی تھی۔
آئی پی ایل میں اب تک کی ہیٹ ٹرک
۲۰۰۸ء۔ کشمی پتی بالاجی (چنئی) بمقابلہ پنجاب کنگز۔
امیت مشرا (دہلی ڈیر ڈیولز) بمقابلہ ڈیکن چارجرز حیدرآباد۔
مکھایا انتینی( چنئی سپر کنگز) بمقابلہ کولکاتا نائٹ رائیڈرز۔
۲۰۰۹ء۔ یوراج سنگھ (پنجاب) بمقابلہ رائل چیلنجرز بنگلور۔
روہت شرما ( ڈیکن چارجرزحیدرآباد) بمقابلہ ممبئی انڈینس۔
یوراج سنگھ (پنجاب) بمقابلہ ڈیکن چارجرز حیدرآباد۔
۲۰۰۹ء سے ۲۰۱۴ءتک
پروین کمار (بنگلور) بمقابلہ راجستھان رائلز (۲۰۱۰ء)
امیت مشرا (ڈیکن چارجرز) بمقابلہ کنگز الیون پنجاب (۲۰۱۱ء)
اجیت چنڈیلا (راجستھان) بمقابلہ پونے واریئرز (۲۰۱۲ء)
سنیل نرائن (کولکاتا نائٹ رائڈرز) بمقابلہ پنجاب(۲۰۱۳ء)
امیت مشرا (حیدرآباد) بمقابلہ پونے واریئرز (۲۰۱۳ء)
پروین تامبے (راجستھان) بمقابلہ کولکاتا(۲۰۱۴ء)
شین واٹسن (راجستھان) بمقابلہ حیدرآباد(۲۰۱۴ء)
۲۰۱۶ء سے ۲۰۱۹ء تک
اکشر پٹیل(پنجاب)بمقابلہ گجرات لائنز (۲۰۱۶ء)
اینڈریو ٹائی (گجرات لائنز) بمقابلہ پونے سپر جائنٹس (۲۰۱۷ء)
سیموئل بدری (بنگلور) بمقابلہ ممبئی انڈینس(۲۰۱۷ء)
جے دیو انادکٹ (پونے سپر جائنٹس) بمقابلہ حیدرآباد (۲۰۱۷ء)
سیم کرن (پنجاب) بمقابلہ دہلی کیپٹلس (۲۰۱۹ء)
شریاس گوپال (راجستھان) بمقابلہ رائل چیلنجرز بنگلور (۲۰۱۹ء)
۲۰۲۱ء سے اب تک
ہرشل پٹیل ( رائل چیلنجرزبنگلور) بمقابلہ ممبئی انڈینس (۲۰۲۱ء)
یزویندر چہل (راجستھان رائلس) بمقابلہ کولکاتا (۲۰۲۲ء)
راشد خان (گجرات جائنٹس) بمقا کولکاتا(۲۰۲۳ء)
یزویندر چہل (پنجاب) بمقابلہ چنئی سپر کنگز(۲۰۲۵ء)