Inquilab Logo

الہلال کےکھلاڑی نیمار ممبئی سٹی کے خلاف کھیلنے کیلئے ہندوستان آسکتے ہیں!

Updated: August 25, 2023, 12:40 PM IST | Agency | Kuala Lumpur

 ممبئی سٹی ایف سی کو ۲۴۔۲۰۲۳ء اے ایف سی چمپئن لیگ کے گروپ’ ڈی‘ میں سعودی عرب کی الہلال ایس ایف سی کے ساتھ رکھا گیا ہے۔

Neymar. Photo. INN
برازیل کے اسٹار فٹبال کھلاڑی نیمار نے حال ہی میں سعودی عرب کے کلب الہلال کے ساتھ معاہدہ کیا ہے۔ تصویر:آئی این این

 ممبئی سٹی ایف سی کو ۲۴۔۲۰۲۳ء اے ایف سی چمپئن لیگ کے گروپ’ ڈی‘ میں سعودی عرب کی الہلال ایس ایف سی کے ساتھ رکھا گیا ہے۔ ایشین فٹ بال کنفیڈریشن نے جمعرات کو ڈرا منعقد کرنے بعد جانکاری دی۔اس کا مطلب یہ ہے کہ برازیل کے تجربہ کار کھلاڑی نیمار، جنہوں نے حال ہی میں الہلال کے ساتھ معاہدہ کیا ہے، اگر سب کچھ ٹھیک رہا تو ممبئی ایف سی کا مقابلہ کرنے کے لئے ہندوستان آسکتے ہیں ۔
 اے ایف سی چمپئن لیگ کے مقابلے گھر اور باہر کے فارمیٹ میں کھیلے جائیں گے۔ ممبئی سٹی ایف سی اپنے گھریلو میچ پونے کے شری شیو چھترپتی اسپورٹس کمپلیکس میں کھیلے گی۔
 گروپ’ ڈی‘ میں ممبئی سٹی کا مقابلہ ایف سی ناساجی مازندران اور پی ایف سی نوبہور نمنگن سے بھی ہوگا۔ ہندوستانی کلب نے ۲۳۔۲۰۲۲ء انڈین سپر لیگ شیلڈ اور اس کے بعد جمشید پور ایف سی کے خلاف کلب پلے آف جیت کر لگاتار دوسری بار ایشیا کے پریمیر کلب مقابلے کے گروپ مرحلے کے لئے کوالیفائی کیا ہے۔
 ریکارڈ ۴؍ بار اے ایف سی چمپئن لیگ فاتح اور پچھلے ۶؍ سیزن میں سے ۴؍ میں فائنل تک پہنچنے والےالہلال کلب کے سامنے ایف سی ممبئی سٹی کا سب سے بڑا امتحان ثابت ہوگا۔ ایران کے ۲۲۔۲۰۲۱ءکے حذفی کپ کے فاتح ایف سی ناساجی مازندران اور ۲۰۲۲ءازبکستان سپر لیگ کے رنر اپ کلب پی ایف سی نوبہور نمنگان اے ایف سی چمپئن لیگ میں ڈیبیو کریں گے۔ راؤنڈ رابن لیگ میں کھیلے گئے گروپ مرحلے کے بعد گروپ کی فاتح اور پانچوں گروپ میں دوسرے نمبر پر رہنے والی سرفہرست ۳؍ ٹیمیں پری کوارٹر فائنل میں پہنچیں گی۔
 ڈیس بکنگھم کی ٹیم نے گزشتہ سیزن میں اے ایف سی چمپئن لیگ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔ گروپ’ بی ‘میں عراق کے القوا الجویہ کے خلاف۲؍ جیت کے بعد ۷؍ پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہی۔ ہندوستانی سرزمین پر کھیلنے کے اضافی فائدہ کے ساتھ، ممبئی سٹی کواس سیزن میں بہتر کارکردگی کی امید ہوگی۔اگر نیمار ہندوستان آتے ہیں تو شائقین کا جوش دیکھنے کے قابل ہوگا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK