فائنل میں الہلال فٹبال کلب کو ۱۔۲؍ گول سے شکست دی۔اسٹار کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو نے سعودی کلب کی جانب سے ۲؍گول کئے
EPAPER
Updated: August 13, 2023, 4:59 PM IST | Agency | Taif City/Saudi Arabia
فائنل میں الہلال فٹبال کلب کو ۱۔۲؍ گول سے شکست دی۔اسٹار کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو نے سعودی کلب کی جانب سے ۲؍گول کئے
پرتگال کے اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو فیفا ورلڈ کپ کے بعد سعودی عرب کے کلب النصر سے منسلک ہوگئے۔ ورلڈ کپ کے دوران ہی مانچسٹر یونائٹیڈ نے رونالڈو سے علیحدگی کا فیصلہ کیاتھا۔ رونالڈو کا سعودی عرب میں آغاز کچھ خاص نہیں تھا لیکن آہستہ آہستہ وہ فارم میں واپس آگئے۔ رونالڈو نے ۹؍ کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلتے ہوئے النصر کو عرب کلب چمپئن شپ کا خطاب دلایا ہے۔ رونالڈو نے دو سال بعد ٹرافی جیتی ہے۔ آخری بار ۲۰۲۱ء میں انہوں نے اطالوی کلب یووینٹس کے لئے کوپا اٹالیہ جیتا تھا۔
دونوں گول رونالڈو نے کئے
النصر نے میچ۱۔۲؍گول سے کامیابی حاصل کی تھی اور دونوں گول کرسٹیانو رونالڈو نے کئے۔ ٹائٹل میچ میں ٹیم کا مقابلہ الہلال سے ہوا۔ مائیکل کے گول نے ۵۱؍ویں الہلال کو برتری دلائی۔ ۷۱؍ویں منٹ میں النصر کی حالت اس وقت خراب ہوگئی جب عبداللہ العمری کو ریڈ کارڈ دکھایا گیا لیکن ۳؍ منٹ بعد رونالڈو نے گول کر دیا۔ ٹیم کے ایک اور کھلاڑی نواد بشال کو بھی۷۸؍ویں منٹ میں ریڈ کارڈ ملا۔ اب النصر کے میدان پر صرف۹؍ کھلاڑی تھے۔
میچ اضافی وقت میں چلا گیا
مقررہ۹۰؍ منٹ تک دونوں ٹیموں کا اسکور ۱۔۱؍گول رہاتھا۔ پھر کھیل ایکسٹرا ٹائم میں چلا گیا۔ رونالڈو کا جادو ایک بار پھر۹۸؍ویں منٹ میں کام کر گیا۔ ۹؍کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلتے ہوئے اس نے ایک گول کر کے اپنی ٹیم کو۱۔۲؍گول سے آگے کر دیا۔ رونالڈو کو۱۱۵؍ویں منٹ میں انجری کے باعث میدان چھوڑنا پڑا۔ الہلال کی ٹیم نے پوری کوشش کی لیکن گول نہ کر سکی۔ اس طرح رونالڈو نے النصر کیلئے اپنی پہلی ٹرافی جیتی۔
رونالڈو کا مسلسل ۵؍ویں میچ میں گول
کرسٹیانو رونالڈو نے النصر فٹبال کلب کیلئے گزشتہ ۵؍ میچوں میں گول کئے ہیں۔ ٹیم نے سیمی فائنل میں۰۔۱؍گول سے کامیابی حاصل کی تھی اور یہ گول رونالڈو نے کیا۔ اس سے قبل کوارٹر فائنل میں بھی ان کا ایک گول تھا۔ انہیں عرب کلب چمپئن شپ میں سب سے زیادہ گول کرنے پر گولڈن بوٹ کا ایوارڈ بھی ملا۔۳۸؍ سالہ رونالڈو اب تک کلب کیلئے ۲۵؍ میچوں میں۲۰؍ گول کر چکے ہیں۔