Inquilab Logo Happiest Places to Work

ہاردک نے ٹی ۲۰؍ میں شکست کی ذمہ داری قبول کرلی

Updated: August 15, 2023, 12:17 PM IST | Agency | Lauderhill

ٹیم انڈیا کے کپتان نے کہا :جب میں بلے بازی کیلئے اترا تو۱۰؍ویں اوور کے بعد میچ ہمارے ہاتھ سے نکلتاگیا

Hardik Pandya. Photo. INN
ہاردک پانڈیا۔ تصویر:آئی این این

ہندوستانی کپتان ہاردک پانڈیا نے ویسٹ انڈیز کے خلاف فیصلہ کن ٹی ۲۰؍ میں ۱۸؍ گیندوں پر۱۴؍ رن بنانے کے بعد شکست کی ذمہ داری خود پر لے لی ہے۔اتوار کو جب ہاردک بلے بازی کیلئے آئے تو ہندوستان نے۱۰ء۲؍ اوور میں ۴؍ وکٹ کے نقصان پر۸۷؍ رن بنائے تھے تاہم ونڈیز نے اس کے بعد رن ریٹ پر اپنی گرفت مضبوط کر لی اور اگلے ۵؍ اوور میں صرف۳۶؍ رن دیئے۔ پانڈیا نے اپنی اننگز کی۱۷؍ویں گیند پر چھکا لگایا لیکن رفتار کو بڑھانے کی کوشش میں ۱۸؍ویں گیند پر آؤٹ ہو گئے۔
 پانڈیا نے میچ کے بعد کہاکہ ’’جب میں بلے بازی کیلئے اترا تو۱۰؍ویں اوور کے بعد میچ ہمارے ہاتھ سے نکلتا رہا۔ مجھے لگتا ہے کہ میں صورتحال کا فائدہ نہیں اٹھا سکا اور اننگز ختم نہیں کر سکا۔ میرے خیال میں دوسرے کھلاڑی بہت اچھا کھیلے۔ جب میں میدان میں گیا تو اس طرح نہیں کھیل سکا جس طرح کھیلنا چاہئے تھا۔
 ہاردک کی ناکامی کے بعد ہندوستان ابھر نہیں سکا اور سوریہ کمار یادو (۶۱) کی نصف سنچری کی بدولت۲۰؍ اوور میں صرف۱۶۵؍ رن بنا سکا۔ ویسٹ انڈیز نے یہ ہدف۱۸؍ اوور میں ۲؍ وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ 
 جب ہاردک سے بولنگ میں ان کے فیصلوں کے بارے میں پوچھا گیا، تو انہوں نے کہاکہ ’’میں ایک موقع پر جو محسوس کرتا ہوں اس کے مطابق بولنگ کرنے کا فیصلہ کرتا ہوں ۔ میں اس کی منصوبہ بندی نہیں کرتا۔ میں صورت حال کو دیکھتا ہوں اور اگر مجھے کوئی بہتر متبادل ملتا ہے تو میں اس کا انتخاب کرتا ہوں ۔‘‘ ہندوستان نے اس سے پہلے کبھی بھی ۵؍ میچوں کی ٹی۲۰؍ سیریز نہیں ہاری تھی تاہم یشسوی جیسوال، تلک ورما اور مکیش کمار جیسے نئے چہروں سے مزین ٹیم نے سیریز میں ۰۔۲؍ سے کم بیک کرتے ہوئے شاندارمقابلہ کیا۔ 
 ہاردک پانڈیا نے کہا، ’’یہ بہت اچھا ہے کہ وہ (نوجوان کھلاڑی) ہمت دکھا رہے ہیں ۔ یہ بین الاقوامی کرکٹ میں بہت اہم ہے۔ جو نوجوان آگے آرہا ہے اسے خود پر بھروسہ ہے۔ انہوں نے جس طرح اس سیریز میں آکر کھل کر پرفارم کیا، ذمہ داری سنبھالی اس کیلئے انہیں مبارکباد۔ بحیثیت کپتان اس سے زیادہ خوشی کی بات نہیں ہوسکتی کہ تمام نوجوان کھلاڑی آگے آکر ذمہ داری قبول کر رہے ہیں ۔خیال رہے کہ ہندوستانی کرکٹ ٹیم کو اگلے سال ویسٹ انڈیز اور امریکہ میں ہونے والے ٹی۲۰؍ ورلڈ کپ کی تیاری کرنی ہے۔ 

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK