Inquilab Logo Happiest Places to Work

ہندوستان نےدوسرا ٹی ۲۰؍میچ جیت کر سیریز پر ناقابل تسخیر برتری حاصل کرلی

Updated: August 22, 2023, 11:14 AM IST | Agency | Dublin

ٹیم انڈیا نے آئر لینڈ کو ۳۳؍رن سے شکست دی۔ گائیکواڑ نے ۵۸؍ رن بنائے۔مین آف دی میچ رنکو سنگھ کے تیزرفتار ۳۸؍رن

Photo. INN
تصویر:آئی این این

ہندوستان رتوراج گائیکواڑ (۴۳؍ گیندوں ،۵۸؍ رن) کی شاندار نصف کے بعد جسپریت بمراہ (۱۵/۲) کی قیادت میں گیند بازوں کی شاندار کارکردگی کی بدولت ہندوستان نے اتوار کو دوسرے ٹی۲۰؍ میں آئرلینڈ کو۳۳؍ رن سے شکست دے دی۔ ہندوستان نے آئرلینڈ کو۲۰؍ اوورس میں ۱۸۶؍ رن کا ہدف دیا جس کے جواب میں میزبان ٹیم ۸؍ وکٹوں کے نقصان پر صرف۱۵۲؍ رن ہی بنا سکی۔
 گائیکواڑ نے۴۳؍ گیندوں پر ۶؍ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے۵۸؍ رن بنائے جبکہ سنجو سیمسن (۲۶ ؍گیندوں ،۴۰؍ رن)، رنکو سنگھ (۲۱؍ گیندوں ، ۳۸؍ رن) اور شیوم دوبے (۱۶؍ گیندوں ، ۲۲؍رن ) نے بھی اہم کردار ادا کیا۔ آئرلینڈ کیلئے اوپنر اینڈریو بالبرنی نے۵۱؍ گیندوں پر ۵؍ چوکوں اور۴؍ چھکوں کی مدد سے۷۲؍ رن بنائے لیکن ان کی کوشش میزبان کو فتح دلانے کیلئے ناکافی ثابت ہوئی۔ کپتان بمراہ نے اپنی فٹنس اور فارم کا ثبوت دیتے ہوئے ۴؍ اوورس میں صرف۱۵؍ رن دے کر ۲؍ وکٹ حاصل کئے جبکہ پرسدھ کرشنا اور روی بشنوئی نے بھی ۲۔۲؍ وکٹ حاصل کئے۔ ارشدیپ سنگھ نے ایک وکٹ حاصل کیا۔ٹاس ہارنے کے بعد بیٹنگ کرتے ہوئے ہندوستان نے تیز شروعات کی لیکن شاندار فیلڈنگ کی وجہ سے پاور پلے میں آئرلینڈ نے ۲؍ وکٹ حاصل کئے۔ جیسوال (۱۸؍رن) اسکوائر لیگ باؤنڈری پر کرٹس کیمفر کے ہاتھوں کیچ ہونے سے پہلے۲؍ چوکے اور ایک چھکا مارتے ہوئے عمدہ انداز میں نظر آئےجبکہ جارج ڈوکریل نے تلک ورما کا ایک مشکل کیچ لے کر انہیں پویلین واپس بھیج دیا۔
 ہندوستان کو ابتدائی دھچکا لگنے کے بعد گائیکواڑ اور سیمسن نے تیسرے وکٹ کیلئے ۷۱؍رن کی شراکت قائم کی۔ گائیکواڑ نے ۸؍ویں اوور میں کریگ ینگ کی گیند پر۲؍ چوکے لگائےجبکہ سیمسن نے بھی۱۱؍ویں اوور میں جوشوا لٹل کی گیند پر۳؍ چوکے اور ایک چھکا لگا کر۱۸؍ رن جوڑے۔ سیمسن اپنی نصف سنچری کی طرف گامزن تھے لیکن بنجامن وائٹ کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ انہوں نے آؤٹ ہونے سے قبل۲۶؍ گیندوں پر ۵؍ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے۴۰؍ رن بنائے۔
 گائیکواڑ نے اپنی دوسری ٹی ۲۰؍ نصف سنچری چوکے کے ساتھ مکمل کی لیکن وہ بھی کچھ دیر بعد بیری میکارتھی کا شکار ہو گئے۔ کریز پر پیر جمانے والے دونوں بلے بازوں کے آؤٹ ہونے کے بعد ہندوستان کے رن ریٹ کو نقصان پہنچا لیکن رنکو اور دوبے نے آخری دو اوورس میں ۴۲؍ رن جوڑ کر اسے پورا کیا۔ ہندوستان کی جانب سے پہلی بار بیٹنگ کے لئے آنے والے رِنکو نے۲۱؍ گیندوں میں ۲؍ چوکوں اور ۳؍ چھکوں کی مدد سے۳۸؍ رن بنائےجبکہ دوبے۱۶؍ گیندوں پر ۲؍ چھکوں کی مدد سے۲۲؍ رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ بالبرنی نے دوسرے ہی اوور میں ارشدیپ سنگھ کی گیند پر دو چوکے لگا کر اننگز کا شاندار آغاز کیا، لیکن دوسرے سرے سے وکٹیں گرتی رہیں ۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK