آج سے ہندوستان اور آئر لینڈ کے درمیان ٹی۔۲۰؍سیریز کا آغاز،میزبان ملک میں سیریز کے تعلق سے جوش و خروش،پہلے ۲؍میچوں کی تمام ٹکٹیں فروخت ہوگئیں
EPAPER
Updated: August 18, 2023, 11:06 AM IST | Inquilab News Network | Dublin
آج سے ہندوستان اور آئر لینڈ کے درمیان ٹی۔۲۰؍سیریز کا آغاز،میزبان ملک میں سیریز کے تعلق سے جوش و خروش،پہلے ۲؍میچوں کی تمام ٹکٹیں فروخت ہوگئیں
جمعہ سے شروع ہو رہے ۳؍میچوں کی ٹی۔۲۰؍سیریز میں قریب ۱۱؍ مہینے تک میدان سے دور رہنے کے بعد جسپریت بمراہ واپسی کر ہے ہیں ۔سیریز کے اس پہلے میچ میں جسپریت بمراہ کی فٹنس کے علاوہ ٹیم میں شامل نوجوان کھلاڑیوں رتوراج گائیکواڑ، رنکو سنگھ، جیتیش شرما اور شیوم دوبے پر بھی سب کی نگاہیں رہیں گی۔ان کھلاڑیوں کے پاس عالمی کپ کی ٹیم میں شامل ہونے کیلئے اپنی دعویداری پیش کرنے کا موقع رہےگا۔
ہندوستان اور آئرلینڈ کے درمیان اب تک ۵؍ ٹی ۔۲۰؍ میچ ہو چکے ہیں ، جن میں سے سبھی ہندوستان نے جیتے ہیں ۔ جمعہ کو ہونے والے میچ کو جیت کر ٹیم انڈیا آئر لینڈ کے خلاف فتح کا سکسر لگانے کی کوشش کرےگی۔ اس سیریز میں آئی پی ایل میں ڈیبیو کرنے والے رنکو اور جیتیش شرما ٹیم انڈیا کے لئے ٹی۔۲۰؍ ڈیبیو کریں گے جبکہ شیوم دوبے بیٹنگ آل راؤنڈر کے طور پر واپسی کریں گے۔ پرسدھ کرشنا بھی بمراہ کی طرح واپسی کر رہے ہیں ۔ بمراہ اور سنجو سیمسن کو چھوڑ کر، موجودہ ہندوستانی ٹیم کے اراکین ہانگزو میں ہونے والے ایشین گیمز میں گولڈ میڈل کے فیورٹ ہوں گے۔ وہ اس سیریز سے ایشین گیمز کیلئے اپنی تیاریوں کو حتمی شکل دینا چاہیں گے۔
جسپریت بمراہ اس مہینے کے آخر میں ہندوستان میں شروع ہونے والے ون ڈے ورلڈ کپ میں ہندوستان کی حکمت عملی کا ایک لازمی حصہ ہیں ۔ انہیں ۵؍ دنوں کے اندر ۳؍ میچوں میں زیادہ سے زیادہ ۱۲؍ اوور کرنے ہوں گے۔ اس سیریز سے چیف سلیکٹر اجیت آگرکر، ون ڈے کپتان روہت شرما اور ہیڈ کوچ راہل ڈراوڑکو معلوم ہوگا کہ میچ فٹنس کے معاملے میں بمراہ کی کیا حیثیت ہے۔
واضح رہے کہ بی سی سی آئی نے منگل کو بمراہ کی گیندبازی کرتے ہوئےایک ویڈیو شیئر کیا تھا جس میں وہ ہر طرح کی شارٹ گیندیں اور یارکر کر رہے تھے۔ تاہم میچ کی صورتحال بالکل مختلف ہوگی۔ٹیم انتظامیہ گزشتہ سال آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی۔۲۰؍ ورلڈ کپ سے قبل بمراہ کو جلدبازی میں ٹیم میں شامل کرنے کی غلطی نہیں کرےگی۔
جسپریت بمراہ کو اس سال کے شروع میں سری لنکا کے خلاف ہوم سیریز کے لئے منتخب کیا گیا تھا لیکن میچ سے عین قبل انجری کی وجہ سے انہیں دستبردار ہونا پڑا تھا۔ اب بمراہ آئرلینڈ کے خلاف سیریز سے میچ پریکٹس کریں گے اور ایشیا کپ کیلئے ان کی تیاریاں بھی مضبوط ہوں گی۔
ہندوستان: جسپریت بمراہ (کپتان)، رتوراج گائیکواڑ، یشسوی جیسوال، تلک ورما، رنکو سنگھ، سنجو سیمسن، جیتیش شرما، شیوم دوبے، واشنگٹن سندر، شہباز احمد، روی بشنوئی ، پرسدھ کرشنا، ارش دیپ سنگھ، مکیش کمار، اویس خان۔
آئرلینڈ: اینڈریو بالبرنی (کپتان)، ہیری ٹییکٹر، لورکن ٹکر، راس ایڈیئر، مارک ایڈیئر، کرٹس کیمفر، جیرتھ ڈیلانی، جارج ڈوکریل، فیون ہینڈ، جوش لٹل، بیری میک کارتھی، بین وہائٹ، کریگ ینگ اور تھیو وین وورکوم۔