Updated: April 14, 2026, 11:27 AM IST
|
Agency
| Sydney
آسٹریلین اتھلیٹک چمپئن شپ کے دوران گاؤٹ نے ۲۰۰؍ میٹر کی دوڑ صرف ۱۹ء۶۷؍ سیکنڈ میں مکمل کر کے نیا انڈر۲۰؍عالمی ریکارڈ قائم کیا۔
اسپرنٹ رنر گاؤٹ گاؤٹ نئی کامیابیاں حاصل کررہے ہیں-تصویر:آئی این این
آسٹریلیا کے۱۸؍ سالہ نوجوان ایتھلیٹ گاؤٹ گاؤٹ نے اتھلیٹک کی دنیا میں ہلچل مچا دی ہے ۔ سڈنی میں منعقدہ آسٹریلین اتھلیٹک چمپئن شپ کے دوران انہوں نے ۲۰۰؍ میٹر کی دوڑ صرف ۱۹ء۶۷؍ سیکنڈ میں مکمل کر کے نیا انڈر۲۰؍عالمی ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔گاؤٹ گاؤٹ کی یہ کارکردگی اس لیے بھی غیر معمولی ہے کیونکہ اسی عمر(۱۸؍ سال) میں دنیا کے عظیم ترین اسپرنٹر یوسین بولٹ نے۲۰۰؍ میٹر کی دوڑ۱۹ء۹۳؍ سیکنڈ میں مکمل کی تھی۔ گاؤٹ نے نہ صرف بولٹ کو پیچھے چھوڑا بلکہ وہ۲۰؍ سیکنڈ کی رکاوٹ عبور کرنے والے پہلے آسٹریلوی بن گئے ہیں۔ گاؤٹ نے امریکی ایتھلیٹ ایریون نائٹن کا سابقہ انڈر۲۰؍ عالمی ریکارڈ توڑ دیا۔آسٹریلیا کے ہی ایڈن مرفی۱۹ء۸۸؍ سیکنڈز کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے؛ یہ رواں سال کے دو تیز ترین اوقات ہیں۔
یہ ریکارڈ۱ء۷؍ میٹر فی سیکنڈ کی قانونی ہوا (ٹیل وائنڈ) کی موجودگی میں قائم کیا گیاجس کا مطلب ہے کہ یہ ریکارڈ باضابطہ طور پر تسلیم شدہ ہے۔ گاؤٹ۲۹؍ دسمبر۲۰۰۷ء کو پیدا ہوئے۔ ان کا خاندان ۲۰۰۵ء میں جنوبی سوڈان سے ہجرت کر کے آسٹریلیا آیا اور کوئنز لینڈ میں آباد ہوا۔انہوں نے ۱۳؍ سال کی عمر میں اسکول کی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانا شروع کیا اور ان کی کوچ ڈائین شیپرڈ نے ان کے ٹیلنٹ کو نکھارنے میں اہم کردار ادا کیا۔
اپنی شاندار کامیابیوں کے باوجود گاؤٹ کو ان کی عاجزی اور محنت کی وجہ سے سراہا جاتا ہے۔کامیابی کے بعد گاؤٹ گاؤٹ نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا’’میں اسی لمحے کا انتظار کر رہا تھا۔ میرے ذہن میں ۱۹ء۷۵؍سیکنڈ کا ہدف تھا، لیکن۱۹ء۶۷؍ سیکنڈز میں دوڑ مکمل کرنا ناقابلِ یقین ہے ۔ مجھے خوشی ہے کہ میں نے یہ ریکارڈ قانونی حالات میں قائم کیا اور اب میں مزید بڑی کامیابیوں کیلئے تیار ہوں۔‘‘گاؤٹ گاؤٹ کی اس تاریخی دوڑ نے انہیں۲۰۲۶ء کے ورلڈ کپ اور مستقبل کے اولمپکس کیلئے سب سے مضبوط امیدواروں کی فہرست میں شامل کر دیا ہے۔