Inquilab Logo

۲؍میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں سری لنکا نے بنگلہ دیش کو کلین سویپ کیا

Updated: April 04, 2024, 11:20 AM IST | Chattogram

سری لنکا نے بنگلہ دیش سے دوسرا ٹیسٹ ۱۹۲؍رن سے جیت لیا۔ سیریز پر ۰۔ ۲؍ سے قابض۔ کامندو مینڈس پلیئر آف دی میچ رہے۔

The winning team, Sri Lanka, with the trophy. Photo: PTI
فاتح ٹیم سری لنکا، ٹرافی کے ساتھ۔ تصویر: پی ٹی آئی

سری لنکا نے۲؍ ٹیسٹ سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میں بنگلہ دیش کو ۱۹۲؍ رن سے شکست دے دی۔ بدھ کو چنتاگاؤں گراؤنڈ میں بنگلہ دیشی ٹیم میچ کے پانچویں دن سری لنکا کی جانب سے دیئے گئے۵۱۱؍ رن کے ہدف کا تعاقب نہ کر سکی اور۳۱۸؍ رن پر آل آؤٹ ہو گئی۔ سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیاتھا۔ ٹیم نے پہلی اننگز میں ۵۳۱؍ رن بنائے۔ جواب میں بنگلہ دیش کی ٹیم پہلی اننگز میں صرف۱۷۸؍ رن بنا سکی۔ دوسری اننگز میں برتری کے ساتھ سری لنکا نے۷؍ وکٹ پر۱۵۷؍ رن پر اننگز ڈکلیئر کر دی اور بنگلہ دیش کو۵۱۱؍ رن کا ہدف دیا۔ 
بنگلہ دیش کی ٹیم چوتھی اننگز میں ۳۱۸؍ رن پر آل آؤٹ ہوگئی اور میچ ہار گئی۔ اس کے ساتھ سری لنکا نے بنگلہ دیش کے خلاف سیریز میں ۰۔ ۲؍ سے کلین سویپ کیا۔ سری لنکا نے پہلا میچ۳۲۸؍ رن سے جیتا تھا۔ سری لنکا کی جانب سے۲۵؍ سالہ آل راؤنڈر کامندو مینڈس میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ انہوں نے پہلی اننگز میں ناٹ آؤٹ ۹۲؍ رن بنائے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے دوسری اننگز میں ۳؍ وکٹ لئے۔ 
بنگلہ دیش نے دوسری اننگز میں اچھا کھیلا
بنگلہ دیش نے دوسری اننگز میں شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے۳۱۸؍ رن بنائے۔ تاہم ٹیم ہدف کا تعاقب نہ کرسکی۔ اوپنرس کام نہ آئے تاہم مڈل آرڈر مومن الحق۵۰؍ رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے اور شکیب الحسن۳۶؍ رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ مہدی حسن معراج نے۸۱؍ رن کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ 
لاہیرو کمارا نے۴؍وکٹ لئے 
سری لنکا کی جانب سے لاہیرو کمارا نے۴؍ وکٹ حاصل کئے جبکہ کامندو مینڈس نے۳؍ وکٹ لئے۔ پربھات جے سوریا نے۲؍ اور وشوا فرنانڈو نے ایک وکٹ حاصل کیا۔ سری لنکا کی ٹیم دوسری اننگز میں صرف۱۵۷؍ رن بنا سکی۔ اس اسکور پر ٹیم نے ۷؍ وکٹوں کے نقصان پر اننگز ڈکلیئر کر دی۔ واحد نصف سنچری انجیلو میتھیوز نے بنائی جنہوں نے۵۶؍ رن کی اننگز کھیلی۔ بنگلہ دیش کی جانب سے حسن محمود نے۴؍ وکٹ لئے۔ جبکہ خالد احمد نے ۲؍ اور شکیب نے ۱؍ وکٹ لیا۔ 
سری لنکا کے۶؍ بلے بازوں کی نصف سنچری 
سری لنکا کی جانب سے پہلی اننگز میں ۶؍ بلے بازوں نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔ کوئی بھی کھلاڑی سنچری اسکور نہ کر سکا۔ اوپنر نشان مدوشنکا نے۵۷؍ رن، دیموتھ کرونارتنے نے ۸۶؍ رن اور کوسل مینڈس نے ۹۳؍ رن بنائے۔ دنیش چندیمل ۵۹؍ رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے، کپتان دھننجے ڈی سلوا۷۰؍ رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے جبکہ کامندو مینڈس ۹۲؍ رن بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہے۔ بنگلہ دیش کی جانب سے شکیب الحسن نے ۳؍وکٹ لئے جبکہ حسن محمود نے۲؍ اور خالد احمد نے ایک وکٹ لیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK