Inquilab Logo

سری کانت، سندھو کوارٹر فائنل میں، دھرو۔ ارجن باہر

Updated: March 31, 2023, 1:11 PM IST | Madrid

میڈرڈ ماسٹر بیڈمنٹن ٹورنامنٹ میں سری کانت نے ہم وطن سائی پرنیت کو شکست دی جبکہ پی وی سندھو نے انڈونیشیا کی پوتری کوسوما وردانی کو ہرایا

Indian badminton player PV Sindhu made it to the quarter finals with a brilliant performance. (File Photo)
ہندوستانی بیڈمنٹن کھلاڑی پی وی سندھو نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔(فائل فوٹو)

 ٹاپ ہندوستانی شٹلرس پی وی سندھو اور کدامبی سری کانت نے جمعرات کو  میڈرڈ  ماسٹرز کے دوسرے مرحلے میں اپنے اپنے میچ جیت کر سپر ۔۳۰۰؍ایونٹ کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی۔پانچویں سیڈ کدامبی نے ہم وطن سائی پرنیت کو ۳۶؍منٹ تک جاری رہنے والے مردوں کے سنگلز مقابلے میں۱۵۔۲۱،۱۲۔۲۱؍ سے شکست دے کر آخری۔۸؍ میں جگہ بنالی۔ دونوں کھلاڑی ۱۰؍ویں بار ایک دوسرے کے مقابل تھے اور پرنیت کے خلاف کدامبی کی یہ پانچویں جیت تھی۔کدامبی کو کوارٹر فائنل میں ٹاپ سیڈ جاپان کے کینتا نشیموتو سے سخت چیلنج کا سامنا کرنا پڑے گا۔ فرانس کے ارناؤڈ مرکل کے باہر ہونے کے بعد نشیموتو کو دوسرے راؤنڈ میں واک اوور مل گیا۔
 دوسری جانب  پی وی سندھو نے ۳۶؍منٹ تک جاری رہنے والے یکطرفہ پری کوارٹر فائنل میں انڈونیشیا کی پوتری کوسوما وردانی کو۱۴۔۲۱، ۱۶۔۲۱؍ سے شکست دی۔ یہ سندھو کی وردانی کے خلاف ۲؍ میچوں میں پہلی جیت ہے۔ ۲؍ بار کی اولمپک میڈلسٹ سندھو کا مقابلہ کوارٹر فائنل میں ڈنمارک کی میا بلک ویلڈ سے ہوگا۔
 واضح رہے کہ بی ڈبلیو ایف رینکنگ میں ٹاپ ۰؍سے باہر ہونے کے بعد سندھو کا یہ دوسرا مقابلہ تھا۔ انہوں نے ہسپانوی ماسٹرز کے پہلے مرحلے میں سوئزرلینڈ کی جنجیرا اسٹیڈل مین کو شکست دی تھی۔  پی وی سندھو نے ۲۰۲۳ءمیں اسپین ماسٹرز سمیت ۵؍ ٹورنامنٹ کھیلے ہیں، جن میں وہ ٹخنے کی چوٹ سے ٹھیک ہونے کے بعد سے صرف ۲؍ بار ہی ٹاپ ۔۱۶؍تک پہنچنے میں کامیاب ہوئی ہیں۔
 سندھو اور کدامبی کو چھوڑ کر ہندوستان کے تمام شٹلرز کو دوسرے راؤنڈ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ کرن جارج، پریانشو راجاوت اور سمیر ورما مردوں کے سنگلز کے دوسرے راؤنڈ میں ہارنے کے بعد ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے جبکہ دھرو کپیلا اور ارجن ایم آر کو مردوں کے ڈبلز میں پری کوارٹر فائنل میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
 جارج کو ڈنمارک کے میگنس جوہانسن کے ہاتھوں ۳۱؍منٹ میں۱۷۔۲۱،۱۲۔۲۱؍ سے شکست ہوئی، جبکہ پریانشو کو فرانس کے آٹھویں سیڈ ٹوما جونیئر پوپوف سے۱۴۔۲۱،۱۵۔۲۱؍ سے شکست ہوئی۔ سمیر کو دوسری سیڈ جاپان کے کانتا سونیاما سے۱۴۔۲۱،۱۵۔۲۱؍ سے شکست ہوئی۔
 جاپان کے شونٹارو میزاکی اور ہارویا مشیدا نے مردوں کے ڈبلز مقابلے میں ۳۶؍منٹ میں دھرو۔ارجن پر۱۶۔۲۱،۲۰۔۲۲؍سے جیت کے ساتھ ہندوستانی چیلنج کا خاتمہ کیا۔ جاپان کی روئی ہیروکامی اور کیٹو یونا نے سکی ریڈی اور آرتھی سارہ سنیل کو۱۲۔۲۱،۱۳۔۲۱؍سے ہرا کر خواتین کے ڈبلز میں ہندوستان کی مہم کا خاتمہ کیا۔خواتین کے سنگلز میں اشمیتا چلیہہ کو سنگاپور کی ییو جیا من سے ۱۵۔۲۱،۱۵۔۲۱؍سے شکست ہوئی جبکہ مالویکا بنسوڈ نے ٹاپ سیڈ کیرولینا مارین کو واک اوور دیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK