Updated: October 29, 2026, 1:54 PM IST
|
Agency
| Cape Town
مچل اسٹارک نے ۷۲؍ رن دےکر۶؍ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، پہلے وکٹ کیلئے۱۵۸؍ رن کی شراکت کے باوجودجنوبی افریقہ بڑا اِسکوربنانے میں ناکام۔
آسٹریلیائی گیندباز مچل اسٹارک گیند لیتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این
آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے درمیان سیریز کے فیصلہ کن تیسرے ٹیسٹ کے پہلے روز میزبان جنوبی افریقہ نے شاندار آغاز کے باوجود اپنی پہلی اننگز میں۳۲۹؍ رن بنائے۔ آسٹریلیا کے تیز گیندباز مچل اسٹارک نے ۶؍ وکٹیں حاصل کرکے اپنی ٹیم کی زبردست واپسی میں اہم کردار ادا کیا۔
نیو لینڈز میں کھیلے جا رہے میچ میں آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا، تاہم جنوبی افریقی اوپنرز ایڈن مارکرم اور مارکس ایکرمین نے جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے پہلے وکٹ کیلئے۱۵۸؍ رن کی شراکت قائم کی۔
ایکرمین نے ۹۴؍ گیندوں پر۹۵؍ جبکہ مارکرم نے ۷۸؍ رن بنائے۔دونوں افتتاحی بلے باز سنچری مکمل نہ کرسکے، جس کے بعد جنوبی افریقہ کی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی اور ٹیم نے چائے کے وقفے کے آس پاس صرف۲۹؍ رن کے اضافے پر ۵؍ وکٹیں گنوا دیں۔ ڈیوڈ بیڈنگھم نے۵۰؍ رن بنائے، جبکہ مارکو جینسن اور ریان رکلٹن نے بالترتیب۵۲؍ اور۴۲؍ رن کی اننگز کھیلی اور ۷؍ ویں وکٹ کیلئے۹۵؍ رن جوڑے ۔ نئی گیند ملنے کے بعد اسٹارک نے تباہ کن گیندبازی کرتے ہوئے آخری ۴؍ میں سے۳؍ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ انہوں نے۷۲؍ رن دے کر مجموعی طور پر ۶؍ کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ ناتھن لیون نے ۲؍ وکٹ حاصل کئے جبکہ کوپر کونولی نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی پہلی وکٹ حاصل کی۔