Inquilab Logo

یشسوی جیسوال کے نشانے پر گاوسکر کا ۵۲؍سال پرانا ریکارڈ!

Updated: February 23, 2024, 10:22 AM IST | Agency | New Delhi

انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں ہندوستان کے نوجوان بلے باز یشسوی جیسوال نے تہلکہ مچا رکھا ہے۔ اس ۲۲؍سالہ بلے باز نے ہندوستان اورانگلینڈ کے درمیان جاری ٹیسٹ سیریز کے پہلے ۳؍ میچوں میں ۵۴۵؍ رن بنالئے ہیں۔

Yashasvi Jaiswal. Photo: INN
یشسوی جیسوال۔ تصویر : آئی این این

انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں ہندوستان کے نوجوان بلے باز یشسوی جیسوال نے تہلکہ مچا رکھا ہے۔ اس ۲۲؍سالہ بلے باز نے ہندوستان اورانگلینڈ کے درمیان جاری ٹیسٹ سیریز کے پہلے ۳؍ میچوں میں ۵۴۵؍ رن بنالئے ہیں۔ شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرنے والے یشسوی جیسوال اگر سنیل گاوسکر کا ہندوستانی ریکارڈ اور ڈان بریڈمین کا ٹیسٹ سیریز میں سب سے زیادہ رن بنانے کا عالمی ریکارڈ توڑ دیتے ہیں تو اس میں کوئی تعجب کی بات نہیں ہونی چاہیے۔ 
 میزبان ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان ۵؍میچوں کی سیریز کھیلی جا رہی ہے۔ سیریز کے ۳؍ میچ کھیلے جا چکے ہیں اور ۲؍ باقی ہیں۔ چوتھے ٹیسٹ میچ کا آغاز آج جمعہ سے رانچی میں ہو رہا ہے۔ شسوی جیسوال نے اب تک کھیلے گئے ۳؍ میچوں کی ۶؍اننگز میں ۱۰۹؍ کے اوسط سے ۵۴۵؍ رن بنائے ہیں۔ اگر یشسوی جیسوال اگلے ۲؍ میچوں میں اپنا اوسط برقرار رکھتے ہیں تو وہ اگلی ۴؍ اننگز میں مزید ۴۳۶؍رن بنا سکتے ہیں۔ اگر ایسا ہوتا ہے تو سیریز کے اختتام تک وہ ۹۸۱؍ رن بنا چکے ہوں گے۔ ٹیسٹ کرکٹ کی ۱۴۷؍سالہ تاریخ میں کوئی بھی بلے باز ایک سیریز میں ۹۷۵؍رن بھی نہیں بنا سکا ہے۔ ایک سیریز میں سب سے زیادہ رن بنانے کا عالمی ریکارڈ آسٹریلیا کے ڈان بریڈمین کے نام ہے۔ انہوں نے ۱۹۳۰ءمیں انگلینڈ کے خلاف ۵؍میچوں کی سیریز میں ۹۷۴؍ رن بنائے تھے۔ بریڈمین نے اُس سیریز میں ۴؍ سنچریاں اسکور کی تھیں۔ 
ہندوستانی ریکارڈ کی بات کریں تو ایک سیریز میں سب سے زیادہ رن بنانے کا ریکارڈ سنیل گاوسکر کے نام ہیں۔ لٹل ماسٹر سنیل گاوسکر نے اپنے پہلے ویسٹ انڈیز دورے میں ۴؍ میچوں میں ۷۷۴؍ رن بنائے تھے۔ یشسوی جیسوال اس وقت گاوسکر کے ۷۷۴؍ رنوں کے ریکارڈ سے ۲۲۹؍ رن پیچھے ہیں۔ اس کا مطلب ہے کہ انہیں گاوسکر کا ریکارڈ توڑنے کیلئے ۲۳۰؍ رن درکار ہیں جو ان کے موجودہ فارم کو دیکھتے ہوئے زیادہ مشکل نہیں لگتا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK