Inquilab Logo

سنیل گاوسکر اور ماہرین نے ہاردک پانڈیا کی کپتانی پر تنقید کی

Updated: April 16, 2024, 11:23 AM IST | Agency | Mumbai

ٹیم انڈیا کے سابق کپتان نے کہاکہ پانڈیا کی کپتانی اور گیند بازی کی وجہ سے ممبئی انڈینس کی ٹیم کوآئی پی ایل میں چوتھی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

Hardik Pandya. Photo: INN
ہاردک پانڈیا۔ تصویر : آئی این این

سابق ہندوستانی کرکٹر سنیل گاوسکر سمیت ماہرین نے ممبئی انڈینس کے کپتان ہاردک پانڈیا پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کپتانی اور گیند بازی کی وجہ سے ان کی ٹیم کو چوتھی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ 
سابق کرکٹر سنیل گاوسکر نے ہاردک پانڈیا کی کپتانی پر سخت الفاظ میں تنقید کرتے ہوئے کہاکہ ’’ان کی کپتانی اور گیندبازی دونوں معمولی تھی۔ آخری اوور میں انہوں نے مہندر سنگھ دھونی کیلئے ایک کمزور فل ٹاس اور لینتھ گیند پھینکی جس کی وجہ سے گیند پر چھکے لگائے گئے۔ ممبئی آرام سے چنئی کو۱۹۰۔ ۱۸۵ ؍رن تک محدود کر سکتا تھا، لیکن آخری اوور بڑا مہنگا ثابت ہوا۔ ہاردک ایسے وقت میں آخری اوور کرنے آئے جب یارکر کے ماہر آکاش مدھوال کا ایک اوور باقی تھا۔ تاہم، وہ اس میچ میں بھی جدوجہد کر رہے تھے، ۳؍ اوورس میں ۳۷؍ رن دے چکے تھے، اس لئے ہاردک نے خود پر داؤ لگانا مناسب سمجھا۔ ‘‘
 انگلینڈ کے سابق کرکٹر کیون پیٹرسن نے بھی ہاردک کی کپتانی اور طرز عمل پر سوال اٹھاتے ہوئے کہاکہ’’ ان کے پاس پلان بی کی کمی تھی یا انہوں نے اس پر عمل نہیں کیا۔ جب تیز گیند باز مسلسل۲۰۔ ۲۰؍ رن دے رہے تھے تو انہیں اسپنرس لا کر گیند کی رفتار کم کرنی چاہیے تھی لیکن انہوں نے ایسا نہیں کیا۔ ‘‘ ہاردک نے کہاکہ ’’ہم نے اس وقت اپنے بہترین منصوبے کو نافذ کیا تھا۔ آپ ابھی کہہ سکتے ہیں کہ میں اسپنرس کیوں نہیں لایا لیکن اس وکٹ پر تیز گیندباز دوبے روکنے کیلئے زیادہ موزوں ہوتے نہ کہ اسپنرس۔ انہوں نے کہاکہ ’’ہمیں اپنے منصوبوں پر خبردار رہنا ہوگا اور ہم جانتے ہیں کہ ہم ایسا کر سکتے ہیں۔ 
 میچ کے بعد پریس کانفرنس میں ممبئی کے بیٹنگ کوچ کیرون پولارڈ نے بھی اپنے کپتان کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹ میں آپ کیلئے اچھے اور برے دن آتے رہتے ہیں۔ کرکٹ ایک ٹیم گیم ہے اور کسی ایک شخص سے سوال کرنا منطقی نہیں ہے۔ میں ان سب سے تنگ آ چکا ہوں۔ وہ شخص اگلے ۶؍ ہفتوں میں اپنے ملک کیلئے کھیلنے جا رہا ہے۔ یہ شخص ہندوستان کے عظیم آل راؤنڈرس میں سے ایک ہے۔ وہ بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ سب کچھ کرتا ہے۔ وہ ایکس فیکٹر ہے اور میں جانتا ہوں کہ جب وہ اگلے چند میچوں میں واپس آئیں گے تو ہر کوئی ان کی دوبارہ تعریف کرے گا۔ واضح ہے کہ چنئی سپر کنگز سے ممبئی انڈینس کی۲۰؍ رن کی بڑی شکست کے بعد ماہرین نے ہاردک پانڈیا کی کپتانی پر سوال اٹھائے ہیں۔ ۶؍ میچوں میں ممبئی کی یہ چوتھی شکست ہے۔ اس میچ کے دوران ہاردک نے چنئی کی اننگز کا آخری اوور کیا اور۲۶؍ رن دیئے۔ 
چنئی نے ۲۰؍ رن سے میچ جیت لیا
کپتان رتوراج گائیکواڑ (۶۹؍رن)، شیوم دوبے (۶۶؍رن) کی ناٹ آؤٹ اور مہندر سنگھ دھونی کی آخری اوور میں ۴؍ گیندوں پر ۶؍ رن (۲۰؍رن) کی اننگز اور اس کے بعد متھیشا پاتھیرانا نے۱۴؍ رن پر ۴؍ وکٹ کی بدولت اتوار کو انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کے۲۹؍ویں میچ میں چنئی سپر کنگز نے ممبئی انڈینس کو۲۰؍ رن سے شکست دے دی۔ روہت شرما کی۱۰۵؍ رن کی ناٹ آؤٹ سنچری پر مہندر سنگھ دھونی کی ۴؍ گیندوں پر۲۰؍ رن کی اننگز بھاری پڑگئی۔ یہ۲۰؍ رن ممبئی کی شکست کی وجہ بن گئے۔ ممبئی انڈینس نے۲۰۷؍ رن کے ہدف کے تعاقب میں اچھی شروعات کی۔ روہت شرما اور ایشان کشن کی اوپننگ جوڑی نے پہلے وکٹ کیلئے ۷۰؍ رن جوڑے۔ پتھیرانا نے ۸؍ویں اوور میں ایشان کشن کو شاردُل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کروا کر ممبئی کو پہلا جھٹکا دیا۔ ایشان کشن نے۱۵؍ گیندوں پر۳؍ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ۲۳؍رن بنائے۔ اس کے بعد سوریہ کمار یادو کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین لوٹ گئے۔ تلک ورما نے۲۰؍ گیندوں پر ۳۱؍ رن کی اننگز کھیلی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK