کپتان ایشان کشن (۹۱؍رن) کی طوفانی اننگز کی بعد پرفل ہنگے اور ثاقب حسین (چارچار وکٹ) کی تاریخی کارکردگی کی بدولت سن رائزرس حیدرآباد نے راجستھان رائلز کے خلاف ۵۷؍ رنز سے کامیابی حاصل کی۔
EPAPER
Updated: April 14, 2026, 2:02 PM IST | Hyderabad
کپتان ایشان کشن (۹۱؍رن) کی طوفانی اننگز کی بعد پرفل ہنگے اور ثاقب حسین (چارچار وکٹ) کی تاریخی کارکردگی کی بدولت سن رائزرس حیدرآباد نے راجستھان رائلز کے خلاف ۵۷؍ رنز سے کامیابی حاصل کی۔
کپتان ایشان کشن (۹۱؍رن) کی طوفانی اننگز کی بعد پرفل ہنگے اور ثاقب حسین (چارچار وکٹ) کی تاریخی کارکردگی کی بدولت سن رائزرس حیدرآباد نے راجستھان رائلز کے خلاف ۵۷؍ رنز سے کامیابی حاصل کی۔ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) ۲۰۲۶ء سیزن میں آر آر کی پہلی شکست ہے۔
۲۱۷؍رن کے بڑے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے، راجستھان رائلز کا آغاز انتہائی خراب رہا اور آئی پی ایل میں آغاز کرنے والے تیز گیند باز پرفل ہنگے نے اپنے پہلے ہی اوور میں ۳؍ وکٹ حاصل کرکے آرآر کو زبردست جھٹکا دیا۔ ویبھو سوریہ ونشی، دھرو جورل، اور لوان ڈری پریٹوریس کو کھاتہ کھولنے کا بھی موقع نہیں ملا۔ اگلے ہی اوور میں ثاقب حسین نے یشسوی جیسوال (ایک) کو اپنا شکار بنالیا۔ اپنا دوسرا اوور کرنے آئے ہینگے نے کپتان ریان پراگ (۴) کو ابھیشیک کے ہاتھوں کیچ کروایا۔ ایک موقع پر، آر آر نے نو رنز پر پانچ وکٹ گنوا دیے تھے۔ ایسی نازک صورتحال میں رویندرا جڈیجہ اور ڈونووین فریرا نے نہ صرف اننگ کو سنبھالابلکہ تیزی سے رنز بھی بنائے۔ دونوں بلے بازوں نے چھٹی وکٹ کے لیے ۷۲؍ گیندوں میں۱۱۸؍ رنز جوڑے۔ ثاقب حسین نے۱۵؍ویں اوور میں فریرا کو آؤٹ کر کے اس شراکت کا خاتمہ کیا۔ فریرا نے ۴۴؍ گیندوں میں سات چوکے اور تین چھکے لگا کر ۶۹؍رنز بنائے۔
اگلے ہی اوور میں سلیل اروڑہ نے رویندر جڈیجا کو آؤٹ کر دیا۔ رویندر جڈیجا نے ۳۲؍ گیندوں پر۵؍ چوکے لگا کر ۴۵؍ رنز بنائے۔ ۱۷؍ویں اوور میں ثاقب حسین نے جوفرا آرچر (۲؍رن) کو آؤٹ کیا۔ ایشان ملنگا نے ۱۹؍ویں اوور کی آخری گیند پر تشار دیشپانڈے (۲۵؍رن) کو آؤٹ کر کے آرآرکی اننگز ۱۵۹؍رن پر سمیٹ کر میچ۵۷؍ رنز سے جیت لیا۔ یہ سن رائزرس حیدرآباد کی ٹورنامنٹ میں دوسری جیت تھی۔ ثاقب نے ۱۹؍ویں اوور کی آخری گیند پر روی بشنوئی (صفر) کو بھی آؤٹ کر کے میچ کی اپنی چوتھی وکٹ حاصل کی۔ ایشان ملنگا کو دو وکٹ ملا۔ سن رائزرز حیدرآباد کی جانب سے پرفل ہنگے نے ۳۴؍ رن پر ۴؍ وکٹ حاصل کئے جبکہ ثاقب حسین نے۲۴؍ رن پر چار وکٹ جھٹکے۔
سن رائزرس حیدرآباد کے تیز گیند باز پرفل ہنگے نے پیر کو آئی پی ایل آغاز میں راجستھان رائلز کے خلاف اپنے پہلے ہی اوور میں دو رن کے عوض تین وکٹ لے کر تاریخ رقم کردی۔ وہ آئی پی ایل میں یہ کارنامہ انجام دینے والے پہلے گیندباز بن گئے۔ پرفل ہنگے نے اپنے آئی پی ایل کیریئر کے پہلے ہی اوور میں تین وکٹیں لے کر تاریخ رقم کی۔ اس کے بعد انہوں نے اپنے دوسرے اوور میں ریان پراگ کو آؤٹ کر کے اپنی چوتھی وکٹ حاصل کی۔
May the 𝐅𝐎𝐔𝐑ce be with you guys 🧡🔥 pic.twitter.com/AD7FN6By48
— SunRisers Hyderabad (@SunRisers) April 14, 2026
پرفل ہنگے تاریخ میں پہلے ایسے گیندباز ہیں، جنہوں نے آئی پی ایل میچ کی کسی اننگز کے پہلے ہی اوور میں ۳؍ وکٹ جھٹکے ہیں۔ وہ اننگ کے پہلے اوور میں دو رنز کے عوض تین وکٹیں لینے والے پہلے بولر ہیں۔ آئی پی ایل کی تاریخ میں ۳۲؍ رن بار ایسا ہوا ہے جب کسی گیند باز نے اننگ کے پہلے اوور میں دو وکٹیں حاصل کی ہوں، لیکن ہنگے کی اس شاندار باؤلنگ سے پہلے کوئی بھی گیند باز تین وکٹیں لینے کا یہ کارنامہ انجام نہیں دے سکا تھا۔ سن رائزرس حیدرآباد کے لیے، یہ ایک جانی پہچانی یاد بھی تازہ کرتا ہے۔ اس سے پہلے، اننگ کے آغاز میں اسی طرح کا نقصان صرف بھونیشور کمار نے پہنچایا تھا۔ انہوں نے ۲۰۲۴ء میں، اسی میدان پر اور اسی مخالف ٹیم کے خلاف کھیلتے ہوئے، اننگز کے پہلے ہی اوور میں دو وکٹ لیے تھے۔ اس میچ میں انہوں نے جوس بٹلر اور سنجو سیمسن کو آؤٹ کیا تھا۔
یہ بھی پڑھئے:میسی سے ملنے کا خواب سچ ہوا،فلم ’’۵۲ بلیو‘‘ کے پوسٹر پر لیونل میسی کے دستخط
اس سے قبل آج یہاں کپتان ایشان کشن (۹۱؍رن) اور ہینرک کلاسن (۴۰؍رن) کی شاندار اننگز کی بدولت سن رائزرس حیدرآباد نے راجستھان رائلز (آرآر) کے خلاف ۶؍ وکٹوں پر۲۱۶؍ رنز بنائے۔ راجستھان رائلز نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ بلے بازی کرنے اتری سن رائزرس حیدرآباد کو پہلے ہی اوور میں جوفرا آرچر نے ابھیشیک کو بغیر کھاتہ کھولے ہی پویلین بھیج دیا۔ اس کے بعد ایشان کشن نے ٹریوس ہیڈ کے ساتھ دوسری وکٹ کے لیے ۵۴؍ رنز جوڑے۔ ساتویں اوور میں ریان پراگ نے ٹریوس ہیڈ (۱۸؍رن ) کو آؤٹ کرکے حیدرآباد کو دوسرا جھٹکا دیا۔ ہینرک کلاسن نے ایشان کشن کے ساتھ مل کر اننگز کو سنبھالا اور اسکور کو۱۴۳؍رن تک لے گئے۔اس دوران سندیپ شرما نے ۱۴؍ویں اوور میں ایک بڑی وکٹ حاصل کی اور سنچری کے قریب پہنچنے والے ایشان کشن کو اپنی ہی گیند پر آؤٹ کر دیا۔ ایشان کشن نے ۴۴؍ گیندوں پر۹۱؍ رنز کی اننگز میں ۸؍ چوکے اور چھ چھکے لگائے۔
یہ بھی پڑھئے:واشنگٹن میں اہم سفارتی پیش رفت، اسرائیل اور لبنان مذاکرات شروع
تشار دیشپانڈے نے ۱۶؍ویں اوور میں ہینرک کلاسن کو آؤٹ کر کے سن رائزرز حیدرآباد کا رن ریٹ سست کر دیا۔ کلاسن نے ۲۶؍ گیندوں میں ایک چوکا اور تین چھکے لگا کر۴۰؍ رنز بنائے۔ نتیش کمار ریڈی نے ۱۳؍ گیندوں میں چار چھکے لگا کر ۲۸؍ رنز بنائے۔ انہیں ۱۹؍ویں اوور میں آرچر نے آؤٹ کیا۔ انیکیت ورما (چھ) رن آؤٹ ہوئے۔ سن رائزرس حیدرآباد نے مقررہ ۲۰؍ اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر ۲۱۶؍ رن کا بڑا اسکور کھڑا کیا۔ سلیل اروڑا نے ۱۳؍ گیندوں پر ناٹ آؤٹ ۲۴؍رن بنائے۔ راجستھان رائلز کی جانب سے جوفرا آرچر نے دو وکٹ لیے۔ سندیپ شرما، تشار دیشپانڈے اور ریان پراگ نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔