Inquilab Logo

سریش رائنا اورپیوش چاؤلہ کی محمد سمیع کے فارم ہاؤس پر مشق

Updated: July 21, 2020, 10:48 AM IST | Agency | New Delhi

رائنا کے ساتھ مراد آباد کے رہائشی کرکٹر پیوش چاؤلہ امروہہ میں محمد سمیع کے گھر پہنچے اور نیٹ پریکٹس کی

Mohammed Sami Farmhouse
ویڈیو سے لی گئی دو تصویر وںمیں کھلاڑیوں کو مشق کرتے ہوئے دیکھا جاسکتاہے

ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کرکٹ کھلاڑی سریش رائنا ،مراد آباد سے تعلق رکھنے والے پیوش چاؤلہ اور سرکردہ تیز گیند باز محمد سمیع کے چھوٹے بھائی اور۲۳؍برس سے کم عمر کھلاڑیوں کی ہندوستانی ٹیم کے رکن محمد کیف نے امروہہ میں محمد سمیع کے فارم ہاؤس پر پریکٹس شروع کی ۔
 ہندوستانی بین الاقوامی کرکٹر سریش رائنا کے ساتھ مراد آباد کے رہائشی کرکٹر پیوش چاؤلہ جمعہ کی شام امروہہ میں محمد سمیع کے گھر پہنچے۔ انہوں نے سنیچر کو سمیع کے ساتھ اپنے فارم ہاؤس میں پریکٹس بھی کی۔سریش رائنا کے ضلع میں پہنچنے کےساتھ دیگر کھلاڑیوں کی موجودگی کے متعلق مقامی لوگوں کو پتہ نہیں چل سکا تھا۔ کورونا وائرس کی وجہ سے ہندوستان میں کرکٹ کی سرگرمیاں مارچ ہی سے موقوف تھیں جبکہ ان لاک  کے بعد اب کچھ کرکٹرس نے ہلکی پھلکی ورزش اور تربیت شروع کر دی تھی ۔
 اطلاعات کے مطابق سریش رائنا جمعہ کی شام  امروہہ میں محمد سمیع کے گھر پہنچے۔ انہوں نے سنیچرکو سمیع کے ساتھ اپنے فارم ہاؤس میں پریکٹس کی۔ اس عرصے کے دوران مراد آباد سے تعلق رکھنے والے کرکٹر پیوش چاؤلہ اور انڈر۲۳؍ کا حصہ اور سمیع کے بھائی محمد کیف بھی ان کے ہمراہ تھے۔
  رات میں سوشل میڈیا پر سمیع ، رائنا اور چاؤلہ کے ویڈیوز شیئر ہونے کے بعد یہ اطلاع ملی۔ محمد سمیع کے قریبی لوگوں کا کہنا ہے کہ سریش رائنا اپنے ذاتی دورے پر محمد سمیع سے ملنے یہاں پہنچ گئے ہیں۔ اس دوران انہوں نے مل کر پریکٹس بھی کی۔ میڈیا سمیت عام لوگوں کو اس سے دور رکھا گیا۔ دوسری طرف جب دیر شام لوگوں کو اس بارے میں معلوم ہوا تو ہر کوئی سریش رائنا اور محمد سمیع کی ایک جھلک دیکھنے کے لئے بے تابی میں دکھائی دیا۔
 واضح رہے کہ اس سے قبل سریش رائنا نے غازی آباد میں ٹیم انڈیا کے نوجوان وکٹ کیپر بلے باز رشبھ پنت کے ساتھ پریکٹس کی تھی۔ سریش رائنا نے پنت کے ساتھ پریکٹس کے کچھ ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر شیئر کئے۔ اس وقت سب سے زیادہ متاثرہ کووڈ۱۹؍ ممالک میں ہندوستان تیسرے نمبر پر ہے اور ہر گزرتے دن کے ساتھ معاملات میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ آئی پی ایل ۲۰۲۰ءکو غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کردیا گیا ہے  تاہم ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی )ہندوستان میں کرکٹ دوبارہ شروع کرنا چاہتا ہے لیکن کورونا کی وجہ سے ابھی اس وقت حالات سازگار نہیں ہو رہے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK