Inquilab Logo

سوریہ کمار یادو آئی سی سی ٹی۔۲۰؍ درجہ بندی میں پہلے نمبر پر برقرار

Updated: April 14, 2023, 2:13 PM IST | Dubai

بلے بازوں کی ٹی۔۲۰؍رینکنگ میں پاکستان کے محمد رضوان دوسری جبکہ بابر اعظم تیسری پوزیشن پر موجود ہیں

Suryakumar Yadav
سوریہ کمار یادو

بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین ٹی۔۲۰؍درجہ بندی میں خراب فارم سے گزر رہے ہندوستان کے بلے باز سوریہ کمار یادو۹۰۶؍ پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر برقرار ہیں۔دریں اثنا درجہ بندی میں پاکستانی بلے باز محمد رضوان ۸۱۱؍ پوائنٹس کے ساتھ دوسرے جبکہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم ۷۵۵؍پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔
 گزشتہ روز جاری ہونے والی درجہ بندی سے قبل خیال کیا جا رہا تھا کہ سوریہ کمار یادو اپنا پہلا مقام شاید گنوا دیں کیوںکہ گزشتہ چند میچوں میں ان کی کارکردگی ناقص رہی ہے اور ان کے بلے سے رن نہیں نکل رہے تھے۔ایسے میں امید تھی کہ شاید محمد رضوان پہلا مقام ان سے چھین لیں لیکن سوریہ کمار کے ۹۰۶؍پوائنٹس ہونے کی وجہ سے وہ محمد رضوان سے بہت آگے ہیں۔یاد رہے کہ بابر اور رضوان کو بنگلہ دیش کے خلاف سیریز سے باہر رکھا گیا تھا۔محمد رضوان اور بابر اعظم کے پاس سوریہ کمار یادو کو پہلے مقام سے بے دخل کرنے کا موقع رہے گا کیوں کہ پاکستانی ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی۔۲۰؍ سیریز اپنے گھر پر کھیلنے والی ہے۔
بلے بازوں کی درجہ بندی میں جنوبی افریقہ کے ایڈن مارکرم چوتھے جبکہ نیوزی لینڈ کے ڈیون کانوے پانچویں نمبر پر ہیں۔
 ٹی۔۲۰؍رینکنگ میں گیندبازی کی بات کی جائے ت افغانستان کے اسٹار گیندباز راشد خان پہلے پروزیشن پر قبضہ جمائے ہوئے ہیں۔ دوسرے مقام پر افغانستان کے ہی گیندباز فضل حق اور آسٹریلیائی گیندباز جوش ہیزل ووڈ  تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔اس فہرست میں سری لنکا کے اسپن گیندباز وانیندو ہسارنگا کو ۲؍مقام کا نقصان ہوا ہے اور وہ چوتھے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔سری لنکا کے ہی گیندباز مہیش تھکشانا  پانچویں نمبر پر ہیں۔ آل راؤنڈروں کی فہرست میں بنگلہ دیش کے شکیب الحسن کا پہلا نمبر برقرار ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK