پہلی بار آئی سی سی ٹورنامنٹ امریکہ میں ہونے جا رہا ہے اور امریکی ٹیم بھی پہلی بار ورلڈ کپ میں اترے گی،۱۵؍ ٹیمیں جگہ پکی کرچکی ہیں
EPAPER
Updated: July 30, 2023, 9:50 AM IST | New Delhi
پہلی بار آئی سی سی ٹورنامنٹ امریکہ میں ہونے جا رہا ہے اور امریکی ٹیم بھی پہلی بار ورلڈ کپ میں اترے گی،۱۵؍ ٹیمیں جگہ پکی کرچکی ہیں
یکروزہ عالمی کپ قریب ہے۔ اس کے میچ ہندوستان میں۵؍ اکتوبر سے کھیلے جائیں گے۔ ادھر ٹی۲۰؍ ورلڈ کپ کے حوالے سے اہم خبر سامنے آئی ہے۔ آئی سی سی ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ اگلے سال ویسٹ انڈیز اور امریکہ میں ہونے والا ہے اس کے میچ ۴؍ سے۳۰؍جون تک کھیلے جائیں گے۔ اس میں پہلی بار۲۰؍ ٹیموں کو موقع ملے گا۔ ورلڈ کپ میں اب تک۱۵؍ ٹیمیں اپنی جگہ یقینی کر چکی ہیں۔ پہلی بار آئی سی سی ٹورنامنٹ امریکہ میں ہونے جا رہا ہے اور امریکی ٹیم پہلی بار ورلڈ کپ میں بھی اترے گی۔
کرک انفو کی خبر کے مطابق یہ میچ ویسٹ انڈیز اور امریکہ کے۱۰؍ مقامات پر ہونے والے ہیں۔ امریکہ کی بات کریں تو فلوریڈا، موریس ویل، ڈیلاس اور نیویارک کو ٹورنامنٹ کے لیے شارٹ لسٹ کیا گیا ہے۔ آئی سی سی کی ٹیم جلد یہاں کا دورہ کرنے والی ہے۔ کئی رپورٹس میں ایسا دعویٰ بھی کیاگیا کہ امریکہ میں انفراسٹرکچر ابھی تیار نہیں ہے۔ ایسی صورت حال میں ورلڈ کپ انگلینڈ منتقل کیا جا سکتا ہے۔ٹورنامنٹ کی بات کریں تو۲۰؍ ٹیموں کو۵؍ ٹیموں کے ۴؍ گروپ میں تقسیم کیا جائے گا۔ گروپ راؤنڈ کے بعد چاروں گروپوں کی سر فہرست۲؍ٹیمیں سپر ۸؍ میں جائیں گی۔ سپر۸؍ میں بھی ۴-۴؍ ٹیموں کے۲؍ گروپ بنائے جائیں گے۔ہر گروپ کی ٹاپ۲؍ ٹیمیں سیمی فائنل میں جائیں گی۔ دیکھنا یہ ہے کہ ہندوستان اور پاکستان کو ایک ہی گروپ میں رکھا جاتا ہے یا نہیں۔ آئی سی سی۲۰۲۴ء سے۲۰۳۱ء کے درمیان۸؍ عالمی ایونٹس کا انعقاد کرے گا۔ ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ اس سلسلے کا پہلا میگا ایونٹ ہوگا۔ میزبان ویسٹ انڈیز اور امریکہ کے علاوہ انگلینڈ، آسٹریلیا، ہندوستان، ہالینڈ، نیوزی لینڈ، پاکستان، جنوبی افریقہ، سری لنکا، افغانستان، بنگلہ دیش، آئرلینڈ، اسکاٹ لینڈ اور پاپوا نیو گنی اب تک کوالیفائی کر چکے ہیں۔امریکہ کے کوالیفائرز ستمبر اکتوبر میں کھیلے جائیں گے۔ یہاں سے۲؍ ٹیموں کو ٹکٹ ملے گا۔ دوسری جانب اکتوبر نومبر میں ہونے والے ایشیا کوالیفائرز میں سے۲؍ٹیمیں جبکہ نومبر دسمبر میں ہونے والے افریقہ کوالیفائرز میں سے ایک ٹیم کا ورلڈ کپ کھیلنے کا خواب پورا ہوگا۔