آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو سنجوگ گپتا نے بنگلہ دیش بورڈ اور اسکاٹ لینڈ بورڈ دونوں کو خط لکھ کر فیصلے سے آگاہ کردیا ۔
EPAPER
Updated: January 25, 2026, 11:49 AM IST | Dubai
آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو سنجوگ گپتا نے بنگلہ دیش بورڈ اور اسکاٹ لینڈ بورڈ دونوں کو خط لکھ کر فیصلے سے آگاہ کردیا ۔
اسکاٹ لینڈ اگلے ماہ ۷؍ فروری سے ہندوستان اور سری لنکا کی میزبانی میں ہونے والے ٹی ۲۰؍ عالمی کپ میں بنگلہ دیش کی جگہ حصہ لے گا۔ ’’ کرک بز‘‘ کی رپورٹ کے مطابق بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے سنیچر کو یہ سخت فیصلہ کرلیا۔ آئی سی سی نے چند روز قبل بنگلہ دیش کی جانب سے ہندوستان میں ٹی ٹوینٹی عالمی کپ کے میچ نہ کھیلنے کا اعلان کرنے کے بعد بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کو ۲۴؍ گھنٹے کی مہلت دی تھی۔ آئی سی سی کے اس اعلان کے بعد اسکاٹ لینڈ اب ٹورنامنٹ کے ابتدائی مرحلے میں گروپ سی میں شامل ہوگا اور کولکاتا میں ویسٹ انڈیز (۷؍ فروری)، اٹلی (۹؍ فروری) اور انگلینڈ (۱۴؍ فروری) کے خلاف مقابلے کھیلے گا۔ اس کے بعد اسکاٹ لینڈ کی ٹیم ممبئی جائے گی جہاں ۱۷؍ فروری کو نیپال سے اس کا مقابلہ ہو گا۔
یہ بھی پڑھئے: جیت کا سلسلہ برقرار رکھنے کے لئے انڈر ۱۹؍ ٹیم انڈیا میدان پر اترے گی
آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو سنجوگ گپتا نے بنگلہ دیش بورڈ کو باضابطہ خط لکھ کر آگاہ کیا کہ بنگلہ دیش کے مطالبات آئی سی سی کی پالیسی کے مطابق نہیں تھے۔ بورڈ کے تمام اراکین کو ارسال کئے گئے اس خط میں انہوں نے واضح کیا کہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) آئی سی سی کے فیصلے پر عمل نہیں کر رہا تھا، اور اس بڑے ایونٹ کے لئے بنگلہ دیش کی جگہ کسی دوسرے ملک، اس معاملے میں اسکاٹ لینڈ کو مدعو کرنے کے علاوہ کوئی اور راستہ باقی نہیں بچا تھا۔ اس خط کی ایک نقل بی سی بی کے صدر امین الاسلام کو بھی بھیجی گئی ہے، جو آئی سی سی بورڈ کے رکن ہیں۔ سنجوگ گپتا نے کرکٹ اسکاٹ لینڈ کو بھی خط لکھ کر اس چمپئن شپ میں شرکت کیلئے باضابطہ دعوت دی۔ اسکاٹ لینڈ موجودہ رینکنگ میں ۱۴؍ویں نمبر پر ہے، اور اسی بنیاد پر اسے ورلڈ کپ میں جگہ دی گئی ہے۔