پہلے دن پاکستان۔ نیدرلینڈس، ویسٹ انڈیز۔ اسکاٹ لینڈ اور ہندوستان۔ امریکہ کے میچ ہوں گے، افتتاحی تقریب ممبئی میں ہندوستان کے میچ سے قبل ہو گی۔
EPAPER
Updated: February 07, 2026, 12:02 PM IST | Chennai
پہلے دن پاکستان۔ نیدرلینڈس، ویسٹ انڈیز۔ اسکاٹ لینڈ اور ہندوستان۔ امریکہ کے میچ ہوں گے، افتتاحی تقریب ممبئی میں ہندوستان کے میچ سے قبل ہو گی۔
آئی سی سی ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ ۲۰۲۶ء سنیچر کی شام ممبئی کے تاریخی وانکھیڈے اسٹیڈیم میں ایک پرجوش افتتاحی تقریب کے ساتھ شروع ہوگا۔ یہ تقریب میزبان ہندوستان اور امریکہ کے درمیان ہونے والے افتتاحی میچ سے قبل ٹورنامنٹ کا جوش و خروش بڑھانے کے لیے منعقد کی جا رہی ہے۔ شام ۶؍ بجے شروع ہونے والی اس تقریب میں پورے اسٹیڈیم کو ایک اسٹیج میں تبدیل کر دیا جائے گا، جہاں لائیو میوزک اور بڑے پیمانے پر کوریوگرافی کے مظاہرے ہوں گے۔ اس کے بعد ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ کی ٹرافی کی نمائش کی جائے گی۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق شو کا آغاز رشبھ شرما اور شیومنی کی شاندار موسیقی سے ہوگا، جس کے بعد ایک `جیٹ پیک پرفارمر ٹرافی لے کر اسٹیڈیم میں داخل ہوگا، یہ لمحہ شائقین کو مسحور کرنے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ ٹورنامنٹ کی ٹرافی کا استقبال آئی سی سی چیئرمین جے شاہ اور سابق ہندوستانی کپتان روہت شرما کریں گے جنہوں نے۲۰۲۴ء میں ہندوستان کو عالمی چمپئن بنایا تھا۔ وہ ٹورنامنٹ میں شرکت کرنے والے تمام ۲۰؍ ممالک کی نمائندگی کرنے والے ۲۰؍ بچوں کے ساتھ باقاعدہ طور پر ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ کے آغاز کا اعلان کریں گے۔
ٹرافی کی آمد کے بعد مشہور پاپ گلوکار بادشاہ اپنی لائیو پرفارمنس سے شائقین کو لطف اندوز کریں گے، جبکہ نورا فتحی رقاصوں کے ایک بڑے گروپ کے ساتھ اپنے فن کا مظاہرہ کریں گی۔ تقریب کا اختتام دونوں فنکاروں کے گرینڈ فنالے کے ساتھ ہوگا۔ اس تقریب کو ٹی ۲۰؍ کرکٹ کی رفتار اور توانائی کی عکاسی کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے، جہاں گراؤنڈ کو ایک آڈیو ویژول کینوس کے طور پر استعمال کیا جائے گا۔ شو کا اختتام آتش بازی کے شاندار مظاہرے کے ساتھ ہوگا، جس کے فوراً بعد شام ۷؍ بجے ہندوستان بمقابلہ امریکہ میچ شروع ہوگا۔ صرف میچ کی ٹکٹ رکھنے والے شائقین ہی افتتاحی تقریب دیکھ سکیں گے۔ ساتھ ہی شائقین کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ وقت سے پہلے اسٹیڈیم پہنچ جائیں۔
واضح رہے کہ افتتاحی تقریب تو شام میں ہوگی لیکن ورلڈ کپ کے مقابلے شروع ہو جائیں گے۔ پہلا مقابلہ پاکستان اور نیدر لینڈس کے درمیان ہو گاجو صبح ۱۱؍ بجے شروع ہو گا جبکہ دوسرا مقابلہ ویسٹ انڈیز اور اسکاٹ لینڈ کے درمیان ہوگاجو ۳؍ بجے شروع ہو گا۔ اس کے بعد ہندوستان اور امریکہ کا مقابلہ ہو گا جو ۷؍ بجے شروع ہو گا۔