ہندوستانی ایتھلیٹ ورلڈ چمپئن شپ میں ملک کی نمائندگی کریںگی۔
EPAPER
Updated: July 25, 2026, 3:47 PM IST | Kolkata
ہندوستانی ایتھلیٹ ورلڈ چمپئن شپ میں ملک کی نمائندگی کریںگی۔
ایشیائی انڈر۔۲۰؍ ایتھلیٹک چمپئن شپ میں تاریخ رقم کرنے والی مغربی بنگال کی نوجوان ایتھلیٹ طہورہ خاتون نے کہا ہے کہ ان کا اگلا ہدف امریکہ کی ریاست اوریگن میں ہونے والی ورلڈ انڈر۔۲۰؍ ایتھلیٹک چمپئن شپ کا خطاب جیتنا ہے جبکہ ان کی سب سے بڑی خواہش اولمپک میں طلائی تمغہ حاصل کرنا ہے۔اپنے کریئر کے اب تک کے سب سے بڑے ٹورنامنٹ کیلئے امریکہ روانہ ہونے سے قبل اسپورٹس اتھارٹی آف انڈیا (سائی) سے گفتگو کرتے ہوئے طہورہ نے کہا’ ’میرا اصل خواب اولمپک میں طلائی تمغہ جیتنا ہے۔ فی الحال میری پوری توجہ امریکہ میں منعقد ہونےوالی ورلڈ انڈر۔ ۲۰؍ایتھلیٹک چمپئن شپ پر مرکوز ہے۔ میں مکسڈ ۴×۴۰۰ ؍میٹر ریلے میں حصہ لوں گی، جہاں تمغہ جیتنے کیلئے پوری ٹیم کی مشترکہ کوشش ضروری ہوگی۔ میں اپنی جانب سے بھرپور محنت کروں گی اور ملک کا نام روشن کرنے کیلئے اپنی بہترین کارکردگی پیش کرنے کی کوشش کروں گی۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: لیونل میسی جلد بین الاقوامی فٹبال کو خیرباد کہہ سکتے ہیں، الوداعی میچ کی تیاری
طہورہ، جو سائی کے مشرقی مرکز میں چیف کوچ سنجے گھوش اور اسسٹنٹ کوچ جسپال سنگھ پنو کی نگرانی میں تربیت حاصل کر رہی ہیں گزشتہ ماہ ایشیائی انڈر۔۲۰؍ایتھلیٹک چمپئن شپ میں خواتین کی ۴×۴۰۰ ؍میٹر ریلے میں طلائی تمغہ جیت کر تاریخ رقم کر چکی ہیں۔ اسی کامیابی کی بدولت انہوں نے ورلڈ انڈر۔۲۰؍چمپئن شپ کے لئے بھی کوالیفائی کیا۔
انہوں نے مزید کہا’’ایشیائی انڈر۔۲۰؍ چمپئن شپ میں کامیابی کے بعد میری زندگی میں بہت تبدیلی آئی ہے اور مجھ سے توقعات بھی بڑھ گئی ہیں۔ خوشی کی بات یہ ہے کہ میں اس وقت بہترین فارم میں ہوں۔ حال ہی میں ریاستی مقابلوں میں طلائی تمغہ جیتنے کے ساتھ ایک نیا میٹ ریکارڈ بھی قائم کیا ہے۔ میری کوشش ہوگی کہ یہی فارم ورلڈ انڈر۔۲۰؍چمپئن شپ میں بھی برقرار رکھوں۔‘‘