Updated: July 25, 2026, 3:23 PM IST
| Mumbai
بالی ووڈ اداکار اور رقاص راگھو جویال کا ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا ہے، جس میں وہ NEET کے مبینہ پرچہ لیک کے خلاف جاری طلبہ احتجاج سے متعلق سوال پوچھنے والے صحافی سے کہتے ہیں کہ ایسے سوال ان سے نہیں بلکہ حکومت اور ذمہ دار حکام سے کیے جانے چاہییں۔ ان کے اس ردعمل پر سوشل میڈیا پر ملا جلا ردعمل سامنے آیا ہے۔
راگھو جویال۔ تصویر: پی ٹی آئی۔
NEET کے مبینہ پرچہ لیک کے خلاف جاری احتجاج کے دوران بالی ووڈ اداکار راگھو جویال کا ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہا ہے۔ ایک پروموشنل تقریب کے دوران جب ایک صحافی نے ان سے طلبہ احتجاج پر رائے پوچھی تو راگھو نے سوال کا براہِ راست جواب دینے کے بجائے صحافی سے کہا کہ اگر اتنی ہی جرات ہے تو یہی سوال حکومت اور ان لوگوں سے بھی پوچھئے جو اس معاملے پر فیصلے کرنے کی پوزیشن میں ہیں۔ وائرل ویڈیو میں راگھو جویال کا کہنا تھا کہ فلمی شخصیات سے بار بار سیاسی یا عوامی معاملات پر رائے لینے کے بجائے اصل ذمہ داروں سے جواب طلب کیا جانا چاہیے۔ ان کے مطابق میڈیا کو ان لوگوں سے بھی اسی شدت کے ساتھ سوال کرنے چاہئیں جن کے ہاتھ میں فیصلے کرنے کا اختیار ہے۔
ان کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر مختلف آرا سامنے آئیں۔ بعض صارفین نے راگھو جویال کے مؤقف کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے صحافی کو مناسب جواب دیا اور اصل جوابدہی کی طرف توجہ دلائی۔ دوسری جانب کچھ صارفین کا کہنا تھا کہ عوامی شخصیات بھی اہم سماجی معاملات پر اپنی واضح رائے دینے کی ذمہ داری رکھتی ہیں، اس لیے سوال سے گریز مناسب نہیں تھا۔ یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب NEET کے مبینہ پرچہ لیک کے خلاف احتجاج ملک کے مختلف حصوں میں جاری ہے۔ احتجاجی طلبہ امتحانی نظام میں شفافیت، اصلاحات اور مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفے کا مطالبہ کر رہے ہیں، جبکہ حکومت اور احتجاجی نمائندوں کے درمیان مذاکرات کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
یہ بھی پڑھئے: سونم! اِٹس ڈن برو: سلمان کی اپیل پر میمز کی بھرمار، سوشل میڈیا پر دلچسپ ردِعمل
گزشتہ چند دنوں میں کئی فلمی شخصیات اس معاملے پر مختلف انداز میں اظہارِ خیال کر چکی ہیں۔ بعض نے کھل کر طلبہ کی حمایت کی، کچھ نے صرف پرامن حل کی اپیل کی، جبکہ چند شخصیات نے اس موضوع پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا۔ راگھو جویال کا تازہ ردعمل بھی اسی سلسلے کی ایک نئی کڑی بن گیا ہے، جس پر سوشل میڈیا پر بحث جاری ہے۔